Friday, March 29, 2024
Homeعظمت مصطفیٰبے نظیر رسول اور باادب امتی

بے نظیر رسول اور باادب امتی

تحریر: طارق انور مصباحی (کیرلا) بے نظیر رسول اور باادب امتی

بے نظیر رسول اور باادب امتی

مبسملا وحامدا::ومصلیا ومسلما

منفرد اندر کمال ذاتی است

لا جرم مثلش محال ذاتی است

(مرزا اسداللہ خاں غالبؔ)

بلندئ درجات

حضور اقدس سرور کائنات صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم نے ارشادفرمایا:۔

یَا اَبَابَکرٍ! لَم یَعلَمنِی حَقِیقَۃً غَیرُرَبِّی

۔(مطالع المسرات شرح دلائل الخیرات للعلامۃ الفاسی ص129-مکتبہ نوریہ رضویہ فیصل آباد: پا کستان)۔

ترجمہ:اے ابوبکر! مجھے درحقیقت میرے رب تعالیٰ کے علاوہ (کسی) نے پہچانا نہیں۔

ساری کائنات سے افضل

عَن عَائشَۃَ قَالَت قَالَ رَسُولُ اللّٰہِ صَلَّی اللّٰہُ عَلَیہِ وَسَلَّمَ:قَالَ لِی جِبرِیلُ قَلَّبتُ الاَرضَ مَشَارِقَہَا وَمغَارِبَہَا فَلَم اَجِد رَجُلًا اَفضَلَ مِن مُحَمَّدٍصَلَّی اللّٰہُ عَلَیہِ وَسَلَّم-وَلَم اَجِد بَنِی اَبٍ اَفضَلَ مِن بَنِی ہَاشِمٍ

(المواہب اللد نیہ جلداو ل ص۷۸-المکتب الاسلامی بیروت)

۔(الخصائص الکبریٰ للسیوطی جلد اول ص67- دارالکتب العلمیہ بیروت)۔
ترجمہ:ام المومنین حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا نے بیان کیاکہ حضور اقدس صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: حضرت جبریل امین علیہ السلام نے مجھے بتایا کہ میں نے زمین کے مشارق ومغارب کو بغوردیکھا،پس میں نے حضرت محمد مصطفٰے صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم سے افضل کسی انسان کونہ پایا، اور بنی ہاشم سے افضل کسی خاندان کونہ پایا۔

سلطان محمودغزنوی

بھارت کے مسلم سلاطین کی اکثریت متبع شرع اوران میں سے بعض اولیائے کاملین میں سے اوربعض اعلیٰ درجہ کے عشاق رسول گزرے ہیں۔ سلطان اورنگ زیب رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ کا شما رمجددین اسلام میں ہوتا ہے۔ سلطان شمس الدین التمش اولیاے کبار میں شمار کیے جاتے ہیں۔ سلطان محمود غزنوی(م ۱۲۴؁ھ) عشا ق بارگاہ رسالت علیٰ صاحبہا التحیۃ والثنا میں شمار ہوتے ہیں۔

ایک مرتبہ محمودغزنوی نے اپنے مشہوروزیر ایازکے بیٹے کواس کے اصلی نام”محمد“کی بجائے ”ایاز کے بیٹے“کہہ کر پکارا۔ایازکویہ راز سمجھ میں نہ آسکا اور اسے صبربھی نہ ہوسکا۔ اس نے سلطان محمود غزنوی سے اس کا سبب دریافت کیا۔ سلطان محمودغزنوی نے جواب دیا کہ میں اس وقت باوضونہیں تھا،اس لیے میں نے یہ مبارک ومقدس نام زبان پرلانامناسب نہ سمجھا۔

سلطان غزنوی جب حضوراقدس علیہ الصلوٰۃوالسلام کے اسم پاک کا اس قدر ادب وتعظیم کرتے تھے تو خود حضور اقدس علیہ الصلوٰۃوالسلام کی تعظیم وتوقیر کس قدر کرتے ہوں گے!!!۔

