والدین کے ساتھ حسن سلوک کا صلہ اور ان کی نافرمانی کا انجام احادیث کی روشنی میں(قسط: ۱) از قلم : (علامہ )سید نور اللہ شاہ بخاری
والدین کے ساتھ حسن سلوک کا صلہ اور ان کی نافرمانی کا انجام
والدین رشتے میں ہمارے ماں باپ ہوتے ہیں ۔ رشتوں کو اگر دیکھا جائے تو رشتے دو طرح کے بنتے ہیں، ایک روحانی دوسرے جسمانی ۔
روحانی رشتہ جس کو ہم ایمانی رشتہ بھی کہتے ہیں یہ ایک محبتوں کا کنکشن ہوتاہے۔ جس کو اللہ تبارک وتعالیٰ نے دوام بخشا ہے جو قیامت کے دن بھی باقی رہے گا جس کی شہادت اللہ کا کلام دیتاہے۔ :﴿اَلْاَخِلَّآءُ یَوْمَئِذٍ بَعْضُھُمْ لِبَعْضٍ عَدُوٌّ اِلَّا الْمُتَّقِیْنَ﴾(سورۃ:۴۳،آیت:۶۷)۔
گہرے دوست اس دن ایک دوسرے کے دشمن ہوں گے، مگر پرہیزگار۔(کنزالایمان)۔
یعنی جس دن ساری دوستیاں، محبتیں اور رشتہ داریاں ختم ہوجائیں گی اس دن بھی یہ کنکشن اور محبتوں کا جڑاؤ باقی رہنے والا ہے اور کام آنے والا بھی۔ جن عظیم ہستیوں کے ساتھ ہمارا یہ روحانی رشتہ اور محبتوں کا کنکشن ہے وہ انبیاے کرام، صحابۂ کرام، اہل بیت اطہار اور صالحین و اولیا ئے کرام رضوان اللہ تعالیٰ علیھم اجمعین کی جماعت ہے۔
اِن سبھی محبتوں،عشق کے کنکشنوں کا محور و مرکز ہمارے آقا و مولیٰ حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی ذاتِ اعلیٰ صفات ہے۔ ہمارے سبھی روحانی رشتے ہمارے آقا و مولیٰ نبی کریم ﷺ کی وجہ سے ہیں۔ اگر کوئی وہاں سے کٹ گیا تو جہان سے ہی کٹ گیااورساتھ ہی ساتھ ہمارے یہاں سےبھی کٹ گیا۔ اس لیے کہ ان رشتوں کی اصل اور جڑ ذاتِ مصطفیٰ علیہ التحیۃ و الثنا ہے ۔
جیسے کسی درخت کی شاخیں ، پتے ،پھول اور پھل اس لیے ہرے بھرے ہوتے ہیں کہ ان کا کنکشن درخت کی جڑ کے ساتھ بناہوا ہوتاہے، جس وقت ان کا وہ کنکشن جڑ سے کٹ جاتاہے تو وہ سوکھ جاتے ہیں۔
بالکل اسی طرح محبوب رب العالمین سید المرسلین ﷺ اصل کائنات ہیں جب جس وقت بھی اگر کسی کا کنکشن آپ ﷺ کی ذات سے کٹ جاتاہے ، تو وہ ہر طرح اور ہر سمت سے کٹ جاتاہےپھر اس کا کنکشن شیطان کے ساتھ تو ہوسکتاہے مگر ایک مومن کے ساتھ نہیں ہوسکتاچاہے وہ پیر ہو یا کوئی فقیر، جو ہمارے نبی کریم ﷺ کا نہیں وہ ہمارابھی نہیں۔
کیونکہ بات ہورہی ہے رشتۂ روحانی کی جس کو ہم رشتۂ ایمانی بھی کہتے ہیں، اور ایمان کی اصل محبت مصطفیٰ ﷺ ہے۔ جب کوئی ذات مصطفیٰ ﷺ سے کٹا تو اب وہ مؤمن ہی نہیں رہا، جب مؤمن نہیں ہے تو سبھی ایمانی و روحانی رشتے بھی از خود ختم ہوجاتے ہیں۔
اب آتے ہیں جسمانی رشتہ کی جانب : جسمانی رشتے کے محور والدین ہوتے ہیں۔ چچا اس لیے چچا ہے کہ وہ ہمارے والد کا بھائی ہے، پھوپھی اس لیے پھوپھی ہے کہ وہ ہمارے والد کی بہن ہے
اسی طرح مامو اس لیے مامو ہے کہ وہ ہماری والدہ کا بھائی ہے، خالہ اس لیے خالہ ہے کہ وہ ہماری ماں کی بہن ہے ، اسی طریقہ سے ساری رشتہ داریاں بنتی ہیں جن کا سبب صرف ہمارے والدین کریمین ہوتے ہیں۔
اس لیے اگر کوئی ہمارے والدین سے کٹ جاتاہے تو وہ ہم سے بھی کٹ جانا چاہیے، ورنہ ہم خود والدین سے کٹ جائیں گے، اور جو اصل سے کٹ جاتاہے ، وہ کہیں کا نہیں رہتا۔
