Saturday, October 5, 2024
Homeعظمت مصطفیٰعید میلاد النبی ﷺ اس طرح منائیں

عید میلاد النبی ﷺ اس طرح منائیں

تحریر: ڈاکٹر محمد رضا المصطفی :: عید میلاد النبی ﷺ اس طرح منائیں

عید میلاد النبی ﷺ اس طرح منائیں

  1 ۔روزانہ پنجگانہ نماز باجماعت تکبیر اولیٰ کے ساتھ اداکرنے کا اہتمام کریں۔نماز کو خشوع و خضوع ، اور یکسوئی سے ادا کرنے کی کوشش کریں ۔جس نبی کا میلاد مناتے ہیں انہوں نے نماز کو اپنی آنکھوں کی ٹھنڈک قرار دیا ہے۔ہوسکے تو روزانہ دو نفل بطور شکرانہ ادا کریں اور اللہ تعالی کی اس عظیم الشان نعمت پر اللہ تبارک و تعالی کا شکر ادا کریں کہ اس نے محض اپنے لطف و کرم سے ہمیں نبی آخرالزماں صلی اللہ علیہ وسلم کی امت میں پیدا فرمایا ہے ۔ الحمداللہ لذلک۔

  2۔ روزانہ نمازفجر کے بعد تلاوت قرآن پاک کا اہتمام کریں ۔یا جس وقت سہولت ہو قرآن پاک کی تلاوت کریں ۔یہ ایسا ہی ہے کہ روح کی شادابی اور تروتازگی کے لئیے روزانہ روحانی غذا مہیا کرنا ہے ۔نبی کریم صلی اللہ تعالی علیہ وسلم امت کے لیے سب سے بڑا تبرک اور سوغات قرآن مجید کی صورت میں عطا فرما کے گئے ہیں ۔ہوسکے تو ربیع الاول میں قرآن کریم کا ایک ختم شریف کریں ۔قران کریم کو غور و فکر اور تدبر سے پڑھنے کے لیے بھی چند منٹ مقرر کریں۔

  3 ۔ایک امتی کے لیے اس سے بڑھ کر کوئی اعزاز نہیں کہ وہ انتہائی خلوص ،شوق ،عقیدت ،محبت اور پیار سے درود و سلام پڑھ کر اپنے کریم آ قاسرور دو جہاں صلی اللہ تعالی علیہ وسلم کی بارگاہ میں تحفة پیش کرے .محافل میلاد شریف میں انفرادی اور اجتماعی طور بکثرت درود پاک پڑھیں ۔میلا شریف کے دنوں میں سب سے بڑا وظیفہ درود پاک کی کثرت ہے اللہ تبارک و تعالی ہمیں توفیق عطا فرمائے۔ہو سکے تو گھروں میں درود و سلام کی محافل کا اہتمام کیا جائے ۔اگرچہ 12 منٹ کے لیے ہی ہو جس میں سارے گھر والے بیٹھ کر نبی کریم صلی اللہ تعالی علیہ وسلم پر درود و سلام پڑھیں 

 4 حضور خاتم المرسلین صلی اللہ علیہ وسلم کے سیرت طیبہ پڑھنے کا اہتمام کریں۔روزانہ کچھ منٹ سیرت طیبہ پڑھنے پر صرف کریں ۔زندگی میں ایک دفعہ اپنے پیارے آقا صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت طیبہ پڑھ لیں ۔اردو زبان میں سیرت رسول عربی صلی اللہ علیہ وآلہ وصحبہ وسلم از علامہ نور بخش توکلی ،سیرت مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وصحبہ وسلم از علامہ عبد المصطفی اعظمی اس سلسلہ میں بہترین تصانیف ہیں۔ سننے میں آیا ہے آج کل آڈیو سیرت طیبہ بھی آگئی ہے بس جیسے ممکن ہو حضور نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت طیبہ کو پڑھنے کا اہتمام کریں

 

شب قدر عنایات الٰہی کی مقدس رات

5۔ ربیع الاول کی مقدس ساعتوں میں حسب حیثیت صدقہ و خیرات کریں ہو سکے تو کسی سفید پوش ،غریب مسلمان کے گھر روزانہ کھانا بھجوا دیا کریں یا خشک راشن لے دیں ۔یا حسب حیثیت نقدی دے دیں ۔روزانہ صبح کے وقت پرندوں کو دانہ ڈالیں ۔رات کی بچی ہوئی روٹیوں کے ٹکڑے کر کے کھلا دیں ۔پرندوں کے لیے پانی کا اہتمام کرکے ،بے زبان جانوروں کی دعائیں لے کر صدقہ و خیرات کے ذریعے میلاد منائیں 

 6   ۔غریب طالب علموں کی یونیفارم خرید دیں ۔کسی بچے کے پاس داخلہ فیس نہیں ہے تو اس کا داخلہ بھجوا دیں ۔کسی بچے کی فیس کی ادائیگی کا سلسلہ کر دیں ،دینی مدارس کے طلبہ، اساتذہ کرام کو کتابیں خرید کر دے دیں ۔عید میلاد النبی کی خوشی میں نئے کپڑے عمامہ شریف کا تحفہ پیش کریں ۔ سردیاں آ رہی ہیں طالب علموں کو گرم کوٹیاں ،سویٹر لے دیں یہ صدقہ کی بہترین صورت ہوگی

حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے دین کی خدمت کرنے والے والے مہمانوں کی خدمت سے مصطفی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی روح مبارک خوش ہو گی اور اللہ تبارک و تعالی کی رضا بھی حاصل ہوگی

  7 جن سے آپ نے قرضہ لینا ہے عید میلاد النبی صلی اللہ تعالی علیہ وسلم کی خوشی میں ان کو معاف کر دیں۔سارا معاف نہیں کر سکتے تو کچھ معاف کر دیں حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی امت پر نرمی اور معافی میدان محشر میں آپ  کے لیے رحمت اور معافی کا ذریعہ بن سکتی ہے 

  8۔دو ناراض مسلمانوں میں صلح کروا دیں ،بالخصوص جو شادی شدہ بچیاں ناراض ہو کر میکے میں بیٹھی ہوئی ہیں، ان کی اپنے سسرال والوں سے صلح کروا دیں ناراض مسلمانوں کی صلح کے لیے جھوٹ بولنے کی بھی شرعاً اجازت ہے ۔یہ کام مسلمانوں کے ہرمحلہ اور گلی میں ہونا چاہیے۔ جن لوگوں نے آپ کی دل آزاری کی ہے امیدوں پر پورا نہیں اترے ،یا حق تلفی کی ہے میلاد شریف کی خوشی میں ان کو اللہ کی رضا کےلیے معاف کر دیں اپنا دل صاف کرلیں اس کی بے شمار برکات نصیب ہوں گی

  9 ۔عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کی خوشی میں مریضوں کی عیادت کا خصوصی انتظام کریں، بلکہ ایک دن ہسپتالوں میں جا کر مریضوں کی عیادت کریں۔ ان کی دل جوئی کریں، ان کو حوصلہ، تسلی دیں اور ہو سکے تو مستحق اور ضرورت مند مریضوں کی دوائی کا علاج معالجے کا انتظام کر دیں ۔صحت مند مسلمان نوجوان خون کی ایک بوتل عطیہ کریں 

 10۔ عید میلاد النبی صلی اللہ تعالی علیہ وسلم کی خوشی میں شجر کاری کریں ،درخت لگائیں ،صدقہ جاریہ ہے ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے لیے بے حد ضروری ہے۔میلادکمیٹی گلی محلوں کو سجانے کے ساتھ ساتھ شجرکاری کا بھی اہتمام کریں

  11 روزمرہ کی زندگی میں حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی سنتوں کو اپنائیں اپنے کھانے پینے، سونے جاگنے ،اٹھنے بیٹھنے اور زندگی کے دیگر معاملات میں سنت رسول صلی اللہ علیہ وسلم کو نافذ کریں مسنون دعاؤں کا اہتمام کریں حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے اسوہ حسنہ کی برکات عملی زندگی میں شامل ہوں گی یوں زندگی میں خیر و برکت آ جائے گی

  12۔میلاد شریف کی خوشی میں خوب خوب چراغاں کریں۔ اپنی گلی محلے کو سجائیں ۔زبردستی چندہ وصول کرنے سے بچیں ۔ چراغاں چوری کے بجلی سے نہیں اپنی جیب سے کریں یا حلال چندہ سے کریں میلاد شریف میں غیر شرعی امور سے ہر صورت بچیں اور دوسروں کو بھی خلاف شرع امور پر منع کریں ۔اللہ تبارک و تعالی ہم کو شریعت مطہرہ کے مطابق دھوم دھام کے ساتھ میلاد منانے کی توفیق عطا فرمائے ۔

اگر آپ کے ذہن میں کوئی اور تجویز ہے یا کوئی اچھا مشورہ ہے تو براہ کرم کمنٹس فرما دیں۔

ڈاکٹر محمد رضا المصطفی

کڑیانوالہ گجرات ۔

00923444650892واٹس اپ نمبر

 

زکوٰة احادیث کے آئینے میں
زکوٰة احادیث کے آئینے میں
afkareraza
afkarerazahttp://afkareraza.com/
جہاں میں پیغام امام احمد رضا عام کرنا ہے
RELATED ARTICLES

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here

Most Popular

Recent Comments

قاری نور محمد رضوی سابو ڈانگی ضلع کشن گنج بہار on تاج الشریعہ ارباب علم و دانش کی نظر میں
محمد صلاح الدین خان مصباحی on احسن الکلام فی اصلاح العوام
حافظ محمد سلیم جمالی on فضائل نماز
محمد اشتیاق القادری on قرآن مجید کے عددی معجزے
ابو ضیا غلام رسول مہر سعدی کٹیہاری on فقہی اختلاف کے حدود و آداب
Md Faizan Reza Khan on صداے دل
SYED IQBAL AHMAD HASNI BARKATI on حضرت امام حسین کا بچپن