Friday, March 22, 2024
Homeحدیث شریفتارک جمعہ کادردناک انجام

تارک جمعہ کادردناک انجام

تارک جمعہ کا دردناک انجام

تحریر : (مفتی) محمدشمس تبریز علیمی  

’’جمعہ ‘‘ یعنی اجتماع کادن ،زمانہ ٔ جاہلیت میں اس دن کو ’’عروبہ ‘‘ کہا جاتا تھا ۔ حضورﷺ کی بعثت سے پانچ سوساٹھ برس پہلے کعب بن لوئی نے اس دن کانام جمعہ رکھا کہ اس زمانہ میں قریش ایک جگہ جمع ہوتے تھے اورکعب خطبہ دیاکرتے تھے ۔بہر حال ’’عروبہ ‘‘ کے لیے لفظ جمعہ کااہتمام زمانہ جاہلیت ہی میں ہوچکاتھا لیکن یہ لفظ عام عرب میں مشہورنہ تھا۔

صرف قریش کے درمیان ہی اس کااستعمال تھا۔ حضور ﷺ کی بعثت اورنزول قرآن کےبعداس کواتنی شہرت حاصل ہوئی کہ عروبہ کالفظ تقریباً لغت عرب سے ختم ہوگیا اوراسے جمعہ ہی کہاجانے لگا۔ اللہ رب العزت فرماتاہے:’’ اے ایمان والو ! جب نمازکے لیے جمعہ کے دن اذان دی جائے توذکرِ خدا کی طرف دوڑو اورخرید وفروخت چھوڑ دو یہ تمہارے لیے بہتر ہے اگر تم جانتے ہو۔(پارہ ۲۸،سورۂ جمعہ:۹)۔

دوڑنے سے بھاگنا مراد نہیں ہے بلکہ مقصود یہ ہے کہ نماز کیلئے تیاری شروع کردو اور اطمینان و سکون کے ساتھ خطبہ سے قبل مسجد میں پہنچ جاؤ ۔ نماز جمعہ کی اہمیت کے لیے یہی کافی ہے کہ اس کاذکراوراس کی پابندی کرنے کا واضح حکم قرآن کریم میں موجودہے۔

علاوہ ازیں معلم کائنات ﷺ نے نہایت تاکیدکے ساتھ اس کی پابندی کی تعلیم دی اوراس سے لاپرواہی کرنے والوں کوسخت وعید سنائی ۔

آقائے کریم ﷺ کے چندارشادات ملاحظہ کریں :

مسلم ابوہریرہ و ابن عمر سے اورنسائی وابن ماجہ ابن عباس وابن عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہم سے راوی ،حضورﷺ فرماتے ہیں: ’’ لوگ جمعہ چھوڑنے سے باز آئیں گے یا اللہ تعالیٰ ان کے دلوں پر مہر کردے گا پھرغافلین میں ہوجائیں گے۔‘‘(صحیح مسلم،کتاب الجمعہ،ص ۴۳۰)

رسول اللہ ﷺ فرماتے ہیں: ’’جوتین جمعے سُستی کی وجہ سے چھوڑے اللہ تعالیٰ اس کے دل پرمہر کردے گا۔(جامع ترمذی،ج،۲،ص۳۸) ایک دوسری روایت میں ہے ’’جوتین جمعے بلاعذر چھوڑے وہ منافق ہے۔‘‘(ابن حبان) ترغیب وترہیب کی روایت میں ہے،جو تین جمعے بغیرکسی عذر شرعی کے چھوڑدے ’’وہ اللہ عزوجل سے بے علاقہ ہے۔‘‘ اورطبرانی میں ہے کہ ’’وہ منافقین میں لکھ دیاگیا‘‘۔

حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہ نے بیان کیاکہ حضورنبی کریم ﷺ نے فرمایا:’’جوشخص بلاضرورت ومجبوری جمعہ ترک کردے۔ وہ ایسی کتاب میں منافقوں میں لکھ دیاجاتاہے جونہ مٹائی جاسکتی ہے نہ اس میں کوئی تبدیلی کی جاسکتی ہے(یعنی وہ ہمیشہ کے لئے اللہ کے نزدیک منافقوں کی فہرست میں شامل کردیاجاتاہے۔)۔

ایک دوسری روایت میں ہے۔’’جو تین جمعے پے درپے چھوڑے اس نے اسلام کوپیٹھ کے پیچھے بھینک دیا۔‘‘ (المعجم الکبیر،مشکوٰۃ شریف،مسندابی یعلیٰ)