اس لیے اللہ رب العزت نے ہمیں اپنے والدین سے اچھا سلوک کرکے ان کے ساتھ جُڑے رہنے کی تاکید فرمائی ہے۔ اللہ تبارک وتعالیٰ والدین کے ساتھ حسن سلوک اور ان کی عظمت و اہمیت کو اپنی لاریب کتاب میں اس طرح اُجاگر فرماتاہے۔ ارشاداتِ باری تعالیٰ: ﴿ لَا تَعْبُدُوْنَ اِلَّا اللہَ وَ بِالْوَالِدَیْنِ اِحْسَانًا ﴾(سورۃالبقر:۸۳)۔
ترجمہ: ’کہ اللہ کے سوا کسی کو نہ پوجواور ماں باپ کے ساتھ بھلائی کرو‘۔ (کنزالایمان) ﴿ وَاعْبُدُوا اللہَ وَلَا تُشْرِکُوْا بِہٖ شَیْئًا وَّبِا لْوَالِدَیْنِ اِحْسَانًا ﴾(سورۃ النساء:۳۶)۔
ترجمہ: ’اور اللہ کی بندگی کرو اور اس کا شریک کسی کو نہ ٹھہراؤ اور ماں باپ سے بھلائی کرو‘۔ (کنزالایمان)
۔ ﴿وَقَضیٰ رَبُّکَ اَلَّا تَعْبُدُوْا اِلَّا اِیَّاہُ وَ بِالْوَالِدَیْنِ اِحْسَانًا﴾ (سورۃلاسراء:۲۳) ترجمہ: ’اور تمہارے رب نے حکم فرمایا کہ اس کے سوا کسی کو نہ پوجو اور ماں باپ کے ساتھ اچھا سلوک کرو‘۔ (کنزالایمان)
مندرجہ بالا آیاتِ بیّنات میں اللہ رب العزت نے اپنی عبادات کے بعد جس اہم امر کا سب سے پہلے حکم صادر فرمایاہے وہ ماں باپ کے ساتھ حسنِ سلوک اور ان کی خدمت کرناہے۔کتبِ احادیث والدین کے ساتھ حُسنِ سلوک،ان کی خدمت اور ان کا ادب و احترام کرنے کی فضیلت، اور ان کی نافرمانی کی وعیدوں سےبھری پڑی ہیں، ان میں سے چند احادیث کریمہ ھدیۂ قارئین ہیں۔
والدین کے ساتھ حسن سلوک کی فضیلت اور اس کا اجر
۔۱:حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے فرماتے ہیں کہ میں نے نبی کریم ﷺ سے عرض کیا: کون سا عمل اللہ تعالیٰ کو زیادہ پسند ہے؟ فرمایا: ” اَلصَّلوٰۃُ عَلٰی وَقْتِھَا “ وقت پر نماز ادا کرنا۔ میں نے عرض کیا: اس کے بعد کون سا؟ فرمایا:”ثُمَّ بِرُّ الْوَالِدَیْنِ“ والدین کے ساتھ حسنِ سلوک کرنا۔
عرض کیا: پھر کون سا ؟ فرمایا:” اَلْجِھَادُ فِیْ سَبِیْلِ اللہِ “ اللہ کی راہ میں جہاد کرنا۔ (حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ) فرماتے ہیں مجھے یہ بتایا اور اگر مزید عرض کرتا تو اور بتاتے۔(الجامع الصحیح للبخاری، ج:۲، کتاب الادب،ص۸۸۲،م قدیمی کتب خانہ کراچی)
۔۲:حضرت عبدا للہ بن عمرو رضی اللہ تعالیٰ عنہما سے روایت ہے فرماتے ہیں: ایک شخص نبی کریم ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوا اور عرض کیا: میں ہجرت اور جہاد پر آپ سے بیعت کرتاہوں اور اللہ تعالیٰ سے اس کے اجر کا طالب ہوں، (آقاکریم ﷺنے) دریافت فرمایا: ’کیا تمہارے والدین میں سے کوئی ایک زندہ ہے؟۔
اس نے عرض کیا: جی ہاں! دونوں زندہ ہیں، آپ ﷺ نے فرمایا: ’کیا تو اللہ تعالیٰ سے اجر کا طلب گار ہے؟‘ اس نے عرض کیا :جی ہاں!آپ (ﷺ) نے فرمایا: ”فَارْجِعْ اِلٰی وَالِدَیْکَ فَاَحْسِنْ صُحْبَتَھُمَا“ اپنے ماں باپ کی خدمت میں جاؤ اور ان سے اچھا سلوک کرو۔(الصحیح لمسلم،ج:۶،کتاب البر و الصلۃ ص:۴۱۱، رقم:۲۶۳۱، م دار التاصید، بیروت)
