از قلم عدیل رضا فیاضی نعت مصطفیٰ ﷺ
نعت مصطفیٰ ﷺ
تُو اپنے و بیگانے کی تفریق مٹا کر
ہے سنتِ سرکار،غریبوں پہ دَیا کر
ممدوح خدا ذات گرامی ہوئی جن کی
بخشش کے لیے صبح و مسا ان کی ثنا کر
تشریف وہ لے آئیں گے امید ہے، لیکن
دل اپنا عقیدت سے ذرا غار حرا کر
بس اتنا کرم اور کریں مجھ پہ شہ دیں
مدحت کا دیں انعام مدینے میں بلا کر
ہو جائے گی تسکینِ جگر تجھ کو میسر
ورد اپنا ذرا صل علی صل علی کر
تنہائی ہے، وحشت ہے،اندھیرا ہے خدایا
مرقد میں، مجھے جلوۂ محبوب عطا کر
کھل جائے گا پھر تیرے تخیل کا گلستاں
اک بار تُو گلہاے وفا، نذرِ ثنا کر
پھر ہوگی تری روح معطر ہی معطر
کردار میں تُو خوشبوے اخلاص رکھا کر
بلوائیں مدینہ تو عدیؔل اُن کا کرم ہے
ہے کام ترا رب سے دعا کرنا، دعا کر
از قلم✍️
عدیل رضا فیاضی
قصبہ فرید پور
تحصیل بہیڑی ضلع بریلی شریف یو پی
+919928176516