روز جمعہ ایک عظیم نعمت ہے ، اس کی قدر کریں
جس طرح مسلمانوں کے لیے عیدو بقرعید بہت خاص ہوتے ہیں اسی طرح یوم جمعہ بھی ایک مسلمان کے لیے بڑی اہمیت کا حامل ہوتا ہے، بلکہ حدیث کے مطابق جمعہ کےدن کو قربانی اور عید الفطر کے دن سے بھی زیادہ عظیم فرمایا گیا ہے۔ واقعی ہم بہت خوش نصیب ہیں کہ اللہ عزوجل نے ہمیں جمعۃ المبارک جیسی نعمت سے سرفراز فرمایا ہے۔
احادیث میں وارد جمعہ کے فضائل:
قرآن و حدیث میں جمعہ کی بہت سی فضیلتیں وارد ہیں ۔ جمعہ مسلمانوں کی عید ہے۔ جمعہ کو سیدالایام یعنی دنوں کا سردار اور سب دنوں سے زیادہ عظمت والا بتایا گیا ہے۔ جمعہ کے روز، جہنم کے دروازے بند رکھے جاتے ہیں۔ قیامت کے دن جمعہ کو دلہن کی طرح اٹھایا جائے گا ۔ جمعہ کے روز ایک نیکی کا ثواب ستر گناہ ملتا ہے۔ تاہم یہ بھی یاد رہے کہ جمعہ کے روز گناہ کا عذاب وبال بھی ستر گنا ہے ۔
جمعہ کے روز مرنے والا خوش نصیب وخوش عقیدہ مسلمان تا قیام قیامت عذاب قبر سے حفظ و امان میں رہتا ہے ۔ اسی دن حضرت آدم علیہ السلام پیدا فرمائے گئے، آپ علیہ السلام اسی دن زمین پر اتارے گئے ، اسی دن قیامت قائم ہوگی۔ اس مبارک دن کے اندر ایک ایسا وقت آتا ہے جس میں بندہ اللہ تعالیٰ سے جو بھی چیز مانگے، اللہ تبارک و تعالی اسے ضرور عطا فرماتا ہے بشرطیکہ وہ حرام نہ ہو۔
فضا ئل جمعہ کے بیان میں یہی بس ہے کہ اللہ سبحانہ و تعالیٰ نے اپنی مقدس کتاب کے اندر جمعہ سے متعلق ایک پوری سورت “سورۃ الجمعہ” کے نام سے نازل فرمائی ہے ، جس میں جمعہ کی فرضیت اور دوسرے احکام و مسائل بیان کیے گئے ہیں۔
حدیث نبوی میں جمعہ کو غریبوں اور مسکینوں کا حج قرار دیا گیا ہے۔
لیکن افسوس! ہم جمعہ کے دن کو بھی عام دنوں کی طرح غفلت میں گزار دیتے ہیں حالاں کہ جمعہ کے فضائل کو پیش نظر رکھتے ہوئے ہمیں اس دن کو بہت خاص اہمیت دینی چاہیے اور ایک مخصوص طریقے سے سنت نبوی کے مطابق گزارنا چاہیے۔ آنے والے سطور میں ہم جمعہ کے دن کی جانے والی چند خاص نیکیوں کا ذکر کریں گے تاکہ انہیں بجا لا کر ہم روز جمعہ کو ایک خاص طریقے سے گزاریں، اور آخرت کے لئے ثواب کا ذخیرہ کر سکیں ۔ و باللہ التوفیق وھو خیر الرفیق!