۔۳:حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہما سے روایت ہے کہ اللہ کے رسول ﷺ نے فرمایا: ’تین آدمی جارہے تھے کہ انہیں بارش نے آلیا، چنانچہ وہ ایک پہاڑ کے غار میں چھُپ گئے، پہاڑ کے اوپری حصے سے ایک بہت بڑا پتھر غار کے مُنہ پر آ گرا اور وہ (لوگ غار کے اندر) بند ہوگئے۔
چناں چہ وہ ایک دوسرے سے کہنے لگے کہ کوئی ایسا نیک عمل دیکھو جو تم نے محض اللہ کے لیے کیا ہواور اس کے وسیلے سے دعا کرو، شاید کہ اللہ ہمیں کشادگی عطا فرمائے، ان میں سے ایک نے کہا:” اَللّٰھُمَّ اِنَّہٗ کَانَ لِی وَالِدَانِ شَیْخاَنِ کَبِیرَانِ ، وَلِی صِبْیَۃٌ صِغَارٌ، کُنْتُ اَرْعٰی عَلَیھِمْ، فَاِذَا رُحْتُ عَلَیْھِمْ فَحَلَبْتُ بَدَأتُ بِوَالِدَیَّ اَسْقِیْھِمَا قَبْلَ وَلَدِی، وَاِنَّہٗ نَأَی بِیَ الشَّجَرُ یَوْمًا،فَمَا اَتَیْتُ حَتّٰی اَمْسَیْتُ فَوَجَدْتُھُمَاقَدْ نَامَا “۔
اے اللہ! میرے انتہائی عمر رسیدہ اور بوڑھے والدین تھے نیزمیرے بچے چھوٹے چھوٹے تھے، میں اُن کے لیے بکریاں چرایا کرتا تھا، جب میں شام کو واپس آتا تو ان کے لیے بکریوں کا دودھ نکالتا اور بچوں سے پہلے والدین کو پلاتا تھا، ایک دن جنگل میں دور نکل گیااورشام ہوگئی، جب واپس لوٹا تو وہ دونوں سوچکے تھے۔
۔ ”فَحَلَبْتُ کَمَا کُنْتُ اَحْلَبُ، فَجِئْتُ بِالْحِلَابِ فَقُمْتُ عِنْدَ رُؤُوسِھِمَا اَکْرَہُ اَنْ اُوقِظَھُمَامِنْ نَوْمِھِمَا، وَ اَکْرَہُ اَنْ اَبْدَاَ بِالصِبْیَۃِ قَبْلَھُمَا، “میں ہمیشہ کی طرح دودھ لیکر آیا اور ان دونوں کے سرہانے کھڑا ہوگیا، میں نے انہیں نیند سے جگانا پسند نہ کیا اور مجھے ان سے پہلے اپنے بچوں کو دودھ پلانا بھی اچھا نہ لگتاتھا ”وَ الصِّبْیَۃُ یَتَضَاغَوْنَ عِنْدَ قَدَمَیَّ، فَلَمْ یَزَلْ ذَالِکَ دَأْبِی وَدَأْبَھُمْ حَتّٰی طَلَعَ الْفَجْرُ“ ۔
اور بچے میرے پیروں میں رات بھر روتے رہےحتٰی کہ صبح ہونے تک میں اور وہ اسی حال میں رہے ”فَاِنْ کُنْتَ تَعْلَمُ اَنِّیْ فَعَلْتُ ذَالِکَ ابْتِغَاءَ وَجْھِکَ فَافْرُجْ لَنَا فُرْجَۃً نَری مِنَ السَّماءَ“ یا اللہ! تو جانتاہے اگر میں نے یہ کام فقط تیری رضا کی خاطر کیاہے تو ہمارے لیے کشادگی عطا فرما تاکہ ہم آسمان تو دیکھ سکیں۔ ”فَفَرَجَ اللہُ لَھُمْ فُرْجَۃً حَتّٰی یَرَوْنَ مِنْھَا السَّمَاء“(الی آخر الحدیث)
پس اللہ تعالیٰ نے اس پتھر کو تھوڑاسا ہٹادیا کہ اس میں سے اُنہیں آسمان دکھائی دینے لگا۔ (الجامع الصحیح للبخاری ج:۲ کتاب الادب، باب اجابۃ دعاءِ مَن بَرَّ وَالدیہ،ص:۸۸۳)
مگر ابھی بھی وہ باہر نہیں نکل سکتے تھے یہاں تک کہ بقیہ دونوں ساتھیوں نے اپنے اپنے نیک اعمال کے ذریعہ سے دعا کی، اور وہ پتھر کی چٹان مکمل طور پر غار کے مُنہ سے ہٹ گئی اور وہ باہر نکلے۔