سبحان اللہ!سلاطین وقت بارگاہ نبوی میں اس قدرمؤدب تھے۔آج کے مفلس قلاشوں کودیکھو۔ وہ حضور اقدس تاج دار دوجہاں صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم کی ہمسری کے دعویدار ہیں،جب کہ وفاکی شان درباررسالت مآب علیہ التحیۃوالثنا کی صداہے۔

ہزار بار بشویم دہن بمشک و گلا ب 

ہنوز نام توگفتن کمال بے ادبی است

تعظیم اسم گرامی حبیب کبریاﷺ

سلطان شمس الدین التمش(م 633ھ) کا چھوٹا بیٹا سلطان ناصرالدین محمودتھا۔اس نے بھارت پر بائیس سال حکومت کی۔سلطان ناصرالدین محمود (م 644ھ) کے بارے میں بھارت کے مشہورمؤرخ محمد قاسم فرشتہ(1620-1560) نے لکھا:۔

۔”کہا جاتا ہے کہ ناصرالدین کے ایک مصاحب کا نام”محمد“تھا۔بادشاہ اسے ہمیشہ اسی نام سے پکارا کرتا تھا۔ایک روزناصرالدین نے اس مصاحب کو تاج الدین کہہ کر آواز دی۔ اس مصاحب نے اس وقت تو بادشاہ کے حکم کی تعمیل کی،لیکن بعد میں اپنے گھر چلا گیااور تین روز تک بادشاہ کی خدمت میں حاضرنہ ہوا۔ ناصر الدین اس مصاحب کوطلب کیا اور اس کی غیرحاضری کا سبب دریافت کیا۔مصاحب نے جواب دیا:

۔”آپ ہمیشہ مجھے ”محمد “کے نام سے پکارا کرتے تھے،لیکن اس دن آپ نے خلاف معمول”تاج الدین“ کہ کر پکارا۔میں نے اس سے یہ نتیجہ اخذکیاکہ شاید آپ کے دل میں میری طرف سے کوئی بد گمانی پیدا ہوگئی ہے۔اس وجہ سے میں تین روز تک آپ کی خدمت اقدس میں حاضرنہ ہوا، اوریہ سارا وقت انتہائی پریشانی اور بے چینی کے عالم میں بسرکیا۔

بادشاہ نے قسم کھا کرکہا:”میں ہرگزہرگزتم سے بد گمان نہیں ہوں،لیکن میں نے جس وقت تم کو ”تاج الدین“کے نام سے پکاراتھا،اس وقت میں با وضو نہیں تھا،مجھے یہ مناسب نہ معلوم ہواکہ بغیروضو ”محمد“ کا مقدس نام اپنی زبان پر لاؤں“۔(تاریخ فرشتہ جلداول ص189-اشرفی بکڈپودیوبند)۔ 

گزاری عمرساری میں نے آب کوثرکی تمنا میں
زباں جب تک نہ دھلتا نام کیا لیتا پیمبرکاٖ

تعظیم رسول اور نجدی نظریہ

وَرَفَعنَا لَکَ ذِکرَکَ کا جلوہ دیکھوکہ سلاطین وقت بھی بلا وضو حضوراقدس حبیب کبریاعلیہ الصلوٰۃ والسلام کا اسم مبارک زبان پر نہیں لاتے،اور آج کل بدمذہبوں کا ایک بڑا طبقہ حضوراقدس شفیع محشرصلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم کو ”اپنے جیسا بشر“ کہتاہے اور انہیں شرم بھی نہیں آتی۔ بھلا رسول ونبی کی طرح کوئی عام انسان کیسے ہوسکتا ہے۔

دھوکے میں نہ آجائے کہیں فکروآگہی

تاج دار کائنات لباس بشر میں ہیں

کائنات کی سب سے بااثر شخصیت : اس مضمون کو ضرور پڑھیں

سیدا وحبیبا!ہم توآپ کی تعظیم وتوقیر اورآپ کی ناموس پر مر مٹنے کے لیے پیدا کیے گئے ہیں۔رب تعالیٰ نے عشق مصطفوی اورتعظیم نبوی کو اہل سنت وجماعت کے خمیر میں مخلوط فرمادیا ہے۔ ہاں،ہم سے کبھی لغزشیں بھی صادرہوتی ہیں،لیکن ہمارے حبیب علیہ التحیۃوالثنا تو رحمۃ للعالمین ہیں۔سراقہ بن مالک کا واقعہ گواہ ہے کہ آپ اپنے جانی دشمنوں کو بھی معاف فرما دیا کرتے ہیں،پھر ہماری خطاؤں سے کیوں چشم پوشی نہ ہوگی۔

