Tuesday, November 19, 2024
Homeمخزن معلوماتمیرے ہاتھ میں جو قلم ہے استاذ کی عطا ہے

میرے ہاتھ میں جو قلم ہے استاذ کی عطا ہے

میرے ہاتھ میں جو قلم ہے استاذ کی عطا ہے

آصف جمیل امجدی

ہر دہر میں استاذ کی اہمیت و افادیت کو مسلم الثبوت مانا گیا ہے۔ اللہ عزوجل نے نبی آخرالزماں ﷺ کے صدقے میں، کائنات و مافیھا کی خلقت فرماٸی، وہ مقدس نبی اپنی معرفت ایک بہترین معلم [استاد] کی شکل میں فرما رہے ہیں۔

گویا کاٸنات میں رنگ و روغن ایک ماہر تجربہ کار بااخلاق استاذ کے دم قدم اور محنتوں کا مثبت ثمرہ ہے۔ ایک انسان اگر اپنی زندگی کی رعناٸیوں میں گوناگوں نعمتوں سے بحراور ہے، عزت و شرف کے اعلیٰ منسب پر فاٸزالمرام ہے تو یہ سب اساتذہ کی مرہون منت ہے جس کا کسی زباں میں مجال انکار نہیں۔

آج ہی کے تاریخ یعنی 05/ ستمبر کو طلبہ یوم اساتذہ[Teacher,s day] کے حسین موقع پر اپنے جملہ معزز اساتذہ کی بارگاہ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں اور ان کی صلاحیتوں کو بروۓ کار لانے کی نایاب کوشش کرتے ہیں۔ کیوں کہ طلبہ کو معلوم ہے کہ انہی کی پاکیزہ ٹھوکروں میں ہمارے تخت و تاراج ہیں۔ اگرچہ مہمان رسول کی منور فہرست میں نام درج کرانے کا سہرا والدین کے سر سجتا ہے، لیکن علم مصطفےٰﷺ کا طالب و شاٸق بنانا اساتذہ کرام کی مشفقانہ و اخلاقیانہ کردار کا نتیجہ ہے۔

اگر طلبہ علم دین کی حصولیابی میں مصروف عمل ہیں تو یہ انہی مشفق اساتذہ کی مرہون منت ہے۔ خوف خدا، عشق مصطفےٰ کے شیریں جام سے اسی میکدے نے شرسار کیا ہے۔

انہی کے در سے عزت و شرف، علم و عمل کی ساری بہاریں ہیں۔ ایک شاگرد کو اپنے استاذ کی بارگاہ سے ایسی ایسی نادر و نایاب لازوال دولت ملتی ہے جس کا وہ زندگی میں کبھی تصور تک بھی نہیں کرسکتا۔ ایک استاذ ہی ہے جو طلبہ کو جہل کی تاریک وادیوں سے نکال کر، نور علم سے ان کے سینوں کو منور و مجلیٰ کرتے ہیں۔ جب بھی انسان اپنے آپ کو ترقی یافتہ پاۓ گا تو اس کی زندگی کے رموز و اوقاف کے فریم پر سنہرے حرفوں سے “استاذ” لکھا ہوگا۔

تعلیم قومی زندگی کے لیے ریڑھ کی ہڈی کے مانند ہے۔ تعلیم یافتہ افراد ہی سماجی زندگی کے تانے بانے بنتے ہیں۔ وقت کی نبض پر انہی کی نظر ہوتی ہے۔بدلتے حالات کا تجزیہ کرتے ہوۓ منصوبہ بندی بھی انہی کے ذریعہ ممکن ہوتی ہے۔قوموں کے عروج و زوال میں تعلیمی زندگی اور ان کے تقاضوں پر عمل آوری فیصلہ کن کردار نبھاتی ہے۔