۔۴:حضرت انس بن مالک رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے ۔ فرماتے ہیں کہ اللہ کے رسول ﷺ نے فرمایا:”مَنْ سَرَّہُ اَنْ یُمَدَّ لَہُ فِی عُمُرِہٖ وَیُزَادَ فِی رِزْقِہٖ فَلْیَبَرَّ وَالِدَیْہِ وَلْیَصِلْ رَحِمَہٗ“ جو چاہتاہو کہ اس کی عمر لمبی ہو اور اس کے رزق میں زیادتی ہو، تو اس کو اپنے ماں باپ کے ساتھ حسن سلوک و صلہ رحمی کرنی چاہیے۔ (الترغیب و الترھیب للمنذری،ج۳، فی بر الوالدین،رقم:۱۶، ص:۲۱۷، دارالکتب علمیہ، بیروت)
۔۵:حضرت معاذ بن جبل رضی اللہ تعالیٰ عنہ فرماتے ہیں کہ بیشک اللہ کے رسول ﷺ نے فرمایا:”مَنْ بَرَّوَالِدَیْہِ طُوْبٰی لَہٗ زَادَ اللہُ فِی عُمُرِہٖ“جو شخص والدین کے ساتھ اچھا سلوک کرتاہے اس کے لیے یہ خوشخبری ہے کہ اللہ تعالیٰ اس کی عمر میں اضافہ فرمادےگا۔ (الترغیب و الترھیب للمنذری،ج۳، فی بر الوالدین،رقم:۱۷، ص:۲۱۷، دارالکتب العلمیہ، بیروت)
طوبیٰ جنت میں ایک بہت بڑے درخت کا نام بھی ہے، والدین کی خدمت کرنے والے کو اس کا سایہ بقدر خدمت نصیب ہوگا۔(حاشیہ :الترغیب و الترھیب)
۔۶:حضرت معاویہ بن جاہمہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہےکہ حضرت جاہمہ رضی اللہ عنہ نبی ِ کریم ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوکر عرض کرنے لگے: یارسول اللہ! (ﷺ) میں جہاد میں شرکت کا ارادہ کرکے آپ سے مشورہ طلب کرنے آیاہوں۔
آپ ﷺ نے فرمایا: ”ھَلْ لَکَ مِنْ اُمٍّ“ کیا تمہاری والدہ ہے؟ اس نے عرض کیا :جی ہاں! آپ ﷺ نے فرمایا: ”فَالْزَمْھَا فَاِنَّ الْجَنَّۃَ عِنْدَ رِجْلِھَا“تم ان کی خدمت میں لگے رہو کیونکہ جنت ان کے پیروں کے پاس ہے۔ (مشکوۃ المصابیح للتبریزی، ج:۲، کتاب الآداب، باب البر و الصلۃ،الفصل الثانی،رقم:۴۷۱۹ ص:۴۳۴مکتبہ رحمانیہ لاھور)
۔۷:حضرت عمر بن مرہ جہنی رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے ، فرماتے ہیں کہ ایک شخص نبی کریم ﷺ کی بارگاہ میں حاضر ہوکر عرض گزار ہوا: یارسول اللہ! ﷺ میں یہ گواہی دیتاہوں کہ اللہ کے سوا کوئی عبادت کے لائق نہیں، اور یہ کہ آپ اللہ کے رسول ہیں، میں پانچ نمازیں پڑھتاہوں، میں اپنے مال کی زکوٰۃ ادا کرتاہوں، اور رمضان کے روزے رکھتاہوں۔
نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا: ”مَنْ مَّاتَ عَلٰی ھٰذا کَانَ مَعَ النَّبِیِّیْن وَ الصِّدِقِیْنَ وَ الشُھَدَاءِ یَوْمَ الْقِیَامَۃِ ھٰکَذَا“جس شخص کو اس حالت پر موت آجائےوہ قیامت کے دن انبیا ، صدیقین اورشھدا کے ساتھ اس طرح ہوگا۔ (نبی کریم ﷺ نے) اپنی دو اُنگلیاں ملا کر یہ بات ارشاد فرمائی”مَالَمْ یَعُقَّ وَالِدَیْہِ“ بشرطیکہ وہ اپنے ماں باپ کا نافرمان نہ ہو۔ (المسند لاحمدبن حنبل ج:۴، کتاب البرو الصلۃ، باب : بر الوالدین،ص:۱۵۰ رقم:۵۴۷۱)
جو لوگ اپنے والدین کی خدمت اورضرورت پر دھیان نہ دے کرلوگوں کے درمیان بڑے نیک بنے پھرتے ہیں انہیں مذکورہ حدیث پر غور کرنا چاہیے، کہ کوئی بندہ صوم و صلوٰۃ کا کتنا بھی پابند کیوں نہ ہو مگر اس سے ماں باپ کی خدمت میں اگر معمولی چوک ہوگئی تو ساری عبادتیں دھری کی دھری رہ جائیں گی، قیامت کے دن اسے کافی محرومیوں کا سامنا کرنا پڑ سکتاہے۔ اس لیے اپنے والدین کی خدمت پر خوب خوب دھیان دیں۔
