Tuesday, November 12, 2024
Homeحدیث شریفشب برات کی فضیلت

شب برات کی فضیلت

شب برات کی فضیلت یہی موضوع ہے آج کے مضمون کا اس مضمون میں آپ پڑھیں گے شعبان کے پانچ 5حروف کے معنیٰ ماہ شعبان کی فضیلت شب برات کی فضیلت اور فاتحہ خوانی کے فوائد و آتشبازی کے نقصانات آپ خود پڑھیں اور اپنے دوست و احباب کو شئیر کریں اور شب برات کی رات ہم لوگوں کے لیے بھی دعائیں کریں  ۔

شب برات کی فضیلت

خدائے بزرگ و برتر نے شب برات کو بڑی فضیلت و بزرگی عطا کی ہے ۔اللہ تعالی شب برات میں بے پایاں رحمتیں ‘ برکتیں نازل فرماتا ہے حضور اکرم نور مجسم سید عالم شافع امم ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ خدائے تبارک و تعالی اس رات میں آسمان دنیا کی طرف نزول اجلال فرماتا ہے ۔تو قبیلۂ بنو کلب کی بکریوں کے بالوں سے بھی زیادہ لوگوں کی بخشش فرما دیتا ہے۔شعبان ایک ایسا مہینہ ہے جو رحمت ، بخشش ، نجات ، رہائ کا مژدۂ عام لے کر ہماری نگاہوں کا سرمۂ بصیرت بن کر جگمگاتا ہے۔ایسے تو ہر سال وماہ،ہفتہ، دن،گھنٹہ ومنٹ اور ہر لمحہ وساعت خدائے وحدۂ لاشریک کی بنائ ہوئ ہے ۔

مگر کچھ ماہ ،دن ،گھڑیاں اور لمحے ایسے ہیں جو اپنی یادوں خصوصیتوں کے سبب اور دنوں سے ممتاز و افضل اور دوسری ساعتوں اور گھڑیوں سے مبارک وبہتر ہوتے ہیں ۔ جیسے رمضان المبارک کا مہینہ، شب قدر،عاشورہ کا دن، شعبان معظم کا مہینہ، شب برات ،عرفہ کا دن، دسویں ذی الحجہ کی شب،محبوب رب العالمین ﷺ کی ولادت باسعادت کی شب، معراج النبی ﷺ کی مقدس رات ،عیدین کی راتیں یہ وہ گھڑیاں ،دن و ماہ ہیں جو ہم گنہگاروں کو اللہ تعالی نے عطا فرما کر ہم کو اپنی خاص رحمتوں، عنایتوں،مہربانیوں سے نوازا ہے ۔

اس لئے تاکہ ہم ان مبارک اوقات اور لمحات میں اللہ تعالی کی بارگاہ میں اپنے گناہوں کی معافی طلب کریں۔جن میں ہماری توبہ قبول ہوں مرادیں مانگیں تو مرادیں پوری ہوجائیں عبادت وبندگی ذکر،تلاوت، درود شریف کی کثرت سے اپنے خالق ومالک کو راضی کر لیں اور اپنے گناہ معاف کروالیں۔رب کی رحمت و بخشش کے مستحق ہو جائیں اور لمحوں کی قدر ومنزلت پہچانیں ۔

اسی لئے ان لمحوں اور مبارک دنوں اور گھڑیوں کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے اللہ رب العزت اپنے محبوب دانائے خفا وغیوب حضور نبئ اکرم ﷺ کو خطاب کرتے ہوئے ارشاد فرمایا ۔

وذکرھم بایٰم اللّه۔ترجمہ ۔اے محبوب ﷺ آپ مسلمانوں کو خاص دنوں کی یاد دلائیں ۔

شعبان کے پانچ 5حروف کی بہاریں

سید الاولیا،قطب ربانی،محبوب سبحانی،شہباز لامکانی،غوث الثکلین،حضرت شیخ عبدالقادر جیلانی حسنی حسینی بغدادی رضی اللہ تعالی عنہ شعبان کے پانچ 5حروف ش،ع،ب،ا،ن کے متعلق نقل فرماتے ہیں ش سے مراد شرف یعنی بزرگی ۔ ع =سے مراد علو یعنی بلندی ب=مراد بر یعنی احسان وبھلائ ا= سے مراد الفت اور ن= سے مراد نور ہے ۔

