Friday, November 22, 2024
Homeحدیث شریفبھلائی کا حکم اور برائی سے روکنا احادیث کی روشنی میں

بھلائی کا حکم اور برائی سے روکنا احادیث کی روشنی میں

از:سید نور اللہ شاہ بخاری بھلائی  کا حکم اور برائی سے  روکنا احادیث کی روشنی میں

بھلائی  کا حکم اور برائی سے  روکنا احادیث کی روشنی میں

نیک اعمال کی لوگوں کو ترغیب دینا اور برائیوں سے منع کرنا، جس کو شرعی  اصطلاح میں ”امر بالمعروف اورنہی عن المنکر“  کہا جاتاہے۔یہ دینِ اسلام کی بے شمار خوبیوں میں سے ایک خوبی اور بنیادی اصولوں میں سے  ایک ایسا اہم اصول ہے ،کہ جس پر اگر کوئی شخص عمل کرتاہے  تو گویا    وہ  ایک ایسا عمل کر رہا ہے،  جو انبیاے کرام کے دنیا میں آنے کا  سبب ہے

اور جس کا دوسرا نام تبلیغ ہے، لفظِ تبلیغ کی معنیٰ ’پہنچانا‘ ہے،  جس سے مراد نیکی کی دعوت  لوگوں تک پہنچانا اور ایسے تمام کاموں سے منع کرنا کہ جس سے اللہ اور اس کے رسول ﷺ ناراض ہوتے ہوں، (یہ مسلمانوں کے لیے ہے اور غیر مسلموں کے لیے پہلے صرف  اسلام کی دعوت) لفظ تبلیغ کے معنیٰ میں ”امر بالمعروف و نہی عن المنکر“  سے وسعت ہے۔

امر بالمعروف و نہی عن المنکر جملہ انبیاے کرام کی سنت ہے، اور ہمارے آقا و مولیٰ جناب محمد رسول اللہ ﷺ کی تو پیاری سنت ہے،  جس پرصحابۂ کرام رضوان اللہ  علیہم اجمعین  نے ایسا عمل کرکے دکھا یا جس کی دنیا مثال نہیں پیش کر سکتی ۔ 

امربا لمعروف اور نہی عن المنکر اس امتِ مرحومہ کا طرۂ امتیاز  ہے، جس کا ذکر اللہ تبارک و تعالیٰ نے اپنے کلام شریف میں کچھ اس طرح فرمایا: (ترجمہ  از کنزالایمان ) تم بہتر ہو اُن سب امتوں میں، جو لوگوں میں ظاہر ہوئیں، بھلائی کا حکم دیتے ہو اور برائی سے منع کرتے ہو اور اللہ پر ایمان رکھتے ہو (آل عمران آیت : ۱۱۰ )۔

 قرآن شریف میں اور بھی کئی جگہ امربالمعروف و نہی عن المنکر کا ذکر آیا ہے مگر  ہم یہاں طوالت سے بچتے ہوئے صرف اسی ایک آیت کریمہ پر اکتفا کرتے ہیں،  چوں کہ ہماراعنوان’امربالمعروف اور نہی عن المنکر احادیث  کی روشنی میں‘ ہے

لہذا  ان تمہیدی سطور کے بعد ہم نفسِ مضمون کی طرف آتے ہیں ۔ یعنی احادیث نبویہ علیٰ صاحبھا علیہ الصلوٰۃ و السلام کی روشنی میں ’امر بالمعروف اور نہی عن المنکر‘  کی اہمیت  

حضرت نعمان بن بشیر رضی اللہ تعالیٰ عنہ  بیان فرماتے ہیں کہ نبی کریم ﷺ نے فرمایا: ”جو شخص اللہ کی حدود سے تجاوز نہ کرنے پر قائم ہو اور جو شخص اللہ کی حدود سے تجاوز کرے،  ان کی مثال ایسی ہے جیسے کچھ لوگ بحری جہاز میں سوار ہوئے اور  انہوں نے اس میں رہائش کے لیے قرعہ اندازی کی تو بعض لوگوں  کے لیے اوپر کے حصے میں رہائش کے لیے قرعہ نکلا ،اور بعض لوگوں کے لیے نیچے کے حصے میں رہائش کا قرعہ نکلا