والدین کے نافرمان کا انجام
۔۸:حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ روایت کرتے ہیں کہ نبی کریم ﷺ نے فرمایا:”رَغِمَ اَنْفُ ثُمَّ رَغِمَ اَنْفُثُمَّ رَغِمَ اَنْفُ“ ’اس کی ناک خاک آلود ہو، پھر ناک خاک آلود ہو، پھر ناک خاک آلود ہو‘ عرض کیا گیایا رسول اللہ !(ﷺ) وہ کون شخص ہے؟ ۔
۔(جس کی ناک خاک آلود ہو) فرمایا: ”مَنْ اَدْرَکَ اَبْوَیْہِ عِنْدَ الْکِبَرِ اَحَدَھُمَا اَوْ کِلَیْھِمَافَلَمْ یَدْخُلِ الْجَنَّۃَ۔“ جس نے اپنے ماں باپ دونوں میں سے ایک، یا دونوں کو بُڑھاپے میں پایا اور (ان کی خدمت کرکے) جنت میں داخل نہ ہوسکا۔ (الصحیح لمسلم،ج:۶،کتاب البر و الصلۃ ص:۴۱۵،رقم:۲۶۳۳، دار التاصید، بیروت)
بچے موبائل اور والدین : اس مضمون کوبھی ضرور پڑھیں
۔۹:حضرت عبداللہ بن عمرو رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے فرماتے ہیں : اللہ کے رسول ﷺ نے فرمایا: ”رِضَی الرَّبِّ فِیْ رِضَی الْوَالِدِ وَ سَخْطُ الرَّبِّ فِی سَخْطِ الْوَالِدِ“ اللہ رب العزت کی خوش نودی والد کی خوش نودی میں ہے اور اللہ تعالیٰ کی ناراضگی والد کی ناراضگی میں ہے۔(مشکوۃ المصابیح للتبریزی،ج:۲، کتاب الآداب، باب البر و الصلۃ،الفصل الثانی،رقم:۴۷۰۷ ص:۴۳۳،)
۔۱۰:حضرت عبداللہ بن ابی اوفیٰ رضی اللہ تعالیٰ عنہ بیان کرتے ہیں: ہم نبیِ کریم ﷺ کی خدمت اقدس میں موجود تھے کہ ایک شخص حاضر ہوکر عرض کرنے لگا: ایک نوجوان حالتِ نزع میں ہے اسے کہاجاتاہے کہ’ لا الہ الا اللہ ‘ پڑھ مگر نہیں پڑھ سکتا۔
اللہ کے رسول ﷺ نے دریافت فرمایا:”کَانَ یُصَلِّی؟“ نماز پرھتا تھا؟ عرض کی گئی: جی ہاں! اللہ کے رسول ﷺ اُٹھے ، آپ ﷺ کے ساتھ ہم بھی اُٹھے ، آقا کریم ﷺ اس نوجوان کے پاس تشریف لے گئے اور فرمایا:”قُلْ لَا اِلٰہَ اِلَّا اللہُ“ کہو: ’لاالہ الا اللہ‘اس نے عرض کی میں کہہ نہیں سکتا، فرمایا:”لِمَ؟“ کیوں نہیں کہہ سکتا؟۔
عرض کی گئی: یہ اپنی ماں کی نافرمانی کرتاتھا۔ نبی کریم ﷺ نے فرمایا: ”اَحَیَّۃٌ وَالِدَتَہٗ؟“ کیا اس کی ماں زندہ ہے؟ لوگوں نے عرض کیا :جی ہاں! آقاکریم ﷺ نےفرمایا: ”اُدْعُوْھَا“ اسکو بلاؤ۔ (والدہ کو بلایا گیا) وہ خدمت میں حاضر ہوئی نبی کریم ﷺ نے فرمایا:”ھٰذَا اِبْنُکَ؟“ یہ تمہارا بیٹا ہے؟ اس نے عرض کیا: جی ہاں! ۔
آپ ﷺ نے ارشاد فرمایا:”اَرَیْتِ لَوْ اُجِّجَتْ نَارٌ ضَخْمَۃٌ، فَقِیْلَ لَکِ: اِنْ شَفِعْتَ لَہٗ خَلَّیْنَا عَنْہُ، وَاِلَّا حَرَّکْنَاہُ بِھٰذِہِ النَّارِ، اَکُنْتِ تَشْفَعِیْنَ لَہٗ؟“ کیا خیال ہے تمہارا؟ اگر بہت بڑی آگ بھڑکائی جائے اور تمہیں کہا جائے کہ تم اگر اس کی سفارش کرو تو ہم اسے چھوڑ دیتے ہیں ورنہ اس آگ میں اسے جلا ڈالیں گے، تو کیا تم اس کی سفارش کروگی؟ (یا جل جانے دوگی؟)۔
ماں نے عرض کیا: یارسول اللہ! ﷺ (ایسی حالت میں تو ضرور) میں اس کی سفارش کروں گی۔ ارشاد فرمایا:”فَاشْھِدِی اللہَ وَاشْھِدِیْنِی قَدْ رَضِیْتِ عَنْہُ“پھر اللہ تعالیٰ کو اور مجھے گواہ بنا کر کہو کہ تم اس سے راضی ہوگئی ہو۔وہ عرض کرنے لگی ۔