تو یہ تمام چیزیں اللہ تعالی اپنے بندوں کو اس مہینے میں عطا فرماتا ہے۔یہ وہ مہینہ ہے جس میں نیکیوں کے دروازے کھول دیے جاتے ہیں ۔برکتوں کا نزول ہوتا ہے خطائیں مٹا دی جاتی ہیں اور گناہوں کا کفارہ ادا کیا جاتا ہے حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم پر درود پاک کی کثرت کی جاتی ہے اور یہ نبئ مختار ﷺ پر درود بھیجنے کا مہینہ ہے(غنیۃ الطالبین )۔

حضور نبئ پاک ﷺ ارشاد فرماتے ہیں کہ شعبان رجب اور رمضان المبارک کے مابین ہے اکثر لوگ اس سے غافل ہیں اللہ تعالی کی بارگاہ میں بندوں کے اعمال اس مہینے میں پیش کئے جاتے ہیں “میں چاہتا ہوں کہ میرے اعمال اس حال میں پیش کئے جائیں کہ میں روزے کی حالت میں رہوں ۔ایضاً

شب برات بخشش کی رات

حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنھا فرماتی ہیں کہ ایک رات میں نے رسول اللہ ﷺ کو گم پایا تلاش بسیار کے بعد آپ جنت البقیع میں پائے گئے ۔ تو آپ نے فرمایا کیا تمہیں یہ خوف تھا کہ اللہ اور اس کے رسول تجھ پر زیاتی کریں گے ۔

میں نے عرض کیا حضور میں نے خیال کیا کہ شاید آپ بعض ازاج مطہرات کے پاس چلے گئے ہیں ۔آپ نے ارشاد فرمایا “بے شک اللہ تعالی شعبان کی پندرھویں شب کو آسمان دنیا پر نزول فرماتا ہے اور بنی کلب کی بکریوں کے بالوں کی تعداد سےبزیادہ گناہگاروں کو بخشتا ہے (مشکوٰۃ)۔

بخشش سے محروم لوگ

شب برات بے حد اہم رات ہے کسی صورت بھی اسے غفلت میں نا گزارا جائے۔ اس رات خصوصیت کے ساتھ رحمتوں کی جھما جھم برسات ہوتی ہے اس مبارک شب میں اللہ تعالی بنی کلب کی بکریوں کے بالوں سے بھی زیادہ لوگوں جھنم سے آزاد فرماتا ہے ۔کتابوں میں لکھا ہے کہ قبیلۂ بنی کلب قبائل عرب میں سب سے زیادہ بکریاں پالتا تھا۔آہ! کچھ کم نصیب ایسے بھی ہیں جن پر اس شب براءت یعنی چھٹکارا پانے کی رات بھی نہ بخشے جانے کی وعید ہے ۔

حضرت سیدنا امام بیہقی شافعی علیہ الرحمہ فضائل الاوقات میں نقل فرماتے ہیں کہ رسول اکرم نور مجسم ﷺ کا فرمان عبرت نشان ہے ۔ چھ آدمیوں کی اس رات بھی بخشش نہیں ہوگی۔(1)شراب کاعادی(2)ماں باپ کا نافرمان(3) زنا کا عادی(4) قطع تعلق کرنے والا(5)  تصویر بنانے والا(6) چغلخور۔(فضائل الاوقات ج1۔ص۔130)۔

اسی طرح جادوگر، سود خور،تکبر کے ساتھ پائجامہ یا تہبند ٹخنوں کے نیچے لٹکانے والا اور کسی مسلمان سے بغض وکینہ رکھنے والے پر بھی اس رات مغفرت کی سعادت سے محرومی کی وعید ہے۔