سو جولوگ نچلے حصے میں تھے ، وہ پانی لینے کے لیے اوپر کے حصے میں جاتے تو انہوں نے کہا: اگر ہم اپنے رہائشی حصے میں سوراخ کردیں اور سمندر سے پانی لے لیں اور اپنے اوپر والوں کو  تنگ  نہ کریں(توبہتر ہے)، پس اگر ان لوگوں کو ان کے ارادہ کے ساتھ چھوڑ دیا جائے (تاکہ وہ جہاز کے پیندے میں سوراخ کر دیں) تو سب لوگ ہلاک ہو جائیں گے  اور اگر ان کے ہاتھوں کو پکڑ لیا گیا تو وہ بھی نجات پا جائیں گے اور باقی لوگ بھی نجات پا جائیں گے“۔ (بخاری شریف:۲۴۹۳)۔

امربالمعروف اور نہی عن المنکر کو سمجھنے کے لیے ، اُس سے اچھی کوئی مثال ہو ہی نہیں سکتے، جس کو اللہ کے رسول صلی اللہ تعالیٰ علیہ و سلم خود سمجھانے کے لیے ارشاد فرمائیں۔

اگر جہاز میں سوراخ کرنے والوں کو اوپری منزل والوں نے نہ روکا، اور وہ یہ کہہ کر پلہ جھاڑتے رہے : ہمارا کیا نقصان ،ہم کیوں روکیں؟ جو کرے گا وہ بھرے گا۔  تو لازماً جہاز میں سوراخ کرنے والے سُوراخ کردیں گے،اور جہاز کے اندر پانی آ جائے گا، پھر اس جہاز کو اور جہاز کے تمام مسافروں کو سمندر میں غرق ہونے سے اللہ کی قدرت کے سوا کوئی نہیں بچا سکتا۔

برائی کرنے والے بھلے گنتی کے چند افراد ہی کیوں نہ ہوں، مگر برائی کے اثرات پوری قوم اور معاشرے کو جھیلنا پڑتے ہیں۔ 

اللہ کےحبیب صاحبِ لولاک ﷺ  کا  فرمان حکمتوں کا خزانہ ہے  جس کو سمجھنے کی ضرورت ہے جتنا عشق رسول  میں ڈوب کر غور کرتے جائیں گے اُتنے ہی راز کھلتے جائیں گے۔ 

معاشرے میں برائیاں اکثر نچلے طبق والوں سے ہی ہوتی ہیں، جیسا کہ آقا ﷺ کی مثال سے واضح ہے: کہ جہاز کے مسافروں میں نچلے حصے والے  پانی  کی ضرورت کے تحت جہاز میں سوراخ  کرنے پر  مجبور ہوتے ہیں۔ اب اوپر والے ان کی ضرورت پوری کرکے ان کا ہاتھ روک لیں تو سبھی لوگ  بچ سکتے ہیں۔ 

اوپر کے طبق والوں سے مراد جولوگ اقتدار میں ہوتے ہیں یا جن کے اختیا ر میں کچھ ہوتا ہے، ان کی باتوں کا کچھ نہ کچھ  اثر  ضرور ہوتا ہے اور وہ جس طرح بھی چاہیں برے  لوگوں کا ہاتھ برائی سے روک سکتے ہیں، اور اس طرح پورا معاشرہ برائی کی شامت سے بچ سکتاہے ۔‬

اس کتاب کو آن لائن گھر تک منگوانے کے لیے کلک کریں

ہمارے  کہنے کا یہ مطلب نہیں کہ اوپری طبق والے (حکام، امرا ، اہل ثروت) کوثر و سلسبیل سے دُھلے ہوئے ہوتے ہیں بلکہ کہنے کا مطلب یہ ہے کہ اگر بڑے لوگ امر بالمعروف ونہی عن المنکر پر عمل کریں تو خود بھی برائیوں سے بچ سکتے ہیں اور اپنے ما تحتوں کو بھی برائیوں سے بچا سکتے ہیں۔

