تحریر: جاوید اختر بھارتی ہاں غریبی اچھی ہے لیکن صرف تقریر و تحریر تک
غریبی اچھی ہے لیکن صرف تقریر و تحریر تک
اکثر و بیشتر لوگ کہا کرتے ہیں کہ غریبوں سے ہمدردی کرنا چاہیے اور یہ بھی کہتے ہیں کہ غریبی بہت اچھی چیز ہے
بہت اچھی بات ہے، اسلام غریبی میں پھلا پھولا ہے،، کبھی کسی غریب کو دیکھا تو کہا ہائے ہائے، کبھی غریب کو دیکھا تو بات بھی نہیں کی، کبھی ساتھ بیٹھنے بھی نہیں دیا، بعض لوگ ساتھ میں لیواکر کہیں جانے کے لیے تیار نہیں
بعض لوگ بات کرنے کے لیے بھی تیار نہیں، بعض لوگ بات سننے کے لیے بھی تیار نہیں اس وجہ سے بسا اوقات غریبوں کے دل سے آہ نکلتی ہے اور وہ اپنی قسمت پر روتا ہے
لیکن جب کسی دوسرے کو اپنے سے بھی زیادہ خستہ حالت میں دیکھتا ہے تو کچھ تسلی ہوتی ہے،اسے کچھ جینے کا حوصلہ ملتا ہے کہنے کو تو ہر امیر ہر دولتمند یہ بات کہتا ہے کہ پیسہ ہاتھ کی میل ہے
آج میرے ہاتھ کل کسی اور کے ہاتھ پھر سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ دولتمند ہوتے ہی مزاج کیوں بدل جاتا ہے
رہن سہن کیوں بدل جاتا ہے غریبوں سے گھٹن کیوں ہونے لگتی ہے معلوم یہ ہوا کہ یہ بات وہ ایک محاورے کے طور پر کہہ رہا ہے، دکھاوے کے لیے کہہ رہا ہے حقیقت میں اسے اس بات کا یقین ہے کہ آج میرے پاس پیسہ ہے تو سب کچھ ہے میں جو چاہوں کرسکتا ہوں حکومت بھی غریبی کے خاتمے کا نعرہ بلند کرتی ہے بلکہ پوری دنیا غریبی کے خاتمے کی بات کرتی ہے لیکن جب سے دنیا قائم ہوئی ہے تب سے امیری و غریبی دونوں ہے
اس لیے کہ یہ نظام الٰہی ہے اور ویسے بھی یہ بات سمجھ میں آتی ہے کہ دنیا میں ہر شخص ایک برابر ہوتا تو دنیا میں کیسے امن و امان قائم رہتا دنیا کے جتنے ممالک ہیں ہر ملک میں وزیراعظم ایک ہوتا ہے ملک کی پوری عوام وزیراعظم نہیں ہوتی، پوری عوام صدر نہیں ہوتی، پوری عوام فوج نہیں ہوتی، پوری فوج جنرل ہوتی جب دنیاوی سطح پر یہ نظام قائم ہے کہ ہر آدمی ایک برابر نہیں ہے تو پھر قدرت کے قانون کو کیسے چیلنج کیا جاسکتا ہے اگر قدرت نے سب کو ایک برابر کیا ہوتا تو سب ووٹ مانگتے پھر ووٹ دیتا کون
سب رکشے پر بیٹھتے پھر رکشہ چلاتا کون اس وجہ سے قدرت نے حقوق العباد کا قیام کیا یعنی بندوں کا بندوں پر بھی حق ہے اور دل و دماغ دے کر سوچنے سمجھنے اور فیصلہ لینے کی صلاحیت سے انسان کو قدرت نے نوازا ورنہ اللہ کے خزانے میں کوئی کمی نہیں وہ چاہے تو پل بھر میں سارے کے سارے انسانوں کو مال دار بنادے اس کے خزانے میں کمی نہ ہونے کی سب سے بڑی دلیل ہمیں روز نظر آتی ہے کہ پوری دنیا کے انسانوں کا چہرہ الگ الگ ہے
آنکھوں کا لینس الگ ہے، ہاتھوں کا فینگر الگ الگ ہے یہ تینوں چیزیں اس بات کا اعلان کررہی ہیں کہ قدرت کے خزانے میں کوئی کمی نہیں ہے ائے انسانوں اگر قدرت تمہیں چھپر پھاڑ کر دے سکتی ہے تو چمڑی ادھیڑ کر لے بھی سکتی ہے اس لئے غریبوں کو حقارت کی نظر سے نہ دیکھو، غریبوں کا دل نہ دکھاؤ فرعون لاؤ لشکر سمیت دریائے نیل میں غرق کردیا گیا، قارون خزانہ سمیت زمین میں دھنسا دیا گیا، نمرود کو ایک مچھر کے ذریعے ہلاک کر دیا گیا، شداد کو خود اس کی بنوائی ہوئی جنت کی چوکھٹ پر موت کے گھاٹ اتار دیا گیا
