Saturday, November 30, 2024
Homeتبصرہمجلس شرعی کے فیصلے جلد دوم زیور طبع سے آراستہ

مجلس شرعی کے فیصلے جلد دوم زیور طبع سے آراستہ

پندرہویں صدی ہجری کی فقہ اسلامی کی ایک عظیم کتاب مجلس شرعی کے فیصلے جلد دوم زیور طبع سے آراستہ

مجلس شرعی کے فیصلے جلد دوم

نام کتاب ۔۔۔مجلس شرعی کے فیصلے جلد دوم
تحقیق و تدوین و ترتیب ۔۔۔سراج الفقہا مفتی محمد نظام الدین رضوی ناظم مجلس شرعی و صدر شعبہ افتا و صدرالمدرسین جامعہ اشرفیہ مبارکپور

صفحات ۔۔392
ناشر ۔۔۔ طلبہ درجہ فضیلت سال اول 2019- 2020

بہ اہتمام ۔۔ مجلس شرعی جامعہ اشرفیہ مبارک پور

تعارف کتاب از قلم ۔۔ محمد فضل الرحمن برکاتی

جامعہ اشرفیہ مبارک پور سواد اعظم اہل سنت و جماعت کی مایہ ناز درس گاہ ہے ۔اس دبستان علم و فن کو علمی، دینی ،تدریسی، تعلیمی ،سماجی اور فقہی مسائل کے حوالے سے ہند و بیرون ہند میں امتیازی و انفرادی حیثیت حاصل ہے ۔اس ادارے کا ایک عظیم اور شہرہ آفاق علمی و فقہی شعبہ مجلس شرعی ہے ۔یہ شعبہ جدید و نو پید مسائل کی تحقیق اور بالغ نظر علما و فقہا کی ٹیم تیار کرنے کے لیے 1413ھ/1992ء میں قائم کیا گیا ۔

اس کے تحت اب تک چھبیس عظیم سیمیناروں کا انعقاد ہو چکا ہے ۔یہ ہندوستان کا واحد و اولین فقہی بورڈ ہے جس نے تقریبا سو نوپیدامسائل کا شرعی حل تلاش کرکے امت مسلمہ کو آگاہ کیا ہے ۔مجلس شرعی کے فیصلے جلد دوم انھیں فقہی سیمیناروں کی اعلی تحقیقات و تنقیحات پر مشتمل عصر جدید کے نوپید مسائل کے فیصلوں کا مجموعہ ہے جو امت مسلمہ کے لیے تاریک راہوں میں مشعل راہ ہیں ۔اس فقہی مجموعے میں مجلس شرعی کے اکیسویں فقہی سیمینار سے لے کر چھبیسویں فقہی سیمینار تک کے چونتیس فیصلے شامل ہیں ۔

اس سے قبل 2014 ء میں مجلس شرعی کے فیصلے جلد اول کی اشاعت ہوچکی ہے ۔جو ارباب علم و افتا میں بے پناہ مقبول ہوئی تھی ۔یہ کتاب بھی سراج الفقہا مفتی محمد نظام الدین رضوی حفظہ اللہ کے ترتیب و تدوین و تحقیق و تحشیہ و ترتیب کے ساتھ شائع ہوئی تھی۔ جس میں مجلس شرعی کے پہلے فقہی سیمینار سے بیسویں فقہی سیمینار تک کے ساٹھ اہم فیصلے مرقوم ہیں ۔جس کے مختلف ایڈیشن ہندو پاک میں شائع ہو چکے ہیں ۔
زیر نظر کتاب مجلس شرعی کے فیصلے جلد دوم کے مشمولات اس طرح ہیں

عرض حال

تبرکات

ابتدائیہ

مقدمہ

فیصلے

مآخذو مصادر اور تاثرات و ضمیمہ

عرض حال کتاب کے ناشر طلبہ درجہ فضیلت سال اول 2019 -2020ء کی جانب سے لکھا گیا ہے ۔تبرکات میں قرآن و حدیث اور فتاوی رضویہ سے جدید مسائل کے استخراج سے متعلق اہم اقتباس کو پیش کیا گیا ہے ۔

ابتدائیہ میں دو تحریریں اور دو خطبات شامل ہیں ۔سرپرست مجلس شرعی حضرت امین ملت پروفیسر سید محمد امین میاں قادری زیب سجادہ خانقاہ برکاتیہ مارہرہ مطہرہ کے قلم سے کلمات بابر کات نوازشات اور دعائیں کے عنوان سے اور سرپرست مجلس شرعی عزیزملت حضرت مولانا شاہ عبدالحفیظ مصباحی حفظہ اللہ سربراہ اعلی جامعہ اشرفیہ مبارک پور کی تحریر کلمات طیبات کے عنوان سے شامل ہے۔