اور یہ بھی نہیں :کہ اچھائی کا حکم دینا اور برے کاموں سے روکنا صرف امیروں پر ہی ہے،غریب اور ضعیف لوگوں پر نہیں ہے، بلکہ کمزور اور ضعیف لوگ اگر امیروں، وزیروں، اور حکام کو نیکی کی دعوت دیتے ہیں  تو ان کےلیے اللہ کے رسول ﷺ کا ارشادِ دل شادہے:- 

حضرت ابو سعید رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ و سلم نے فرمایا : ”جابر حاکم کے سامنے کلمۂ حق کہنا بہترین جہاد ہے“ (ترمذی) نیز حضرت ابوعبداللہ طارق بن شہاب بجلی احمسی رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ ایک شخص نے حضور نبی کریم ﷺ سے پوچھا اس وقت اسکا پاؤں رکاب میں تھا  (یا رسول اللہ) کون ساجہاد افضل ہے؟ آپﷺ نے فرمایا : ”جابر حاکم کے سامنے کلمۂ حق بلند کرنا“۔(نسائی)۔

حضرت طارق بن شہاب رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ عید کے دن نماز سے پہلے جس شخص نے سب سے پہلے خطبہ دینا شروع کیا وہ مروان تھا، ایک شخص نے مروان کو ٹوکا اور  کہا کہ نماز ، خطبہ سے پہلے ہوتی ہے، مروان نے جواب دیا کہ وہ دستور اب متروک  ہوچکا ہے ۔

حضرت ابو سعید رضی اللہ عنہ نے کہا اس شخص پر شریعت کا جو حق تھا وہ اس نے ادا کردیا، میں نے خود رسول اللہ ﷺ کا یہ ارشاد سنا ہے کہ ”تم  میں جو شخص خلاف شریعت کام دیکھے تو اپنے ہاتھوں سے اس کی اصلاح کرے اور اگر  اس کی طاقت نہ  رکھتا ہو تو زبان سے اس کا رد کرے، اور اگر اس کی بھی طاقت نہ رکھتا ہو تو دل سے اس کو براجانےاوریہ  ایمان کا کمزور ترین درجہ ہے“۔  (مسلم )۔

حضرت علامہ غلام رسول سعیدی  رحمۃ اللہ علیہ تفسیر تبیان الفرقان زیر آیت  ﴿و لتکن منکم امۃ یدعون  الی الخیر(سورہ آل عمران ۱۰۴)﴾ مذکور ہ بالا  حدیث شریف لاکر فرماتے ہیں : میں کہتاہوں

اس حدیث میں رسول اللہ ﷺ نے تین طبقات کا ذکر فرمایا ہے:(۱) امرا اور حکام برائی کو اپنی طاقت سے بدل ڈالیں،کیونکہ وہ صاحبِ اقتدار ہیں  تو وہ اپنی قوت اور طاقت سے برائی کو بدل سکتے ہیں (۲) دوسرے علما اور خطبا کا فرض ہے کہ وہ اپنے مواعظ اور خطبات میں برائی کا برا ہونا بیان کریں کیونکہ وہ صاحبِ اقتدار تو نہیں ہیں لیکن وہ مسجد کے منبر کے وارث ہیں اور وہاں سے لوگوں کو خطاب  کرتے ہیں تو وہ اس کے مکلف ہیں کہ وہ برائی کا برا ہونا اپنی زبان سے بیان کریں ۔

۔(۳) عوام جن کے پاس نہ اقتدار ہے نہ ان کے پاس محراب و منبر ہے جہاں پر وہ خطبہ دیں تو وہ صرف اس کے مکلف ہیں کہ وہ برائی کو دل  سے برا جانیں (تفسیر تبیان الفرقان ج ۱، ص۷۳۵)۔

حضرت ثعلبہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے ارشادِ باری تعالیٰ:﴿تم پر اپنی جانوں کو بچانا لازم ہے، گمراہ ہونے والا تمہیں کوئی نقصان  نہیں دے گا جبکہ تم ہدایت پر ہو﴾  کے متعلق فرمایا: خدا کی قسم میں نے اِس کے متعلق رسول اللہ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم سے دریافت کیا تو فرمایا: ”تم نیکی کا حکم کرتے رہو، اور بُرے کاموں سے روکتے رہو ،یہاں تک کہ جب تم دیکھو کہ بخل کی تابعداری کی جارہی ہے، خواہشات کی پیروی ہورہی ہے، دنیا کو ترجیح دی جارہی ہے، ہر ایک اپنی رائے پر نازاں ہو ۔