ہماری قلبی تشویش کو فنا کرنے کے لیے آیت قرآنیہ اِنَّکَ لَعَلٰی خُلُقٍ عَظِیمِ نسخہ کیمیا ہے۔

ہے محبت سے عبارت میری فطرت کا خمیر

میں وفا کے واسطے ہوں اور وفا میرے لیے

مکمل قرآن مجید مدح مصطفٰےﷺ قرآن مجید کی ہرآیت میں مدح مصطفوی موجودہے،گرچہ اسے سمجھنا کچھ مشکل ہے۔

مجدد اسلام امام احمد رضا قادری قدس سرہ العزیزنے تحریر فرمایا:”شیخ محقق(عبدالحق محدث دہلوی)نے اخبار الاخیار میں بعض اولیا کی ایک تفسیر بتائی، جس میں انہوں نے ہرآیت کو نعت کردیا ہے“۔(فتاویٰ رضویہ ج12ص252-رضا اکیڈمی ممبئی)۔( امام احمد رضا مجدد اعظم پڑھنے کے لیے کلک کریں

یہ آستان یار ہے صحن حرم نہیں

جو رکھ دیا ہے سرتواٹھانا نہ چاہئے

زیارت حبیب کبریاﷺ

امام ابوزکریا نووی شافعی (631ھ- 676ھ) نے تحریر فرمایا: حضوراقدس صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم صالح اور غیر صالح ہر ایک کے خواب میں تشریف لاتے ہیں۔(الفتاوی النوویہ ص ۵۸۲ -دار الحد یث: القاہرہ)۔

توضیح : حضرات صحابہ کرام رضی اللہ تعالیٰ عنہم اجمعین کوحقیقی زیارت نصیب ہوئی اور ان کے دل کی دنیا بدل گئی۔وہ رحمۃ للعٰلمین ہیں، ممکن ہے کہ کبھی ہم گناہ گاروں کوبھی دیدار سے سرفراز فرمایاجائے، اور ہمارا باطن بھی برکت دیدارسے انقلاب پذیرہو جائے۔

انتظار رہے گا ا س ساعت سعید کا۔اگر قسمت نے یاوری کی تو ان شاء اللہ تعالیٰ ہمیں بھی سرفرازی حاصل ہوگی۔

ان کا خیال ان کی طلب ان کی جستجو

اب اورزندگی کے مشاغل نہیں رہے

صلوات اللہ تعالیٰ وسلامہ علیٰ سیدنا وسندناومولانا محمد وعلی آلہ واصحابہ وعشاقہ اجمعین

تحریر: طارق انور مصباحی

مدیر: ماہنامہ پیغام شریعت دہلی 

اعزازی مدیر: افکار رضا 

www.afkareraza.com

ONLINE SHOPPING

گھر بیٹھے خریداری کرنے کا سنہرا موقع

  1. HAVELLS   
  2. AMAZON
  3. TATACliq
  4. FirstCry
  5. BangGood.com
  6. Flipkart
  7. Bigbasket
  8. AliExpress
  9. TTBazaar
afkareraza
afkarerazahttp://afkareraza.com/
جہاں میں پیغام امام احمد رضا عام کرنا ہے
RELATED ARTICLES

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here

Most Popular

Recent Comments

قاری نور محمد رضوی سابو ڈانگی ضلع کشن گنج بہار on تاج الشریعہ ارباب علم و دانش کی نظر میں
محمد صلاح الدین خان مصباحی on احسن الکلام فی اصلاح العوام
حافظ محمد سلیم جمالی on فضائل نماز
محمد اشتیاق القادری on قرآن مجید کے عددی معجزے
ابو ضیا غلام رسول مہر سعدی کٹیہاری on فقہی اختلاف کے حدود و آداب
Md Faizan Reza Khan on صداے دل
SYED IQBAL AHMAD HASNI BARKATI on حضرت امام حسین کا بچپن