یا اللہ (عزوجل)میں تجھے اور تیرے رسول(ﷺ) کو گواہ بنا کر کہتی ہوں کہ میں یقینًا اپنے بیٹے سے راضی ہوگئی ہوں۔ پھر اللہ کے رسول ﷺ نے اس نوجوان سے فرمایا: ”یَا غُلَامُ قُلْ“اے نو جوان کہہ ” لَا اِلٰہَ اِلَّا اللہُ وَحْدَہٗ لَا شَرِیْکَ لَہٗ، وَ اَشْھَدُ اَنَّ مُحَمَّداً عَبْدُہٗ رَسُوْلُہٗ“اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں، وہ اکیلا ہے، اُس کا کوئی شریک نہیں ، میں گواہی دیتاہوں کہ بیشک محمد (ﷺ) اللہ کے بندے اوراس کے رسول ہیں۔ (والدہ کی معافی کے بعد حضور کے ارشاد پر اسے کلمۂ شہادت کی توفیق حاصل ہوئی)۔
تو اس نے یہ الفاظ دہرائے، پھر رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:”اَلْحَمْدُلِلّٰہِ الَّذِیْ اَنْقَذَہُ بِیْ مِنَ النَّارِ“تمام تعریفیں اس اللہ کے لیے ہیں جس نے میرے وسیلہ سے اس نوجوان کو دوزخ کی آگ سے بچالیا۔الترغیب و الترھیب للمنذری،ج۳، الترھیب من عقوق الوالدین، رقم:۱۶، ص:۲۲۶، دارالکتب العلمیہ، بیروت)۔
۱۱:حضرت عبداللہ بن عمرو رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے فرماتے ہیں کہ اللہ کے رسول ﷺ نے فرمایا:”لَا یَدْخُلُ الْجَنَّۃَمَنَّانٌ وَّ لَا عَاقٌ وَّ لَا مُدْمِنُ خَمْرٍ“جنت میں داخل نہیں ہوگا، احسان جتانے والا، والدین کا نا فرمان، اور مستقل شراب پینے والا۔(مشکوۃ المصابیح للتبریزی ج:۲، کتاب الآداب، باب البر و الصلۃ،الفصل الثانی،رقم:۴۷۱۳، ص:۴۳۳)
۔۱۲:حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہما سے روایت ہےفرماتے ہیں:اللہ کے رسول ﷺ نے فرمایا:”ثَلَاثٌ لَا یَدْخُلُوْنَ الْجَنَّۃَ وَ لَا یَنْظُرُاللہُ اِلَیْھِمْ یَوْمَ الْقِیَامَۃِ: اَلْعَاقُ وَالِدَیْہِ،وَالْمِرَأَۃُالْمُتَرَجِّلَۃُ الْمُتَشَبِّھَۃُ بِالرِّجَالِ،وَالدَّیُوْثُ“ تین ایسے افراد ہیں کہ وہ جنت میں داخل نہیں ہوں گے، اور نہ ہی اللہ تبارک وتعالیٰ قیامت کے دن ان کی طرف نظر رحمت فرمائےگا۔
والدین کا نافرمان، اور وہ عورت جوچال ڈھال لباس وغیرہ میں مردوں کی مشابہت کرتی ہے، اور دیوث(بےغیرت) ”وَ ثَلَاثَۃٌ لَا یَنْظُرُاللہُ اِلَیْھِمْ یَوْمَ الْقِیَامَۃِ:اَلْعَاقُ بِوَالِدَیْہِ،وَمُدْمِنُ الْخَمَرِ،وَ الْمَنَّانُ بِمَااَعْطیٰ“ اور وہ تین شخص جن پر اللہ تبارک و تعالیٰ نظرِ رحمت نہیں فرمائےگا: والدین کا نافرمان، اور شراب پر ہمیشگی کرنے والا، اورکسی کو کچھ دے کر احسان جتانے والا۔(المسند لاحمدبن حنبل،رقم:۶۱۸۰،ص۴۷۲، بیت الافکار الدولیہ،سعودیہ)
۔۱۳:حضرت ابوبکررضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہےکہ رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا:”کُلُّ الذُّنُوْبِ یُؤَخِّرُ اللہُ مَاشَاءَ مِنْھَا اِلٰی یَوْمِ الْقِیَامَۃِ، اِلَّا عُقُوْقَ الْوَالِدَیْنِ، فَاِنَّ اللہَ تَعَالَیٰ یُعَجِّلُہٗ لِصَاحِبِہٖ فِیْ الْحَیَاۃِ قَبْلَ الْمَمَاتِ“سب گناہوں کی سزا اللہ تعالیٰ چاہے تو قیامت تک مؤخر رکھتاہے، مگر ماں باپ کے ستانے کی سزا مرنے سے پہلے زندگی میں (بھی) دیتاہے۔(المستدرک للحاکم،ج:۴، البر وصلۃ، رقم:۷۲۶۳، ص:۱۷۲،دار الکتب العلمیہ، بیروت )