چنانچہ تمام کے تمام مسلمانوں کو چاہئے کہ متذکرہ گناہوں میں سے اگر معاذ اللہ کسی گناہ میں ملوث ہوں تو وہ بالخصوص اس گناہ سے اور بالعموم ہر گناہ سے شب برات آنے سے قبل بلکہ آج ابھی سچی توبہ کر لیں اور اگر بندوں کی حق تلفیاں کی ہیں تو توبہ کے ساتھ ساتھ ان کی معافی تلافی کی ترکیب فرمالیں۔

حضرت علی رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ اللہ تعالی شعبان کی پندرھویں رات آسمان دنیا پر نزول فرماتا ہے اور مشرک،کینہ خُو ، رشتہ داری توڑنے والے اور زانی عورت کے سوا سب مسلمان کو بخشتا ہے ۔

حصول شفاعت کی رات

مفسر قرآن امام احمد صاوی علیہ الرحمہ فرماتے ہیں کہ بےشک اللہ تعالی نے اس رات اپنے رسول مقبول صلی اللہ علیہ وسلم کو پوری امت کی شفاعت عنایت فرمائ ۔اور وہ اس طرح کہ حضور پاک صاحب لولاك ﷺ نے شعبان کی تیرہویں 13رات میں اپنی امت کی شفاعت مانگی تو آپ کو اپنی امت کے ایک تہائی حصہ کی شفاعت عطا کی گئی پھر آپ نے چودہویں 14 کی رات شفاعت کا سوال کیا تو آپ کو اپنی امت کے دو تہائی حصوں کی شفاعت عطا فرمائ گئی۔

پھر آپ نے پندرھویں 15 رات میں سوال کیا تو آپ کو ساری امت کی شفاعت عنایت کی گئی ۔مگر اس شخص کے حق میں آپ کو شفاعت نہ دی گئی جو مست اونٹ کی طرح اللہ تعالی سے مست ہو جائے ۔(تفسیر صاوی ج4 ص51)۔

امام غزالی رحمتہ اللہ علیہ فرماتے ہیں کہ شب برأت کی بیداری سال بھر کے گناہ مٹاتی ہے اور شب جمعہ کی بیداری ہفتہ بھر کے گناہ مٹاتی ہے اور لیلةالقدر کی بیداری عمر بھر کے گناہ مٹاتی ہے، ۔کیونکہ حدیث پاک میں آیا ہے کہ جو شخص عید کی دو2 راتوں اور شعبان کی پندرھویں 15رات میں قیام کرےگا اس کا دل اس دن نہ مرے گا جس دن لوگوں کے دل مردہ ہوں گے ۔(مکاشفةالقلوب )۔

بخشش ومغفرت کی رات شب برات ۔    مکمل تحریر پڑھیں  اورنیک اعمال کرکے  اپنے  گناہوں کو معاف کرائیں نیز اپنے ایمان کو تازہ کریں۔

حضرت ابو امامہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ حضور پُر نور ﷺ نے فرمایا کہ پانچ5 راتوں میں دعاء رد نہیں کی جاتی ہے ۔۱۔رجب کی پہلی رات۔۲شعبان کی پندرھویں رات ۔۳جمعہ کی رات۔۴عید الفطر کی رات۔۵عید بقر کی رات۔(جامع الصغیر علامہ سیوطی)۔

پندرہ شعبان کا روزہ۔

حضرت علی رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ حضور شفیع المذنبین ﷺ فرماتے ہیں کہ جب شعبان کی پندرھویں رات آئے تو اس میں نوافل پژھو اور دن میں روزہ رکھو۔(ابن ماجہ)۔

فائدے کی بات۔ شب برات میں اعمال نامے تبدیل ہوتے ہیں لھذا ممکن ہو تو چودہ 14شعبان المعظم کو بھی روزہ رکھیں تاکہ اعمال نامے کے آخری دن بھی روزہ ہو ۔ تمام نمازیں باجماعت با لخصوص عصر ومغرب کی نماز جماعت سے پڑھیں تاکہ اعمال نامے تبدیل ہونے کے آخری لمحات میں مسجد کی حاضری، روزہ، اعتکاف وغیرہ کے ثواب لکھ دیا جائے ۔بلکہ زہے نصیب ساری رات عبادت و ریاضت تسبیحات، تہلیات اور اوراد و وظائف میں گزاری جائے۔

