Monday, September 9, 2024
Homeمخزن معلوماتمارہرہ مطہرہ کا پیغام آدھی روٹی کھائیے بچوں کو پڑھائیے

مارہرہ مطہرہ کا پیغام آدھی روٹی کھائیے بچوں کو پڑھائیے

مارہرہ مطہرہ کا پیغام آدھی روٹی کھائیے بچوں کو پڑھائیے

مشائخ مارہرہ کا پیغام آدھی روٹی کھائیے بچوں کو پڑھائیے

مشائخ ِمارہرہ کا پیغام : آدھی روٹی کھائیے بچوں کو پڑھائیے !

صوبہ اتر پردیش میں واقع ضلع ایٹہ سے تقریباًسولہ میل کے فاصلے پر صوفیاے کرام کی ایک بستی مارہرہ کے نام سے آبادوشاد ہے ۔جو خانقاہ برکاتیہ کے نام سے ملک اور بیرون ممالک میں مشہور و متعارف ہے۔سلسلہ برکاتیہ کے بانی اسی خانوادے کے ایک بلند پایہ بزرگ حضور صاحب البرکات حضرت برکت اللہ عشقی پیمی قدس سرہ ہیں۔

یہ سلسلہ قادریہ کی ایک ذیلی شاخ ہے ۔یہاں ایک ہی گنبد کے نیچے سات قطب آرام فرما رہے ہیں۔اسی خانقاہ نے سلسلہ قادریہ سے ہندوستان کے لوگوں کوروشناس کرایا اور اس کی تعلیمات کو فروغ دینے کے لیے خود کی انتھک کوششوں کے ساتھ ہونہارافراد بھی پیدا کیے۔یہاں کی سرزمین ان اولیائے کرام کی آمد ہی سے ہمیشہ مرکز عقیدت ومحبت بنی رہی۔اکابر علماے کرام اس خانقاہ سے وابستہ رہے ۔

چودہویں صدی کے مجدداعلیٰ حضرت امام احمد رضا فاضل بریلوی اسی خانقاہ سے مرید وخلیفہ ہوئے ،جن کے تجدیدی اور تصنیفی کارناموں سے علماے عرب وعجم بھی آپ کے شیدائی وفدائی رہے۔

خانقاہ برکاتیہ عالیہ مارہرہ مقدسہ کی حیثیت اپنے تمام تر روحانی فیوض وبرکات کے ساتھ ساتھ ایک علمی و اصلاحی مرکز کی ہے۔اس کا ہمیشہ سے یہ طرہ امتیاز رہا ہے کہ اس خانوادے سے اٹھنے والی عہدساز شخصیتوں نے پوری دنیا سے اسلام کا تعارف کراتے ہوئے اس کے انسانی و اخلاقی چہرے کو اجاگر کیا ہے۔

اس خانقاہ میں ذکر ومجاہدہ اور تزکیہ نفس کے ساتھ دنیاوی زندگی میںاعلی مقام ومرتبہ حاصل کرکے خدمت خلق اور ملک وملت کے ترقی کی عملی تربیت دی جاتی ہے۔کیوں کہ یہاں کے بزرگوں کا ماننا ہے کہ جو تعلیم انسان کو انسانیت اور خدمت خلق سے دور کر دے وہ علم بے کارو بے سود ہے۔

 

 

خانقاہ عالیہ برکاتیہ کے مشائخ کرام اپنے اپنے دور میںامت مسلمہ کے درمیان فروغ تعلیم اور اپنے اس مشن کو ہر گھر تک پہنچانے کے لیے جو کلیدی کردار ادا کیا ہے وہ رہتی دنیا تک فراموش نہیں کیا جاسکتا۔یہی وہ خانقاہ برکاتیہ ہے،جس کا شہرت یافتہ نعرہ’’ آدھی روٹی کھائیے بچوں کو پڑھائیے ‘‘ ہے۔

یہ وہ انقلابی نعرہ ہے جس نے نہ جانے کتنے لوگوں کو جہالت کی گمرہی سے نکال کرعلم وآگہی کی ایسی روشنی عطا کی کہ جس کے اجالے میںانہوں نے اپنے لیے دارین میںکامیابیوں کے لیے سنہرے راستے تلاش بھی کیے اور بے شمار ناخواندہ اور پس ماندہ طبقات کے گھروں میں علم کی شمع فروزاں کرنے کے لیے سعی پیہم بھی کر رہے ہیں۔