۔۱۴:حضرت ابو امامہ باہلی رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا:”ثَلٰثۃٌ لَایُقَبِّلُ اللہُ مِنْھُمْ صَرْفًا وَلَا عَدْلًا، عَاقٌ، وَمَنَانٌ، وَ مُکَذِّبٌ بِقَدْرٍ“ تین شخص ہیں کہ اللہ تعالیٰ نہ ان کے نفل قبول فرماتاہے اور نہ فرض۔ ماں باپ کا نافرمان، صدقہ دے کر احسان جتانے والا،اور تقدیر کو جھٹلانے والا۔(جامع الاحادیث للامام احمدرضا البریلوی، ج۴،ص:۱۹۳، رقم:۲۳۳۹، بحوالہ:مجمع الزوائد للھیثمی، ۷/۲۰۶)
۔۱۵:حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہےکہ رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا:”مَلْعُوْنٌ مَنْ عَقَّ وَالِدَیْہِ،مَلْعُوْنٌ مَنْ عَقَّ وَالِدَیْہِ،مَلْعُوْنٌ مَنْ عَقَّ وَالِدَیْہِ“ ملعون ہے جو اپنے ماں باپ کو ستائے،ملعون ہے جو اپنے ماں باپ کو ستائے،ملعون ہے جو اپنے ماں باپ کو ستائے۔(جامع الاحادیث للامام احمد رضا البریلوی، ج۴،ص۱۹۳، رقم:۲۳۴۰)
۔۱۶:حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ تعالیٰ عنہما سے روایت ہے فرماتے ہیں کہ ہمارے پاس اللہ کے رسول ﷺتشریف لائےاور ہم اکٹھے بیٹھے ہوئے تھے۔ آپ ﷺ نے ارشاد فرمایا:”یَامَعْشَرَ الْمُسْلِمِینَ اِتَّقُوْا اللہَ، وَصِلُوْا اَرْحَامَکُمْ ، فَاِنَّہٗ لَیْسَ مِنْ ثَوَابٍ اَسْرَعَ مِنْ صِلَۃِ الرَّحْمِ، وَاِیَّاکُمْ وَا لْبَغْیَ، فَاِنَّہٗ لَیْسَ مِنْ عُقُوْبَۃٍ اَسْرَعَ مِنْ عُقُوْبَۃِ الْبَغْیِ، وَاِیَّاکُمْ وَ عُقُوْقُ الْوَالِدَیْنِ فَاِنَّ رِیحَ الْجَنَّۃِ تُوْجَدُ مِنْ مَسِیْرَۃِ اَلْفِ عَامٍ، وَاللہِ لَا یَجِدُھَا عَاقٌ، وَلَا قَاطِعُ رَحِمٍ، وَلَا شَیْخٌ زَانٍ، وَلَا جَارٌ اِزَارہُ خُیَلَاءَ اِنَّمَا الْکِبْرِیَاءُ لِلّٰہِ رَبِّ الْعَالَمِیْنَ“(الی آخر الحدیث)۔
اے جماعتِ مسلمین! اللہ سے ڈرتے رہو۔ اپنے رشتےداروں سے صلہ رحمی کرو، کیونکہ صلہ رحمی کے ثواب سے جلدی ملنے والا اور کوئی ثواب نہیں۔ ظلم(کرنے) سے بچو کیونکہ ظلم کی سزا سے جلدی ملنے والی اور کوئی سزا نہیں۔ اور ماں باپ کی نافرمانی کرنے سے بچو کیونکہ جنت کی خوشبو ایک ہزار سال کی دوری سے محسوس کی جا سکتی ہے
اللہ کی قسم والدین کا نافرمان، رشتے توڑنے والا، بوڑھا زانی، اور تکبر سےتہبند لٹکا کر چلنے والا اس (ایک ہزار سال کی دوری سے محسوس کی جانے والی جنت کی خوشبو کوبھی) نہ پاسکیں گے۔ (الترغیب و الترھیب للمنذری، ج:۳، الترھیب من عقوق الوالدین،ص:۲۲۵، رقم:۱۴)
۔۱۷:حضرت ابن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:”مَنْ اَصْبَحَ مُطِیْعًا لِلّٰہِ فِیْ وَالِدَیْہِ اَصْبَحَ لَہٗ بَابَانِ مَفْتُوحَانِ مِنَ الْجَنَّۃِ وَاِنْ کَانَ وَاحِدًا فَوَاحِدًا، وَ مَنْ اَصْبَحَ عَاصِیًا لِلّٰہِ فِیْ وَالِدَیْہِ اَصْبَحَ لَہٗ بَابَانِ مَفْتُوْحَانِ مِنَ النَّارِ اِنْ کَانَ وَاحِداً فَوَاحِداً“جو شخص اللہ تعالیٰ کی اطاعت اور والدین کی فرمانبرداری میں صبح کرےتو اس کے لیے جنت کے دو دروازے کھول دیے جاتے ہیں۔