فاتحہ خوانی

خزانۂ الروایات اور کنز العباد میں حضرت ابن عباس رضی اللہ عنھما سے مروی ہے کہ جب عید یا جمعہ یا عاشورہ کا دن یا شب برأت ہوتی ہے تو اموات المسلمین کی روحیں اپنے گھر کے دروازے پر آ کھڑی ہوتی ہیں اور کہتی ہیں ۔ کوئ ہے جو ہمیں یاد کرے ۔ کوئ ہے جو ہم پر ترس کھائے ۔ کوئ ہے جو ہماری غربت دور کرے۔ اس لئے مرحومین کے نام فاتحہ خوانی کا انتظام ضرور کرنا چاہیے ۔

آتش بازی حرام ہے

افسوس صد افسوس  ! آتش بازی کا ناپاک رسم اب مسلمانوں میں زور پکڑتی جارہی ہے اس سے مال نقصان کے علاوہ کبھی کبھی جانی نقصان کی نوبت تک آ جاتی ہے۔آتشبازی کے تعلق سے حکیم الامت علامہ مفتی یار احمد خاں نعیمی علیہ الرحمہ فرماتے ہیں کہ آتشبازی کے سامان بنانا،بیچنا،خریدنا،خریدوانا،جلانا،جلاوانا سب کے سب حرام ہے ۔

آتشبازی کے لئے بچوں کو پیسے دینا بھی حرام ہے ۔نابالغ بچوں کو ان کے والدین یا سرپرست اس موقع پر آتشبازی کے لئے پیسے دیتے ہیں ۔ان کو سمجھنا چاہیے کہ قیامت کے دن انھیں کی گردن پکڑی جائےگی ۔کسقدر افسوس کا مقام ہے ہم ایسے مبارک مہینے اور اس میں ایک ایسی معزز ومقدس شب کی عظمتوں کا پامال کرتے ہوئے لھو ولعب اور آتشبازی میں مصروف رہ کر وقت ضائع کرتے ہیں جبکہ آتشبازی شاہ نمرودکا عملِ مردود اور اس کی ایجاد ہے۔

بعض نادان مسلمان اس مقدس رات کا احترام کرنا تو دور کی بات بلکہ جو مسلمان بیمار،بوڑھے، بچے گھروں میں محو آرام یا خشوع و خضوع کے ساتھ رب تعالی کی بارگاہ میں حاضر ہوکر عبادت میں مشغول ہوتے ہیں ۔انھیں آتشبازی کے ذریعے تکلیف پہنچاتے ہیں اور ان کی عبادت میں خلل کا سبب بنتے ہیں ۔اسی لئے ہمیں ایسی بابرکت مہینہ و متبرک ساعت و لمحات میں آتشبازی ہرگز ہرگز نہیں کرنی چاہیے بلکہ عبادت و ریاضت، توبہ، استغفار،تلاوت قرآن مجید کرکے پروردگار عالم جل جلالہ کی رضا مندی حاصل کرنے کی کوشش کرنی چاہیے ۔

شب برات کی فضیلت ویکیپیڈیا میں پڑھیں

خاتم المحدثین شیخ عبد الحق محدث دھلوی قدس سرہ فرماتے ہیں کہ آتشبازی یہ بدعت سئیہ میں سے ہے جو ہندوستان کے اکثر شہروں میں لوگوں نے رواج دے رکھا ہےکہ۔وہ اپنے گھروں کی دیواروں پر شب برأت میں چراغ جلاتے ہیں اور فخر کے ساتھ آتشبازی چھوڑتے ہیں اس کتب صحیحہ معتبرہ میں کوئی اصل نہیں بلکہ غیر معتبر کتابوں میں بھی اس کا ذکر تک نہیں اور نہ کوئ ضعیف یا موضوع روایت اس بارے میں مروی ہے اور نہ ہندوستان کے شہروں کے علاوہ دیارِ عرب یاحرمین شریفین میں یہ رائج ہے۔