مشائخ خانوادہ برکاتیہ ہر زمانے میں اپنے امتیازی علم وفضل کے سبب ایک خاص اہمیت ومقبولیت کے حامل رہے۔علم وفضل اور استقامت وکرامت کے باوجود بھی خود کو خوف خدا کے دائرے میں رکھ کر مخلوق کے ساتھ جس طرح سے پیش آئے،ایسی مثال نادر ونایاب ہے۔

اس خانقاہ کی ایک خاص امتیازی شان رہی ہے کہ یہ حضرات دور قدیم سے لے کر اب تک صاحب علم وقلم رہے ہیں۔یہی وجہ ہے کہ آج بھی یہاں کے مشائخ اہل علم کی پذیرائی بھرے مجمع میں کرتے ہیںاوران کی ملی و دینی خدمات پر اپنی خاص دعاؤںاور محبتوں سے نوازتے بھی ہیں۔

مشائخ مارہرہ مقدسہ کا یہ خاصہ رہاہے کہ ان بزرگوں نے جہاں پر لوگوں کو ایک دوسرے سے محبت کرنے اور اخوت وبھائی چارے کا درس دیا وہیں پر تعلیم وتربیت کی اہمیت وضرورت سے لوگوں کو روشناس کراکر،ناخواندہ اور پسماندہ طبقے کے اندرنہ یہ کہ صرف جذبہ تعلیم وتعلم کو پروان چڑھایا بلکہ انہیں دنیا وآخرت میںکامیابی سے ہم کنار کر نے کے لیے معقول ومناسب بندوبست اور بہترین راستے بھی ہموار کیے۔

ان صوفیاے کرام نے تصوف کی تعلیمات کے ذریعہ بے شمار بنجر دلوں کی دنیا کو آباد وشاد کرنے کے ساتھ ساتھ خدمت خلق کے لیے علمی شجر بھی لگائے۔

خانقاہ برکاتیہ کا علمی شجر’البرکات ایجوکیشنل سوسائٹی‘ خانقاہ برکاتیہ نے علم کی ترویج واشاعت اور حضور احسن العلماسید مصطفی حیدر حسن مارہروی قدس سرہ کے خواب کو شرمندہ تعبیرکر نے کے لیے البرکات ایجوکیشنل سوسائٹی کا قیام 1995ء میں کیا۔

اس کے بعد 2002ء میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں ایک تعلیمی سیمینار کا انعقادکرکے جامعہ البرکات کا سنگ بنیادجناب محترم نسیم احمد صاحب سابق وائس چانسلر علی گڑھ اورامین ملت پروفیسرسید محمد امین میاں قادری کے مقدس ہاتھوں سے عمل میں آیا۔

جامعہ البرکات خانقاہ برکاتیہ کا وہ علمی شاہ کار ہے جس کی حسین اور دیدہ زیب عمارتیں ہرکسی کو دعوت نظارہ پیش کرتی ہیں۔ یہ ادارا جہاں پر اپنے مؤثرطریقہ تعلیم اور حسن انتظام کے لیے پورے ملک میں قدر کی نگاہوں سے دیکھا اوراپنی عمدہ کامیابیوں کے باعث سراہا جارہا ہے وہیں پردیگر حضرات کو تقلید کی دعوت بھی پیش کر رہا ہے ۔

یہ ادارا لڑکوں اور لڑکیوںکی اسلامی تربیت ونگہداشت کے ساتھ اعلیٰ معیار تعلیم میں ممتاز مقام رکھتا ہے۔اس سوسائٹی کے زیر اہتمام درجنوں شعبے اپنی مؤثرکن فعالیت وخدمات کا لوہا منوا رہے ہیں ۔چند شعبوں کے نام درج ذیل ہیں:

(1)البرکات پلے اینڈ لرن سینٹر

(2)البرکات سینئر سیکنڈری اسکول(بوائز)

(3)البرکات قادریہ اسکول (گرلس)

(4)البرکات انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ اسٹڈیز(MBA)

(5) البرکات انسٹی ٹیوٹ آف ایجوکیشن (B.ED)