اور ایسا معاملہ دیکھو کہ چارۂ کار کوئی نہ ہو، تو تم پر خود کو بچانا لازم ہے ،اور عوام کو چھوڑ دو کیوں کہ پیچھے صبر کے دن ہیں ،جس نے اُن دنوں میں صبر کیا تو گویا چنگاری پکڑی۔ اُن دنوں میں عمل کرنے والے کو پچاس آدمیوں کے برابر ثواب ہے،جو اُسی کی طرح عمل کرتے ہوں، عرض کی گئی کہ یارسول اللہ !ﷺ اُن کے پچاس جتنا؟ فرمایا کہ تمہارے پچاس آدمیوں جتنا ثواب“۔ 

حضرت ثعلبہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے  دریافت کرنے پر آقا ﷺ کا ارشاد فرمانا کہ  ”نیکی کی دعوت لوگوں  کو دیتے رہو، یہاں تک کہ ایسا  ایسا دور آجائے“۔   یہاں جس دور کی طرف نبی کریم ﷺ کا اشارہ ہے

غالباً وہی آج کا دور ہے ۔ جس طرف نگاہ اُٹھا کر دیکھیے برائی ہی برائی نظر آتی ہے۔ فحاشی ، عریانی، بد عملی اور دنیاوی خواہشات کے پیچھےدیوانہ وار دوڑنا،  دینی معاملات کو پسِ پشت ڈال دینا اور بے ہودہ پن آج کے فیشن بن چکے ہیں ۔ ایسے دور میں برائیوں سے لوگوں کو ہاتھ اور زبان سے روکنا ایک عام آدمی کے بس کی بات نہیں رہی

تو پھر حدیث کے تیسرے اور آخری جز وپر عمل کرنا چاہیے (برائی کو دل سے برا جاننا)اور خود کو بچانا  لازم ہے،اور صبر کا دامن پکڑے رکھنا، مگر ایسے دور میں صبر کرنا اتنا ہی مشکل ہوگا جتنا کہ کوئی جلتا کوئلا ہاتھ میں پکڑے۔ 

ایسے حالات میں بھی اگر کوئی امربالمعروف، نہی عن المنکر پر عمل کرتا ہے۔تو اس کے لیے اللہ کے نبی ﷺ بہت بڑی خوش خبری دیتے ہیں ، اور فرماتے ہیں: ”اس کے لیے پچاس آدمیوں کا ثواب ہے جو اُسی طرح عمل کرتے ہوں “ پھر عرض کی گئی اُس دور کے پچاس آدمیوں  جتنا ثواب؟  فرمایا: تمہارے(صحابۂ کرام کےزمانے) زمانے کے پچاس آدمیوں جتنا ثواب۔

قربان جائیں اُس زمانے ، یعنی صحابۂ کرام کے زمانے پر ،  اگر کسی خوش نصیب کو  اُس زمانہ کے، ایک سکنڈ کا کروڑواں حصہ،  بھی  نیکی کرنے کے لیے مل جاے تو وہ اُس کے بعد والے پورے زمانے والوں پر فخر کر سکتاہے۔ یہ ہے دور حاضر  کے اِ س وقت میں امر بالمعروف  ونہی عن المنکر پر عمل کرنے کا اجر۔

حضرت عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ تعالیٰ علیہ و سلم نے فرمایا: آخری زمانے میں میری اُمت کو اپنے حکم رانوں سے سخت تکلیفیں پہنچیں گی، اُن سے نجات نہیں پاے گا مگر وہ شخص جس نے اللہ کے دین کو پہچانا اور اُس  پر اپنی زبان، ہاتھ اور دل کے ساتھ جہاد کیا، یہ وہ شخص ہے جو پوری طرح سبقت لے گیا