روز جمعہ عمامہ شریف باندھنے کی فضیلت:
جمعہ کے دن عمامہ شریف باندھنے کی کوشش کریں کیوں کہ یہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت بھی ہے اور فرمان بھی۔ آپ فرماتے ہیں: بے شک اللہ اور اس کے فرشتے جمعہ کے دن عمامہ باندھنے والوں پر درود بھیجتے ہیں۔
جمعہ کے دن ناخن تراشنے کی فضیلت:
جمعہ کے دن ناخن تراشنے اور مونچھیں کتروا نے کی عادت ڈالیں کہ یہ ہمارے نبی علیہ الصلوۃ والتسلیم کی سنت مبارکہ ہے۔ بہار شریعت میں حدیث منقول ہے کہ جو جمعہ کے روز ناخن ترشوائے، اللہ پاک اس کو دوسرے جمعہ تک بلاؤں سے محفوظ رکھے گا اور تین دن زائد یعنی دس دن تک۔ ایک روایت میں یہ بھی آیا ہے کہ جو جمعہ کے دن ناخن تراشے، اللہ پاک اس کی بیماری دور کرتا ہے اور اسے شفا عطا فرماتا ہے۔
روز جمعہ غسل کرنے، خوشبو لگانے اور صاف کپڑے پہننے کی فضیلت:
اسی طرح کوشش کریں کہ جمعہ کے دن بہترین طریقے سے غسل کریں، میسر ہو تو خوشبو لگائیں اور صاف عمدہ کپڑے پہنیں۔ حدیث میں ہے کہ جس نے جمعہ کے دن غسل کیا اور اچھے کپڑے پہنے، پھر اگر اس کے پاس خوشبو تھی تو اسے لگایا، پھر جمعہ کے لیے سکون وقار کے ساتھ چلا اور کسی کی گردن پھلانگی نہ کسی کو تکلیف پہنچائی ، پھر نماز ادا کی اور امام کے لوٹنے تک انتظار کیا تو اس کے دو جمعہ کے درمیان کے گناہ بخش دیئے جائیں گے۔
جمعہ کے لیے جلد آنے کی فضیلت:
جمعہ کے دن اپنے کاموں کا شیڈیول تھوڑا نرم اور ہلکا رکھیں تاکہ ان سے جلد فارغ ہو سکیں اور جمعہ کے لیے جامع مسجد میں مقررہ وقت سے کچھ پہلے حاضر ہوجائیں۔ حدیث رسول میں جمعہ کی نماز کے لیے جلدی نکلنے میں حج جیسا ثواب کا وعدہ فرمایا گیا ہے۔
خاص گھڑی جس میں دعائیں قبول ہوتی ہیں :
حدیث میں ہے کہ جمعہ کے روز ایک ایسی مخصوص گھڑی ہے کہ اگر کوئی مسلمان اسے پا کر اس وقت اللہ سے کچھ مانگے تو اللہ پاک اس کو ضرور عطا فرمائے گا بشرطیکہ وہ حرام نہ ہو اور وہ گھڑی مختصر ہے ۔ اللہ کے نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک حدیث میں اس گھڑی کی طرف اشارہ فرمایا ہے۔ فرماتے ہیں:
جمعہ کے دن جس ساعت کی خواہش کی جاتی ہے، اسے عصر کے بعد سے غروب آفتاب تک تلاش کرو۔ علماء کرام نے فرمایا کہ اس مقبول گھڑی سے متعلق ایک قول امام کے ممبر پر خطبہ کے لئے بیٹھنے سے ختم نماز تک کا بھی منقول ہے۔
جمعہ کے دن خاص پانچ نیک کاموں کی ترغیب:
اسی طرح جمعہ کے دن عیادت کرنے ،نماز جنازہ میں حاضر ہونے ، روزہ رکھنے اور صدقہ کرنے کی بھی بڑی ترغیب آئی ہے ۔ آقا کریم علیہ الصلوۃ والسلام کا فرمان عالیشان ہے کہ پانچ چیزیں جو ایک دن میں کرے گا ، اللہ پاک اس کو جنتی لکھ دے گا۔
(1) مریض کی عیادت کرنا
(2) نماز جنازہ میں حاضر ہونا
(3) روزہ رکھنا
(4) نماز جمعہ کو جانا اور
(5) غلام آزاد کرنا۔
جمعہ کے دن زیارت قبور کی فضیلت:
جن کے والدین یا ان میں سے کوئی ایک وفات پا چکے ہو ں ، ان کے لیے اپنے ماں باپ کی قبر پر حاضری دینا بڑا کارثواب فرمایا گیا ہے۔ حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام فرماتے ہیں کہ جو اپنے ماں باپ دونوں یا ایک کی قبر پر جمعہ کے دن زیارت کو حاضر ہو، اللہ تعالی اس کے گناہ بخش دے اور والدین کے ساتھ حسن سلوک کرنے والا لکھا جائے۔
روز جمعہ سورہ کہف کی تلاوت کی فضیلت:
اسی طرح جمعہ کے روز سورۃ الکہف کی تلاوت کرنے کی بھی بڑی فضیلت ثابت ہے۔ حدیث میں ہے کہ جو شخص جمعہ کے روز سورہ کہف پڑھے، اس کے قدم سے آسمان تک نور بلند ہوگا جو روز قیامت اس کے لئے روشن ہوگا اور دو جمعہ کے درمیان جو گناہ ہوئے بخش دیئے جائیں گے۔
خیال رہے کہ جمعہ کی نماز فرض عین ہے اور اس کی فرضیت ظہر سے بھی زیادہ مؤکد ہے۔ حدیث شریف میں ہے کہ جو تین جمعے سستی کی وجہ سے چھوڑ دے، اللہ پاک اس کے دل پر مہر کر دے گا ۔ اس وعید شدید سے ان لوگوں کو ڈرنا چاہیے جو بغیر کسی شرعی مجبوری کے صرف سستی کی وجہ سے جمعہ ترک کر دیتے ہیں۔
اللہ عزوجل ہم سب کو ہدایت دے اور جمعہ کا دن سنت نبوی کے مطابق گزارنے کی توفیق ارزانی فرمائے۔ آمین بجاہ نبی الامین صلی اللہ علیہ وسلم!
ہاشمی رضا مصباحی
نزیل حال: فیجی آئیلنڈز، ساؤتھ پیسیفک۔
ای میل:
hr.hashmi117@gmail.com