خطبات کے کالم میں مجلس شرعی جامعہ اشرفیہ مبارک پور کے بائیسویں فقہی سیمینار کا خطبہ استقبالیہ از عزیز ملت حضرت علامہ شاہ عبدالحفیظ مصباحی حفظہ اللہ اور 22 ویں، 23ویں اور 24 ویں سیمینار سے متعلق خطبہ صدارت کے خاص اقتباسات صدر مجلس شرعی حضرت علامہ محمد احمد مصباحی ناظم تعلیمات جامعہ اشرفیہ مبارک پور کے قلم زرنگار سے خطبات صدارت کے نام سے مندرج ہے ۔یہ تمام تحریریں اہم اور پڑھنے سے تعلق رکھتی ہیں ۔
کتاب کا مقدمہ اس عظیم فقہی کتاب کے محقق و مرتب اور مدون ناظم مجلس شرعی محقق مسائل جدیدہ ،سراج الفقہا مفتی محمد نظام الدین رضویبرکاتی حفظہ اللہ نے لکھا ہے ۔اس کا عنوان ہے تجھے ہو سیر چمن مبارک، مگر یہ راز چمن بھی سن لے ۔۔یہ مقدمہ خود ارباب علم فقہ و افتا کے لیے ایک نایاب تحفہ اور اپنی نوعیت کا اولین اور عظیم مقدمہ ہے۔

یہ کتاب کے صفحہ 37 سے شروع ہو کر صفحہ 120 پر ختم ہوتا ہے ۔جس میں خصوصیت کے ساتھ جدید اور نو پید مسائل احکام دریافت کرنے کے اکتالیس اہم اصول بیان کیے گئے ہیں ۔ان اکتالیس اصول کی تدوین اور جمع و ترتیب میں جس جاں فشانی اور عرق ریزی کا مظاہرہ کیا ہے وہ قابل دید و قابل مطالعہ ہے ۔

یہ مقدمہ خود سراج الفقہا کی فقہی عبقریت اور اصول فقہ پر دست رس کی عمدہ مثال ہے ۔اس کی اہمیت اور فقہی کمال پر تبصرہ ارباب فقہ و افتا کے لیے چھوڑتا ہوں ۔اس میں ان اکتالیس اصول کے علاوہ اظہار احکام کے مختلف ادوار اور مجلس شرعی کی ضرورت، دلائل و علل حکم شرعی کے معرفات اور علامت ،شاہ راہ تحقیق، یاد رفت گاں اور شکر احباب و مشایخ کا بھی ذکر ہے ۔نوپیدا مسائل کے احکام دریافت کرنے کے چند اصول کے چند خاص خاص عناوین اس طرح ہیں 

کتاب و سنت کے اجتہادی نصوص سے استدلال، کتاب و سنت کے اطلاق سے استدلال، کتاب و سنت عموم سے استدلال ،کتاب اللہ کے قواعد و ضوابط سے استدلال، سنت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے قواعد و ضوابط سے استدلال، آثار صحابہ سے استدلال، کتاب و سنت کے علل منصوصہ غیر مخصوصہ سے استدلال، مناط الحاق سے استدلال ،اصول فقہ کے ضوابط غیر مخصوصہ بہ مجتہد سے استدلال محسوسات سے استدلال، شہرت و تواتر سے استدلال، عقل سلیم سے استدلال، کلمات کے حقیقی معانی سے استدلال، مبادی لغویہ سے استدلال، شعار مذہبی اور شعار قومی سے استدلال، قرائن قویہ سے استدلال، عرف ،تعامل ،ضرورحاجت، عموم بلوی، جلب مصلحت اور دفع مفسدہ سے استدلال وغیرہ ۔

ان مباحث سے یہ بات واضح ہوجاتی ہے کہ یہ مقدمہ فن اصول فقہ کے طرز پر ایک جدید علم و فن کی تدوین ہے ۔اس کا سہرا بھی ہندوستان کے عظیم محقق سراج الفقہا حفظہ اللہ کے سر جاتا ہے۔صفحہ 121سے کتاب کا اصل مقصود فیصلہ شروع ہوتا ہے ۔

جس کی ابتدا اکیسویں فقہی سیمینار کے فیصلے سے اور اختتام چھبیسویں فقہی سیمینار کے فیصلے پر ہوتی ہے ۔فقہا و مندوب مجلس شرعی کی بحث و تمحیص کے بعد اتفاق رائے سے جو مسائل فیصل ہوئے وہ فقہی فیصلوں کے اس عظیم الشان مجموعہ میں درج ہیں ۔