شب برات کی نماز نوافل

معمولات اولیاء کرام رحمھم اللہ تعالی سے ہے کہ مغرب کے فرض وسنت وغیرہ کے بعد چھ6رکعت نفل دو دو2 رکعت کرکے ادا کئے جائیں ۔

پہلی دو رکعتوں سے پہلے یہ نیت کیجئے۔ یا اللہ عزوجل ان دورکعتوں کی برکت سے مجھے درازئ عمر بالخیر عطا فرما۔دوسری دورکعتوں میں یہ نیت کیجئے۔ یا اللہ عزوجل ان دورکعتوں کی برکت سے بلاؤں سے میری حفاظت فرما ۔تیسری دورکعتوں میں یہ نیت کیجئے ۔یا اللہ عزوجل ان دورکعتوں کی برکت سے مجھے اپنے سوا کسی محتاج نہ کر ۔

ان چھ6 رکعتوں میں جو چاہیے وہ سورتیں پڑھ سکتے ہیں ۔بہتر ہے کہ ہر رکعت میں سورۂ فاتحہ کے بعد تین3 تین 3 بار سورہ اخلاص قل ھو اللہ احد۔پڑھ لیجئے ۔ہر دو رکعت کے بعد اکیس21بار قل ھو اللہ احد پوری سورت یا ایک بار سورۂ یٰسین شریف پڑھ لیں ہو سکے تو دونوں ہی پڑھ لیجئے۔ یہ بھی ہوسکتا ہے کوئ ایک آدمی بلند آواز سے سورۂ یٰسین شریف پڑھیں اور دوسرے خاموشی سے خوب کان لگا کر سنیں۔ سورۂ یٰسین شریف کے بعد دعائے نصف شعبان بھی پڑھ لیں

مسئلہ۔ خوب یاد رکھیں کہ جب قرآن مجید بلند آواز سے پڑھا جائے تو جو لوگ سننے کے لئے حاضر ہیں ان پر فرض عین ہے چپ چاپ خوب کان لگا کر سنیں۔

شب برأت کی نوافل نمازیں دوسرے مضمون میں پڑھیں ۔

خدائے وحدۂ لاشریک کی بارگاہ میں دعا گو ہوں کہ شب برأت کی برکتوں سے ہم سب مسلمانوں مالا مال فرمائے اور عمل صالح کی توفیق عطا فرمائے ۔آمین ثم آمین بجاہ النبی الکریم ﷺ۔

حضرت مولانا صدر عالم قادری مصباحی ۔

امام روشن مسجد میسور بنگلور

رابطہ  09108254080

مولانا صدر عالم مصباحی کے دیگر مضمامین کا مطالعہ کرنا نہ بھولیں 

انسانی  شرافت کے ماتھے پر بدنما داغ اپریل فول 

معراج مصطفیٰ ﷺ اور فضیلت بشریت کی آخری مہر

اسلام کی صدا بہار صادقت کا روشن چہرہ حضرت خواجہ غریب نواز رحمۃ اللہ علیہ

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

afkareraza
afkarerazahttp://afkareraza.com/
جہاں میں پیغام امام احمد رضا عام کرنا ہے
RELATED ARTICLES

1 COMMENT

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here

Most Popular

Recent Comments

قاری نور محمد رضوی سابو ڈانگی ضلع کشن گنج بہار on تاج الشریعہ ارباب علم و دانش کی نظر میں
محمد صلاح الدین خان مصباحی on احسن الکلام فی اصلاح العوام
حافظ محمد سلیم جمالی on فضائل نماز
محمد اشتیاق القادری on قرآن مجید کے عددی معجزے
ابو ضیا غلام رسول مہر سعدی کٹیہاری on فقہی اختلاف کے حدود و آداب
Md Faizan Reza Khan on صداے دل
SYED IQBAL AHMAD HASNI BARKATI on حضرت امام حسین کا بچپن