(6)البرکات آف گریجویٹ اسٹڈیز

(7)البرکات سید حامد علی کمیونٹی کالج

(8)البرکات آفٹر نون کلاس

(9)مارہرہ پبلک اسکول

(10)جامعہ احسن البرکات

(11)البرکات اسلامک ریسرچ اینڈ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ۔

ان کے علاوہ البرکات ایجوکیشنل سوسائٹی کے جذبہ فروغ علم اور یہاں کے بہترین تعلیمی انتظام وانصرام سے متأثرہوکرہندوستان کے اکناف واطراف میں بہت سارے حضرات اس علمی کارواں میں شامل ہورہے ہیں اور اپنے اپنے علاقے اور شہر میں خانقاہ برکاتیہ کے مشن (فروغ علم)کو عام وتام کرنے کے لیے جی توڑ کوشش کررہے ہیں۔

کرلاممبئی میں البرکات ملک محمد اسلام اسکول،سورت گجرات میں البرکات پبلک اسکول اورشہر کان پور میں البرکات کمپیوٹر سینٹر کا قیام عمل میں آیا۔

المختصر یہ کہ اس برکاتی تعلیمی ٹیم کی جوان سال حوصلوں اورعلم کی ترویج واشاعت کے لیے پر خلوص محنتوں کو دیکھ کر یہ بات وثوق کے ساتھ کہی جاسکتی ہے کہ جو علم و ادب کی شمع خانقاہ برکاتیہ نے جامعہ البرکات کے نام سے روشن کیا ہے ان شاء اللہ اس سے ہر طرف چراغ روشن ہوں گے اور پورے ملک میں’ آدھی روٹی کھائیے بچوں کو پڑھائیے ‘کا نعرہ معراج کمال کو پہنچ کرہر شہر میں گونجے گا ۔ان شاء اللہ۔

آج ہندوستان اور ہندوستان سے باہرایمان وعقیدے کی پختگی کے ساتھ ساتھ سواد اعظم اہل سنت کی ظاہری تعلیم وتربیت اور روحانی اصلاح میں خانقاہ برکاتیہ کا کلیدی کردارسب کے سامنے ہے۔اس کی سب سے بڑی وجہ مشائخ مارہرہ کا صوفیانہ اور عالمانہ طرز عمل اور یہاں سے فیض یافتہ خلفاء کی دینی،ملی اور اصلاحی خدمات کے ساتھ بزرگوں کا فیضان تصرف ہے۔

اس ادارے کا ایک ادنیٰ طالب علم ہونے کے ناطے میں بالخصوص اپنے تمام برکاتی بھائیوں اوربالعموم تمام ذمہ داران قوم سے گزارش کرتا ہوں کہ جس طرح ہمارے بزرگوں نے ہمارے تعلیم و ترقی کے لیے تعلیمی ،اصلاحی اورتصنیفی ادارے قائم کر کے دونوں جہان میں سر خروئی کے لیے بہترین ذرائع پیدا کیے ایسے ہی ہم بھی موجودہ اورآنے والی نسلوں کو در پیش مسائل کے حل کے لیے مؤثراقدامات کے ساتھ ان کے لیے فخر سے زندگی گزارنے کا راستہ ہموار کریں۔

نعیم الدین فیضی برکاتی

اعزازی ایڈیٹر:ہماری آواز

پرنسپل:دارالعلوم غریب نواز احمد نگر کٹنی(ایم۔پی)

mohdnaeemb@gmail.com

afkareraza
afkarerazahttp://afkareraza.com/
جہاں میں پیغام امام احمد رضا عام کرنا ہے
RELATED ARTICLES

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here

Most Popular

Recent Comments

قاری نور محمد رضوی سابو ڈانگی ضلع کشن گنج بہار on تاج الشریعہ ارباب علم و دانش کی نظر میں
محمد صلاح الدین خان مصباحی on احسن الکلام فی اصلاح العوام
حافظ محمد سلیم جمالی on فضائل نماز
محمد اشتیاق القادری on قرآن مجید کے عددی معجزے
ابو ضیا غلام رسول مہر سعدی کٹیہاری on فقہی اختلاف کے حدود و آداب
Md Faizan Reza Khan on صداے دل
SYED IQBAL AHMAD HASNI BARKATI on حضرت امام حسین کا بچپن