فیصلوں کی ایک فہرست پیش خدمت کررہا ہوں تاکہ اس کی اہمیت و افادیت بخوبی واضح ہوجائے ۔بلڈ بینک میں خون جمع کرنے کا حکم، جدید ایجادات میں قرآن کریم بھرنے اور اسے چھونے وغیرہ کے احکام ،رشوت سے آلودہ ماحول میں حقوق العباد کی حفاظت،فارن کرنسی اکاونٹ میں جمع سرمایے کی زکات،فقہی فروعی اختلاف کی شرعی حیثیت، ضروریات دین کی وضاحت، ضروریات اہل سنت کی وضاحت، دباغت سے پہلے ناپاک کھال کی خریدو فروخت،روزے کی حالت میں گلوکوز اور انسولین لینے،ڈائلیسس کرانے، انہیلر کے استعمال،کیتھیٹر کے استعمال ،اینما لگانے،زبان کے نیچے ٹیبلیٹ رکھنے

مریض کو بے ہوش کرنے ،ضرورت کے باعث خون نکلوانے،انڈو اسکوپی کرانے،دانت اور اس کے مشابہ آپریشن کرانے ،آکسیجن ماسک لگانے کے احکام ،غذائی اشیاء میں نقصان دہ دواؤں اور کیمیکلز کے استعمال کا حکم ،اردو تراجم قرآن کو دوسری عجمی زبانوں کے رسم الخط میں لکھنے کا حکم،بینک گارنٹی لیٹر شرعی نقطہ نظر سے، بینک اکاونٹ میں رقوم کا اندراج شرعا قبضہ ہے یا نہیں، انتفاع کی شرط کے ساتھ دکان، مکان وغیرہ کا رہن، ای کامرس ٹریڈنگ شرعی نقطہ نظر سے

فاریکس ٹریڈنگ کی شرعی حیثیت، میٹیریل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے ساتھ تعمیر کا ٹھیکہ ،لائف سپورٹ سسٹم کا شرعی حکم، پوسٹ مارٹم کی شرعی حیثیت، علم تشریح الاعضا کے لیے لاوارث لاشوں کی چیر پھاڑ کا شرعی حکم، زائد العرض بلاد میں نماز عشاء کا حکم،زائد العرض بلاد میں صوم اور سحری کا حکم ،محرم کے لیے فضائی آلودگی سے بچنے کے لیے ماسک پہننے کا حکم، محرم کے لیے خوشبودار اشیا استعمال کرنے کا حکم ۔

یہ وہ شرعی فیصلے ہیں جو امت مسلمہ کے لیے رہبرو رہنما اور تاریک راہوں میں مشعل راہ ہیں ۔ہر سیمینار کے فیصلے کے اختتام پر شرکائے سیمینار کی فہرست بھی پیش کی گئی ہے ۔ یہ ہے زیر نظر کتاب کا ایک اجمالی تعارف ۔تفصیلی تعارف تو ارباب فقہ و افتا اور فقہ اسلامی کا کوئی شناور ہی کراسکتا ہے۔یقینا یہ فیصلوں کا حسین گل دستہ اکیسویں صدی عیسوی میں فقہ اسلامی کی ایک عظیم کتاب ۔

کتاب حاصل کرنے کے لیے مجلس برکات جامعہ اشرفیہ مبارک پور اور طلبہ فضیلت جامعہ اشرفیہ مبارک پور سے رابطہ کیا جا سکتا ہے

تعارف کتاب از قلم ۔۔ محمد فضل الرحمن برکاتی

افکار رضا کو ویب سائٹ کو وزٹ کرتے رہیں 

www.afkareraza.com

ONLINE SHOPPING

گھر بیٹھے خریداری کرنے کا سنہرا موقع

  1. HAVELLS   
  2. AMAZON
  3. TATACliq
  4. FirstCry
  5. BangGood.com
  6. Flipkart
  7. Bigbasket
  8. AliExpress
  9. TTBazaar

 

 

afkareraza
afkarerazahttp://afkareraza.com/
جہاں میں پیغام امام احمد رضا عام کرنا ہے
RELATED ARTICLES

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here

Most Popular

Recent Comments

قاری نور محمد رضوی سابو ڈانگی ضلع کشن گنج بہار on تاج الشریعہ ارباب علم و دانش کی نظر میں
محمد صلاح الدین خان مصباحی on احسن الکلام فی اصلاح العوام
حافظ محمد سلیم جمالی on فضائل نماز
محمد اشتیاق القادری on قرآن مجید کے عددی معجزے
ابو ضیا غلام رسول مہر سعدی کٹیہاری on فقہی اختلاف کے حدود و آداب
Md Faizan Reza Khan on صداے دل
SYED IQBAL AHMAD HASNI BARKATI on حضرت امام حسین کا بچپن