احمد وابوداؤد وابن ماجہ سمرہ بن جندب رضی اللہ عنہ سے راوی کہ حضور اکرم ﷺ فرماتے ہیں:’’جوبغیرعذر جمعہ چھوڑے ،ایک دینار صدقہ دے اوراگرنہ پائے توآدھا دینار اوریہ دینار صدقہ کرنا شاید اس لیے ہوکہ قبول توبہ کے لیے معین ہوورنہ حقیقتاً تو توبہ کرنا فرض ہے۔‘‘(سنن ابی داؤد،ج،۱،ص۵۵۳)صحیح مسلم شریف میں عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ سے مروی ،رسول اللہ ﷺ فرماتے ہیں:’’میں نے قصد کیاکہ ایک شخص کونماز پڑھانے کاحکم دوں اورجو لوگ جمعہ سے پیچھے رہ گئے ان کے گھروں کوجلادوں۔‘‘(صحیح مسلم ،ص۳۲۷)

ابن ماجہ نے جابر رضی اللہ عنہ سے روایت کی ،کہ نبی کریم ﷺ نے خطبہ دیا اورفرمایا:’’ اے لوگو! مرنے سے پہلے اللہ (عزوجل ) کی طرف توبہ کرو اور مشغول ہونے سے پہلے نیک کاموں کی طرف سبقت کرو اور یادِ خداکی کثرت اورظاہرو پوشیدہ صدقہ کی کثرت سے جوتعلقات تمہارے اورتمہارے رب ( عزوجل) کے درمیان ہیں ملاؤ ۔ ایسا کرو گے تو تمہیں روزی دی جائے گی اور تمہاری مدد کی جائے گی اور تمہاری شکستگی دور فرمائی جائے گی اورجان لو کہ اس جگہ اس دن اس سال میں قیامت تک کے لیے اللہ (عزوجل) نے تم پر جمعہ فرض کیا،جو شخص میری حیات میں یامیرے بعد ہلکان جان کراوربطور انکار جمعہ چھوڑے اور اس کے لیے کوئی امام یعنی حاکم اسلام ہو عادل یا ظالم تو اللہ تعالیٰ نہ اس کی پراگندگی کوجمع فرمائے گا،نہ اس کے کام میں برکت دے گا،آگاہ! اس کے لئے نہ نماز ہے نہ زکوٰۃ، نہ حج ،نہ روزہ، نہ نیکی ،جب تک توبہ نہ کرے اورجو توبہ کرے ،اللہ (عزوجل) اس کی توبہ قبول فرمائے گا۔‘‘(سنن ابن ماجہ،ج،۲،ص۵) ۔

دارقطنی کی روایت میں ہے کہ نبی کریم ﷺ نے ارشادفرمایا : ’’جو اللہ (عزوجل) اور پچھلے دن پر ایمان لاتا ہے اس پر جمعہ کے دن (نماز) جمعہ فرض ہے مگر مریض یا مسافر یا عورت یا بچہ یاغلام پر اور جو شخص کھیل یا تجارت میں مشغول رہا تو اللہ (عزوجل) اس سے بے پرواہ ہے اور اللہ (عزوجل) غنی حمید ہے۔ ‘‘ (سنن الدار قطني، کتاب الجمعۃ، الحدیث: ۱۵۶۰، ج۲، ص۳)۔

اورحضرت کعب احبارعلیہ الرحمۃ والرضوان فرماتے ہیں :’’ میں آگ کاایک پیالہ پیوں یہ البتہ مجھے زیادہ گوارا ہوگا بہ نسبت اس کے کہ ایک پیالہ شراب پیوں، اوریہ بات کہ مجھے ایک پیالہ شراب پینی پڑ جائے مجھے زیادہ گوارا ہوگی بہ نسبت اس کے کہ میں ایک جمعہ سے پچھڑ جاؤں۔ اوریہ بات کہ مجھ سے جمعہ چھوٹ جائے وہ البتہ مجھے زیادہ پسندہوگی بہ نسبت اس کے کہ (جمعہ کوتاخیرسے جاؤں اورپھر) لوگوں کی گردنیں پھلانگوں‘‘۔ (تنبیہ الغافلین ،ترجمہ: ذکریٰ للذاکرین ،ج،۲،ص:۲۵۸،)۔

بڑی متانت وسنجیدگی کے ساتھ غورکرنے کی بات ہے کہ مخبرصادق ﷺ بلاعذر شرعی بغیرکسی مجبوری کے محض لاپرواہی اورسستی کے جمعہ کی نماز چھوڑ دینے والوں کاکیابھیانک انجام بیان فرمارہے ہیں کہ جس نے متواتر تین جمعہ چھوڑ دیئے اللہ تعالیٰ اس کے دل پرمہرلگا دیتاہے کہ انہوں نے کھلم کھلااللہ تبارک وتعالیٰ کے حکم کی تعمیل سے لاپرواہی اورسستی کی۔ پس یہ فسق وفجور میں مبتلا ہوگئے ،یہ لوگ نہایت ہی سرکش ہیں۔