دوسرا وہ آدمی جس نے اللہ کے دین کو پہچانا اور اس کی تصدیق کی، تیسرا وہ آدمی جس نے اللہ کے دین کو پہچانا اور اُس پر خاموش  رہا، اگر کسی کو نیکی کرتے دیکھا تو اُس سے محبت کرنے لگا اور اگر کسی کو غلط کام کرتے دیکھا  تو اُس سے نا خوش رہا، یہ سب اپنی اندرونی حالت کے باعث نجات پا جائیں گے (بہیقی)۔

آج اگر پوری دنیا میں قوم مسلم  کو دیکھا جائے تو کہیں بھی حالات خیر کے نظر نہیں آتے۔ اگر کسی کے بچے ناحق ذبح کیے جارہے ہیں تو مسلمان ہے، اگر کسی قوم کی نابالغ بچیوں کی عزتیں لوٹ کر گٹروں میں پھیکا جا رہاہے تو وہ قوم مسلم کی بچیاں ہیں، اگر کسی کی ماؤں بہنوں کی عصمت سے کھیلا جارہاہے تو وہ قوم مسلم ہے، اگر کسی کو جانور کے نام پر مارا جارہاہے تو وہ قوم ِ مسلم کا  فرد ہے

کہنے کا مطلب یہ ہےکہ  جہاں  کہیں دیکھو  اگر کوئی ظلم کی چکی میں پِس رہاہے تو وہ صرف مسلمان ہے۔ 

اِن تمام حالات کی اگر کوئی وجہ ہے تو وہ صرف یہ ہے کہ  دور حاضر کے مسلمانوں نے اپنے رحمۃ للعالمین آقا ﷺ کے فرامین پر عمل کرنا چھوڑ دیا ، قرآن شریف کے درس کو بُھلادیا، اور خصوصاً امر بالمعروف اور نہی عن المنکر پر عمل کرنا ترک کردیا۔ اگر کوئی کچھ بھی کرے کسی کو کوئی مطلب نہیں،  بُرائی چائے وہ دہشت گردی کی شکل میں ہو، کرنے والا کر کے نکل جاتا ہے بدنام پوری قوم ہوتی ہے۔

اوردوسری طرف اسلام دشمن طاقتیں ایسے برائے نام مسلمانوں کو اپنا ہتھکنڈا بنا کر پوری قوم پر  کیچڑ اُچھالنے کی ناپاک کوشش کرتے رہتے ہیں۔ ایسے  حالات میں قوم کی اصل رہنمائی صرف علما ومشائخ ، اور اہل دانش لوگ ہی کر سکتے ہیں اور وہ صرف امربالمعروف اور نہی عن المنکر پر عمل پیرا ہوکر ۔ 

دعا ہے کہ مولیٰ تعالیٰ ہم سبھی مسلمانوں کو حسب حیثیت  اس عظیم فریضہ کے بجا آوری کی توفیق سعید مرحمت فرمائے !  آمین بجاہ سید المرسلین ﷺ

تحریر: سید نور اللہ شاہ بخاری

                    (مہتمم و شیخ الحدیث)  دار العلوم انوار مصطفیٰ

(سجادہ نشین :خانقاہ عالیہ بخاریہ)سہلاؤ شریف ،باڑمیر(راجستھان)

ONLINE SHOPPING

گھر بیٹھے خریداری کرنے کا سنہرا موقع

  1. HAVELLS   
  2. AMAZON
  3. TATACliq
  4. FirstCry
  5. BangGood.com
  6. Flipkart
  7. Bigbasket
  8. AliExpress
  9. TTBazaar
afkareraza
afkarerazahttp://afkareraza.com/
جہاں میں پیغام امام احمد رضا عام کرنا ہے
RELATED ARTICLES

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here

Most Popular

Recent Comments

قاری نور محمد رضوی سابو ڈانگی ضلع کشن گنج بہار on تاج الشریعہ ارباب علم و دانش کی نظر میں
محمد صلاح الدین خان مصباحی on احسن الکلام فی اصلاح العوام
حافظ محمد سلیم جمالی on فضائل نماز
محمد اشتیاق القادری on قرآن مجید کے عددی معجزے
ابو ضیا غلام رسول مہر سعدی کٹیہاری on فقہی اختلاف کے حدود و آداب
Md Faizan Reza Khan on صداے دل
SYED IQBAL AHMAD HASNI BARKATI on حضرت امام حسین کا بچپن