حصولِ علم کے بنیادی ارکان میں سے ایک اہم رُکن استاذ ہے، تحصیلِ علم میں جس طرح درسگاہ و کتاب کی اہمیت ہے اسی طرح حصولِ علم میں استاذ کا ادب و احترام مرکزی حیثیت کا حامل ہے۔ استاذ کی تعظیم و احترام شاگرد پر لازم ہے کہ استاذ کی تعظیم کرنا بھی علم ہی کی تعظیم ہے اور ادب کے بغیر علم تو شاید حاصل ہو جائے مگر فیضانِ علم سے یقیناً محرومی ہوتی ہے اسے یوں سمجھئے: “با ادب با نصیب، بے ادب بے نصیب” استاذ کے ادب کے مختلف دینی اور دُنیوی فوائد طالبِ علم کو حاصل ہوتے ہیں

جن میں سے بعض یہ ہیں:

(1) امام بُرھان الدّین زرنوجی رحمۃ اللّٰه علیہ فرماتے ہیں: ایک طالبِ علم اس وقت تک علم حاصل نہیں کر سکتا اور نہ ہی اس سے نفع اٹھا سکتا ہے جب تک کہ وہ علم، اہلِ علم اور اپنے استاذ کی تعظیم و توقیر نہ کرتا ہو۔

(2) امام فخر الدین ارسا بندی رحمۃ اللّٰه علیہ مَرْو شہر میں رئیسُ الائمہ کے مقام پر فائز تھے اور سلطانِ وقت آپ کا بے حد ادب و احترام کیا کرتا تھا۔ آپ فرمایا کرتے تھے کہ مجھے یہ منصب اپنے استاذ کی خدمت و ادب کرنے کی وجہ سے ملا ہے۔ (راہ علم، ص 35 تا 38 ملتقطاً)

(3) صلاحیتِ فکر و سمجھ میں اضافہ ہونا

(4) ادب کے ذریعے استاذ کے دل کو خوش کر کے ثواب حاصل کرنا، حدیث ِپاک میں ہے: اللّٰه پاک کے فرائض کے بعد سب اعمال سے زیادہ پیارا عمل مسلمان کا دل خوش کرنا ہے۔ (معجم اوسط، 6 / 37، حدیث: 7911)

(5) ادب کرنے والوں کو اساتذۂ کرام دل سے دُعائیں دیتے ہیں اور بزرگوں کی دعا سے انسان کو بڑی اعلیٰ نعمتیں حاصل ہوتی ہیں۔ (صراط الجنان، 8 / 281)

(6) ادب کرنے والے کو نعمتیں حاصل ہوتی ہیں اور وہ زوالِ نعمت سے بچتا ہے کیونکہ جس نے جو کچھ پایا ادب و احترام کرنے کے سبب ہی سے پایا اور جس نے جو کچھ کھویا وہ ادب و احترام نہ کرنے کے سبب ہی کھویا۔ (تعلیم المتعلم، ص 35)

(7)استاذ کے ادب سے علم کی راہیں آسان ہو جاتی ہیں۔ (علم و علماء کی اہمیت، ص 108)

والدین کی بھی ذمہ داری ہے کہ اپنی اولاد کو علم و اہلِ علم کا ادب سکھائیں۔ حضرت ابنِ عمر رضی اللّٰه عنہ نے ایک شخص سے فرمایا: اپنے بیٹے کو ادب سکھاؤ بے شک تم سے تمہارے بیٹے کے بارے میں پوچھا جائے گا اور جو تم نے اسے سکھایا اور تمہاری فرمانبرداری کے بارے میں اس لڑکے سے سوال کیا جائے گا۔ (شعب الایمان، حدیث: 8409)

اپنے استاد کی ہمیشہ دل سے قدر کیجیے، وہ چاہے مالی طور پر کم حیثیت کے ہوں، کبھی بھی ان کو مزاق کا نشانہ نہ بنائیۓ۔ یہ خدا کو غضب ناک کرنے والی بات ہے۔ ☜استاد روحانی باپ کی طرح ہوتا ہے، سختی کرے یا ترش بولے تو اس کی اِدھر اُدھر شکایت نہیں کرنی چاہیے۔بلکہ اس کا جائز شکوہ اور گلہ دور کرکے اسے خوشی کا موقع فراہم کرنا چاہیے۔ ☜استاد کی خوشیوں اور غموں میں شریک ہونا چاہیے۔ ☜استاد کی نظروں میں مقام بنانا مشکل کام نہیں ۔ اس کی پسند اور نگاہوں کو جانیں۔