 

شب قدر عنایات الٰہی کی مقدس رات
زکوٰة احادیث کے آئینے میں
زکوٰة احادیث کے آئینے میں

سورہ یونس کی آیت نمبر ۷۴،میں اللہ رب العزت کافرمان ہے:’’ ہم اسی طرح سرکشوں کے دلوں پرمہرلگادیتے ہیں‘‘۔اللہ تعالیٰ محفوظ رکھے جس کے دل پریہ مہرلگ جاتی ہے یعنی اللہ کی رحمت اس سے منہ پھیرلیتی ہے، اس کوجانوروں جیسی زندگی بسرکرنے کے لیے چھوڑ دیاجاتاہے۔

ایسے شخص کے دل میں پھرکبھی دین کی طرف مائل ہونے کی امنگ پیدانہیں ہوتی حتیٰ کہ وہ عبادت کرنے سے بھی محروم کردیاجاتاہے اوران لوگوں کا تومزید بد ترانجام ہے جوکبھی نماز جمعہ پڑھتے ہی نہیں کہ انہیں ہمیشہ کے لیے منافقوں کی فہرست میں شامل کردیاجاتاہے ،چاہے انہیں شرعاً منافق کہہ کر نہ بلایا جاسکے لیکن بہرحال اللہ کے یہاں ان کا انجام منافقوں ہی کے ساتھ بتایاگیا ہے۔

افسوس ! ہمارے معاشرے میں ایسے لوگوں کی کمی نہیں ،مدتیں گزرجاتی ہیں ان ظالموں کااللہ کے دربارمیں سر نہیں جھکتا، ان میں بہت سے توایسے بدنصیب ہیں جونماز عیدالفطر اورعید الاضحٰی سے بھی محروم رہتے ہیں کہ یہ ان کے سونے کاوقت ہوتاہے۔پھرایسے لوگ اس قدربے شرم اوربے حیا ہوتے ہیں کہ اپنی مرضی اوراپنی سہولت کے مطابق عیدمناتے ،زرق برق لباس پہنتے،تحفے ،تحائف لینے دینے میں پیش پیش نظر آتے ہیں کہ یہ عید کوبس ایک تہوار کے سواکچھ نہیں سمجھتے ۔اللہ تعالیٰ ایسی بدعملی اورکج فہمی سے ہمیں محفوظ رکھے ، آمین۔

قارئین ! سورۂ جمعہ کی آیات میں غورکرنے پریہ واضح ہوجاتا ہے کہ نمازِ جمعہ کے لیے مسجد میں خطبہ شروع ہونے سے پہلے داخل ہوناچاہیے تاکہ سنتوں وغیرہ سے فارغ ہوکراطمینان کے ساتھ خطبہ بھی سنا جاسکے اوراللہ کے حکم پرپوری طرح عمل ہوسکے۔ صرف نمازِ جمعہ میں شامل ہوجانا حکم الٰہی کی تکمیل نہیں ہے۔

صحابۂ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کاعمل ہماری رہ نمائی کررہاہے کہ حضرت سہل بن ساعد رضی اللہ عنہ نے بتایا: ’’ہم نہ تودوپہرکوآرام کرتے تھے اورنہ ہی دوپہرکا کھانا کھاتے تھے مگرنماز جمعہ کے بعد، کہ کہیں ان کامون کے سبب نمازِ جمعہ میں تاخیرنہ ہوجائے۔ ذرا سوچیں کہ صحابۂ کرام اللہ ورسول کے احکام کی تعمیل کے لیے کس قدراحتیاط فرماتے تھے۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا:’’اوربیع چھوڑدو‘‘۔ بیع کے معنی اگرچہ صرف بیچنا ہے لیکن یہ لفظ خریدوفروخت دونوں ہی کے لیے استعمال ہوتاہے۔

یہاں قرآن کریم نے اس کومزید وسیع مفہوم میں استعمال فرمایا ہے اوراس سے مراد تمام کاروبار ہے کیوں کہ اصل بیع وشرا ہی ہے یعنی تمام کاروبار کا دارومدار تجارت پرہی ہے، چاہے اس کاتعلق زراعت ، صنعت وحرفت سے یا ملازمت سے ہو، سب کا سرچشمہ تجارت ہی ہے۔ پس ہدایت کی جارہی ہے کہ جونہی اذانِ جمعہ سنی جائے یا اس کا وقت ہوجائے توتمام کاروباربندکردیاجائے کہ اذانِ جمعہ سے قبل کاروبارکرناحرام ہے اورحرام میں کبھی برکت نہیں ہوسکتی۔