اور اگر ایک ہوتو ایک (دروازہ)، اور جو شخص اللہ تعالیٰ کی اور اپنے والدین کی نافرمانی میں صبح کرے تو اس کے لیے جہنم کےدو دروازے کھول دیے جاتے ہیں، اگر ایک ہو تو ایک دروازہ۔ ایک آدمی نے عرض کیا اگرچہ وہ ظلم کریں؟ آپ ﷺ نے فرمایا:”وَاِنْ ظَلَمَاہُ وَاِنْ ظَلَمَاہُوَاِنْ ظَلَمَاہُ“اگرچہ وہ ظلم کریں،اگرچہ وہ ظلم کریں،اگرچہ وہ ظلم کریں۔(مشکوۃ المصابیح للتبریزی، کتاب الآداب، باب البر و الصلۃ،الفصل الثالث،رقم: ۴۷۲۳، ص:۴۳۵)
۱۸:حضرت عبدالرحمٰن بن ابی بکرہ اپنے باپ سے روایت کرتے ہیں ، کہتے ہیں رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:”اَلَا اُنَبِّئُکُمْ بِاَکْبَرِ الْکَبَائِرِ“ کیا میں تمہیں بڑے کبیرہ گناہوں کے بارے میں نہ بتاؤں؟۔ ہم نے عرض کیا: جی ہاں(ضرورفرمائیں) یارسول اللہ!ﷺ فرمایا:”اَلْاِشْرَاکُ بِاللّٰہِ، وَعُقُوْقُ الْوَالِدَیْنِ“(الی آخر الحدیث)اللہ کے ساتھ شریک ٹھرانا، اور والدین کی نافرمانی کرنا۔(الجامع الصحیح للبخاری، ج:۲ کتاب الادب، باب عقوق الوالدین من الکبائر،ص:۸۸۴)۔
۔۱۹:حضرت عبید اللہ بن ابوبکر کا بیان ہے کہ میں نے حضرت انس رضی اللہ عنہ کو فرماتے ہوئے سنا کہ رسول اللہ ﷺ نے کبیرہ گناہوں کا ذکر فرمایا، یا کبیرہ گناہوں کے بارے میں پوچھا گیا تو فرمایا:”اَلشِّرْکُ بِا اللہِ، وَقَتْلُ نَفْسٍ، وَ عُقُوْقُ الْوَالِدَیْنِ،“(الی آخر الحدیث) اللہ کے ساتھ کسی کو شریک ٹھہرانا، کسی جان کو (ناحق ) قتل کرنا، اور والدین کی نافرمانی کرنا۔(الجامع الصحیح للبخاری، ج:۲ کتاب الادب، باب عقوق الوالدین من الکبائر،ص:۸۸۴)
۔۲۰:حضرت معاذ بن جبل رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا:”لَا تَعُقَّنَّ وَالِدَیْکَ وَاِنْ اَمْرَاکَ اَنْ تَخْرُجَ مِنْ اَھْلِکَ وَ مَالِکَ“اپنے ماں باپ کی نافرمانی مت کر اگرچہ وہ تجھے حکم دیں کہ تو اپنے گھربار کو چھوڑ دے۔۔(المسند لاحمد بن حنبل،۵/۱۹۹،رقم:۸۴۹۵، دار القلم، دمشق)
۔۲۱:حضرت معاذبن جبل رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا:”اَطَعْ وَالِدَیْکَ وَ اَنْ اَخْرَجَاکَ مِنْ مَالِکَ وَ مِنْ کُلِّ شَیْئٍ ھُوَ لَکَ“ اپنے ماں باپ اطاعت کر اگرچہ وہ تجھے تیرے مال سے نکال دیں، اور ہر اس چیز سے جو تیری ہے۔(جامع الاحادیث، ج:۴، کتاب الادب/حقوق الوالدین،ص:۱۹۱، رقم:۲۳۳۶بحوالہ: الدرمنثور للسیوطی،۴/۱۸۳)
تحریر: سید نور اللہ شاہ بخاری
(مہتمم و شیخ الحدیث)دار العلوم انوار مصطفیٰ (سجادہ نشین :خانقاہ عالیہ بخاریہ)
سہلاؤ شریف ،باڑمیر(راجستھان)
ان مضامین کو بھی پڑھیں
نافرمان اولاد والدین اور معاشرے کے لیے ناسور
والدین حصول جنت کے لیے رازہاے سربستہ
بوڑھے والدین اور اسلامی تعلیمات
اسلام اور مسلمانوں کے نزدیک قرآن کی اہمیت
عروج چاہیے تو سماج میں قرآن کا عکس بن کے نکلے مسلمان