پھر آج کا انسان کس کھیت کی مولی ہے جو یہ سوچ رہا ہے کہ ہم مال دار ہیں تو ہمارا بال باکا نہیں ہوسکتا ایک دولتمند کے گھر میت ہوتی ہے پورے شہر میں جنگل کی آگ کی طرح خبر پھیل جاتی ہے اس کے آخری رسومات میں لوگوں کا ازدہام ہے تاحد نگاہ جم غفیر ہے بڑے بڑے امراء، رؤوسا، حکمراں سب کے سب آئے ہوئے ہیں ارتھی اور جنازہ بھی کاندھے پر نہیں گاڑیوں پر رکھ کر لے جایا جارہا ہے
لیکن آخر میں اسے مٹی میں ہی دفن کردیا گیا،، ایک غریب گھرانے میں موت ہوتی ہے کسی کو پتہ بھی چلتا ہے تو اسے کوئی حیرت نہیں ہوتی وقت مقررہ پر اس کے قریبی ساتھی رشتہ دار کاندھے پر اٹھاتے ہیں آخری رسومات ادا کرتے ہیں اور اسی مٹی میں اسے بھی دفن کیا جاتا ہے دنیا میں رہنے کا طریقہ الگ الگ
سوسائٹی الگ الگ نہ دولت مند کے ساتھ ایک دو لوگ دوچار دن قبر میں سونے کے خواہش مند ہوئے نہ غریب کے ساتھ تو پھر یہی احساس وقت رہتے کیوں نہیں ہوتا، جب آخری وقت ہوتا ہے تو غلطی کی معافی تلافی کی جاتی ہے آخر یہی کام صحت مند رہتے ہوئے کیوں نہیں کیا جاتا،، کتنی رشتہ داریاں بگڑجاتی ہیں امیری اور غریبی کے نام پر، کتنی دوستیاں ختم ہو جاتی ہیں امیری اور غریبی کے نام پر، نکاح اور شادی بیاہ کو مشکل بنادیا گیا اور زنا کو آسان بنا دیا گیا امیری اور غریبی کے نام پر
جہیز کا بازار بھی لگایا جاتا ہے اور جہیز کی آڑ میں موت کے گھاٹ بھی اتارا جاتا ہے پھر بھی کہا جاتا ہے کہ غریبی بڑی اچھی چیز ہے ایک طرف کوئی مخمل کے بستر پر سوتا ہے دوسری طرف کوئی اخبار بچھا کر فٹپاتھ پر سوتا ہے زندگی کا گذر بسر تو دونوں کا ہورہا ہے
لیکن ایک کا آرام سے دوسرے کا تکلیف سے لیکن آج کے حالات پر نظر دوڑا نے سے یہ بات تو واضح ہوجاتی ہے کہ انسانوں کی بھیڑ میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے مگر انسانیت میں کمی آتی جارہی ہے غریبی کے خاتمے کا خواب دیکھا کر سیاست تو خوب کی جاتی ہے مگر غریبوں کو راحت پہنچانے کے لیے کچھ بھی نہیں کیا جاتا اب تو دینی، سیاسی، سماجی غرض کہ ہر شعبے ہر میدان میں امیری اور غریبی کی کھائی بڑھتی جا رہی ہے
اور معاشرے میں بھی دولتمند کو ہی ہر میدان میں ترجیح دیجاتی ہے چاہے وہ جاہل ہی کیوں نہ ہو اب تو یہاں تک ہونے لگا کہ سردیوں میں کسی کو کمبل دے دیے اور بیماریوں میں کسی کو دوچار پھل دے دئیے تو اس کی تصویر کھینچا کر ایسے وائرل کیا جاتا ہے کہ اس غریب کا جینا مشکل ہوجاتا ہے
یعنی دو پیسہ ہاتھ میں اس کے رکھ کر اس کی خود داری چھین لی جاتی ہے اور حد تو یہ ہے کہ ایسی مکاری، فریبی چال والی بیماری مسلمانوں کے اندر بھی بہت زیادہ پائی جاتی ہے زکوٰۃ کی رقم دے کر بھی بہت سے لوگوں کو اس وقت تک چین نہیں ملتا جب تک کہ چار آدمی سے بتا نہ دیں