جس جس خوبی اور کام کو وہ محبوب رکھتے ہیں اسے اختیار کریں۔ ☜استاد سے کبھی گستاخی نہ کریں اور نہ ہی اونچے لہجے میں بات کریں۔ ☜استاد کے ساتھ کج بحثی سے ہمیشہ گریز کریں۔غیر موجودگی میں ان کے عزت کی حفاظت کریں۔ ناکہ دوسروں کے ساتھ مل کر ان کے الٹے سیدھے نام رکھے جائیں اور ان کا مزاق اڑایا جاۓ۔ ☜استاد سے تعلیم کے علاوہ بھی مشورے لینے اور رہنمائی حاصل کرنا کا ماحول بنانا چاہیے۔تاکہ ان کے تجربے اور مشاہدے سے فیض حاصل ہوسکے۔

استاد سے تعلیم مکمل ہونے کے بعد بھی رابطہ رکھنا چاہیے اور کبھی کبھی تحائف بھی بھجواتے رہنا چاہیے۔ روحانی ماں باپ کی دعائیں بے حد کارگر ہوتی ہیں۔

یوم اساتذہ[Teachers day] کی مناسبت سے پیاری سی نظم نذر قارئین کی جارہی ہے۔

استاذ محترم کو میرا سلام کہنا

اے دوستو!

ملیں تو بس اک پیام کہنا

کتنی محبتوں سے پہلا سبق پڑھایا

میں کچھ نہ جانتا تھا سب کچھ سکھایا

ان پڑھ تھا اور جاہل، قابل مجھے بنایا

دنیاے علم و دانش کا راستہ مجھے دکھایا

مجھ کو دلایا کتنا اچھا مقام

کہنا استاذ محترم کو میرا سلام

مجھ کو خبر نہ تھی آیا ہوں کہاں سے

ماں باپ اس زمیں پر لائے تھے آسماں سے

پہنچا دیافلک تلک استاذ نے یہاں سے

واقف نہ تھا ذرا بھی اتنے بڑے جہاں سے

جینے کا فن سکھایا مرنے کا بانکپن بھی

عزت کے گر بتاۓ، رسوائی کے چلن بھی

کانٹے بھی راہ میں ہیں، پھولوں کی انجمن تھی

تم فخر قوم بننا اور نازش وطن بھی

ہے یاد مجھ کو ان کا اک اک کلام

کہنا! استاذ محترم کو میرا سلام کہنا

جو علم کا علم ہے استاذ کی عطا ہے

ہاتھوں میں جو قلم ہے استاد کی عطا ہے

جو فکر تازہ دم ہے استاد کی عطا ہے

جو کچھ کیا رقم ہے استاد کی عطا ہے

ان کی عطا سے چمکا ہے نام کہنا!

استاذ محترم کو میرا سلام کہنا۔ (منقول)

(مضمون نگار روزنامہ شان سدھارتھ کے صحافی ہیں)

شب قدر عنایات الٰہی کی مقدس رات
afkareraza
afkarerazahttp://afkareraza.com/
جہاں میں پیغام امام احمد رضا عام کرنا ہے
RELATED ARTICLES

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here

Most Popular

Recent Comments

قاری نور محمد رضوی سابو ڈانگی ضلع کشن گنج بہار on تاج الشریعہ ارباب علم و دانش کی نظر میں
محمد صلاح الدین خان مصباحی on احسن الکلام فی اصلاح العوام
حافظ محمد سلیم جمالی on فضائل نماز
محمد اشتیاق القادری on قرآن مجید کے عددی معجزے
ابو ضیا غلام رسول مہر سعدی کٹیہاری on فقہی اختلاف کے حدود و آداب
Md Faizan Reza Khan on صداے دل
SYED IQBAL AHMAD HASNI BARKATI on حضرت امام حسین کا بچپن