جمعہ کے دن اذان سے پہلے کا وقت تو صرف نماز جمعہ کی تیاری اوراہتمام کے لیے ہے اورجووقت باقی رہے اس میں اللہ کی عبادت اوراس کاذکرکرناچاہیے لیکن افسوس کہ ہم اسی وقت نہ جانے کیاکیا کام نکال لیتے ہیں حتیٰ کہ کھیل کود اورتماشوں کا اہتمام اسی وقت کیاجاتاہے۔ نتیجتاً مسجددیر سے پہنچنا اوراتنی دیرسے کہ خطبہ سننے کاموقع بھی بمشکل ہی مل پاتاہے، یہ طریقہ عام ہوگیاہے جبکہ اتنی تاخیرکرناسخت گناہ ہے۔

ایمان والوں کویہ ہدایت دی جاتی ہے کہ شرسے بچو اورخیرکواختیارکرو۔اذانِ جمعہ سے قبل نمازِ جمعہ کااہتمام کرو۔ہفتہ وارعیدمناؤ ،اس کے ملنے پراللہ رب العزت جل مجدہ کاشکراداکرو،دوگانہ شکرانہ پڑھو،قرآن کریم کی تلاوت کرو اور اپنے آقا ﷺ کے حضور ہدیۂ درود پیش کرو،بکثرت درود پڑھو کہ دربار عالی لگاہواہے فرشتے آئے ہوئے ہیں ۔

غلاموں کی درودخوانی پروہ رشک بھی کررہے ہیں اوران کے درود کوان کے آقا ﷺ کے دربارمیں پیش بھی کررہے ہیں۔ بڑے ہی مقدر والاہوگا وہ غلام جس کے درود کی مہک آقا کواس کی طرف متوجہ کردے ۔ پس خوب درود پڑھو، خوب اس کی برکتیں لوٹو کہ درود وہ دعاہے جس کے بعد کسی دعا کی ضرورت ہی نہیں باقی نہیں رہتی، سب کچھ اسی کے وسیلے سے نصیب ہوجاتاہے ۔

علماے کرام نے لکھاہے کہ:” نمازِ جمعہ کے بعداللہ کاذکرکرتے ہوئے جب کاروبار کیاجاتاہے تو اس میں اللہ اپنے فضل وکرم سے بے حد برکت فرماتاہے اورکاموں کوسہل وآسان فرمادیتاہے” ۔ (ماخذو مراجع : بہار شریعت، یا ایھاالذین آمنوا، ج،2، ذکری للذاکرین، فیضانِ جمعہ )

مسلمانوں کوچاہیے کہ بروزِ جمعہ نماز کی تیاری میں مشغول ہوجائیں اورکسی بھی حال میں کبھی بھی نمازِ جمعہ نہ چھوڑیں ۔ نمازِ جمعہ سے فارغ ہوکراپنے کاموں میں مصروف ہوجائیں ۔اورہرحال میں اللہ رب العزت پرکامل یقین وبھروسہ رکھیں کہ وہی کامیابی دینے والاہے۔یہ بات ہمیشہ یاد رکھیں اورخوب سمجھ لیں کہ اللہ تعالیٰ ہی بہترین رزق دینے والاہے۔دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ قوم مسلم کے جوانوں کوہدایت عطافرمائے ،آمین۔

تحریر : (مفتی) محمدشمس تبریز علیمی

اسلامی اسکالر.(ایم.اے.ایم فل) مدارگنج، ارریہ. بہار۔

afkareraza
afkarerazahttp://afkareraza.com/
جہاں میں پیغام امام احمد رضا عام کرنا ہے
RELATED ARTICLES

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here

Most Popular

Recent Comments

قاری نور محمد رضوی سابو ڈانگی ضلع کشن گنج بہار on تاج الشریعہ ارباب علم و دانش کی نظر میں
محمد صلاح الدین خان مصباحی on احسن الکلام فی اصلاح العوام
حافظ محمد سلیم جمالی on فضائل نماز
محمد اشتیاق القادری on قرآن مجید کے عددی معجزے
ابو ضیا غلام رسول مہر سعدی کٹیہاری on فقہی اختلاف کے حدود و آداب
Md Faizan Reza Khan on صداے دل
SYED IQBAL AHMAD HASNI BARKATI on حضرت امام حسین کا بچپن