حالاں کہ اسلامی تاریخ میں ام المومنین حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کا ایک واقعہ ملتا ہے کہ انہوں نے ایک غریب آدمی کے پاس امدادی رقم بھیجی تو یہ کہدیا تھا کہ ان سے یہ نہ بتانا کہ یہ رقم کس نے دی ہے، ان سے تم بھلے سلام کرنا لیکن میرا سلام نہ کہنا، ہوسکے تو ان کے ہاتھ میں رقم نہ دیکر ان کی طرف بڑھاتے ہوئے ان کے قریب رکھ دینا وہ صاحب جب رقم دے کر واپس آئے تو حضرت عائشہ صدیقہ سے پوچھا کہ آپ نے اپنا سلام کہنے سے کیوں منا کیا
اور دوسری بات یہ کہ پیسہ ہاتھ میں دینے سے کیوں منا کیا تو حضرت عائشہ نے کہا کہ تم میرا سلام کہتے تو ہوسکتا ہے کہ وہ پھر کبھی ایسی حالت میں ہوتے کہ انہیں پھر امداد کی ضرورت پڑتی اور مجھ تک پیغام یہ سوچ کر نہیں پہچا تے کہ ان کے پاس سے ایک بار امدادی رقم آچکی ہے
اس لیے میں نے یہ سوچا کہ انہیں معلوم ہی نہ ہو کہ یہ رقم عائشہ نے بھیجی ہے اور ہاتھ میں نہ دینے کے لیے اس وجہ سے کہا کہ تم ہاتھ میں دیتے تو ہوسکتا تھا کہ ان کا ہاتھ نیچا ہوتا اور تمہارا ہاتھ اوپر ہوتا تو کہیں تمہارے دل میں یہ خیال نہ پیدا ہوجاتا کے لینے والے کا ہاتھ نیچے اور دینے والے کا ہاتھ اوپر ہے تو کہیں تم تکبر نہ کر بیٹھتے بہت سے علماے کرام نے بیان کیا ہے کہ حضرت عائشہ نے اپنے بھانجے عروہ سے یہ رقم بھیجی تھی بہر حال اس واقعے سے امدادی سامان و رقم کا پرچار پرسار کرنے والوں کو عبرت حاصل کرنا چاہیئے
بلکہ اس واقعے سے ہر خاص و عام کو سبق حاصل کرنے کی ضرورت ہے اس لیے صحابہ کرام رضی اللہ عنہم اجمعین جو مال دار تھے وہ اپنی دولت سے جنت کا سامان خریدا کرتے تھے
اور آج کا مسلمان بھی مدارس سے لیکر خانقاہوں تک صرف مرغ و ماہی کا انتظام کرنے والوں اور مٹھیوں کو موٹی موٹی رقم سے گرم کرنے والوں کو اہمیت دیتا ہے اور غریب مریدین تک کو قریب تک بیٹھنے کی جگہ نہیں دیتا کوئی بڑے حوصلے سے دعوت دیتا ہے تو اس کے وہاں جانے سے کتراتے ہیں اور کسی کے وہاں اس انداز سے جاتے ہیں کہ کھانے کے بعد دسترخوان پر ہاتھ اٹھا کر اجتماعی دعا تک کرتے ہیں
کیا اس سے غریبوں کو ٹھیس نہیں لگتی، کوئی آپ کو نذرانہ دے تو اس سے مصافحہ کریں اور گلے بھی لگائیں اور کوئی ہاتھ بڑھائے تو اسے اشاروں اشاروں میں کہیں ہاں ٹھیک ہے ٹھیک ہے
تو کیا اس غریب مرید کو ٹھیس نہیں پہنچے گی پھر بھی اسٹیج سے خطابت کے انداز میں کہیں کہ غریبی بڑی اچھی چیز ہے تو دنیا چاہے کچھ بھی کہے میں تو یہی کہوں گا کہ ایسا کرنے والا پیر نہیں بلکہ روٹی توڑ فقیر ہے، یہ واعظ نہیں بلکہ یہ ایک شعبدہ باز ہے اس کا انداز خطاب ایک فن ہے فن اس سے بڑھ کر کچھ نہیں
تحریر:جاوید اختر بھارتی
سابق سکریٹری یوپی بنکر یونین
محمدآباد گوہنہ ضلع مئو یوپی
javedbharti508@gmail.com
اور دوسرے مضامین کے لنک حاضر ہے پڑھ کر ضرور شئیر کریں
اسوہ رسولﷺ لاجواب توہین رسالت بدترین دہشت گردی
نبی ﷺکی دعوت حضرت عثمان علی و جابر رضوان اللہ علیھم اجمعین کے گھر
نہ لاج رکھی کعبہ کی نہ حرم کے مصلے کی
ONLINE SHOPPING
گھر بیٹھے خریداری کرنے کا سنہرا موقع