از : محمد ہاشم اعظمی مصباحی صالح معاشرہ کی تشکیل میں اساتذہ کا کردار
صالح معاشرہ کی تشکیل میں اساتذہ کا کردار
استاذ یا معلم کا لفظ کہنے کو تو چند حروف کا مجموعہ ہے لیکن یہ اپنے اندر پورے معاشرے کی باگ دوڑ سنبھالے ہوئے ہے یہ جو دنیا میں آپ کو حیرت انگیز ایجادات اور نت نئی تبدیلیاں نظر آرہی ہیں یہ سب اس ایک شخصیت کے گرد گھومتی رہتی ہیں۔ معلم کی حیثیت ایک رہ نما و معمار کی ہے معلم ایک داعی ہوتا ہے جس کے کندھوں پر اللہ پاک نے بہت بڑی ذمہ داری رکھی ہے لیکن بہت سے سماج اور معاشرے میں اساتذہ کو صرف متعینہ مضامین پڑھانے کا ذریعہ سمجھا جاتا ہے ۔
حالاں کہ ایسا بالکل نہیں ہونا چاہیے ایک معلم کے فرائض میں اور بھی بہت سی چیزیں شامل ہوتی ہیں معلم اپنے بچوں کو اچھی تعلیم وتربیت سے روشناس کرکے قوم کے مستقبل کی تعمیر کرتا ہے اس لئے امید سے پُرہوکر بڑی معذرت کے ساتھ ہم کہنا چاہتے ہیں کہ استاد کی نظر صرف بچوں کے نمبرات پر نہیں بلکہ ان کی شخصیت سازی پر ہونی چاہیے صرف سوالوں کے جوابات یاد کرالینے اور خالی طوطے کی طرح تمام نصاب کو ہضم کرالینے سے تعلیم کا حق ادا نہیں ہوتا اس حق کو ادا کرنے کے لیے حق گوئی اور حقائق کی تعلیم اور طلبہ کی صالح تربیت بہت ضروری ہے ورنہ پڑھ لکھ کر بھی یہ لوگ نئی مصیبت کھڑی کر سکتے ہیں۔
جو سماج اور خود والدین اور اساتذہ کے لیے شرمندگی کا سبب بن سکتی ہیں صرف مقررہ نصاب کو پڑھانا کافی نہیں بلکہ اخلاقیات کا نمونہ بھی پیش کرنا ضروری ہے اور آج کے بدلتے ہوئے معاشرے میں تو اساتذہ کی ذمہ داریاں اور بھی دو چند ہوجاتی ہیں اساتذہ کی پوری توجہ کے بغیر کسی بھی طالب علم کی شخصیت کی مکمل نشوونما نہیں ہو سکتی یہ یاد رکھیں کہ تعلیم ہی وہ واحد وسیلہ ہے جو انسان کو شرف آدمیت بخشتا ہے اور صالح کردار کے بغیر علم صرف دماغ کا تعیش اور دل کا نفاق ہے اگر تعلیم کے ساتھ اخلاق و عمل کی خوبیاں پیدا نہ ہوں تو علم کا درخت بے ثمر اور بے فیض ہے۔
آج کے بدلتے ہوئے معاشرے میں خاص طور سے اساتذہ کو طلبہ کے لئے بذات خود حسن اخلاق کا نمونہ ہونا چاہیے اس لئے کہ علم کے ساتھ اساتذہ کے عادات واطوار بھی طلبہ کی شخصیت پر اثر انداز ہوتی ہیں بلکہ استاد کی شخصیت براہ راست بچوں کی شخصیت پراثر انداز ہوتی ہے ایک اچھا معلم وہ ہوتا ہے جو شفقت بھرے انداز میں اپنے طلبہ کی تعلیم و تربیت پر اپنے آپ کو تَج دے اس تناظر میں حضور حافظ ملت علامہ شاہ عبدالعزیز محدث مرادآبادی علیہ الرحمہ بانی جامعہ اشرفیہ مبارک پور کا نام بڑے ادب کے ساتھ لیا جاتا ہے۔
ہر طالب علم پر آپ کی نظر شفقت و حکمت یکساں ہوتی تھی بلکہ ہر طالب علم یہ سمجھتا تھا کہ حضرت سب سے زیادہ ہم سے محبت فرماتے ہیں.آپ نے صالح معاشرے کی تشکیل کے لئے ایسے ایسے آفتاب وماہتاب اجالے جو بے نظیر وعالمگیر ہیں
جس نے پیدا کئے کتنے لعل وگہر
حافظ دین وملت پہ لاکھوں سلام
اسلام کے نزدیک معیاری تعلیم وہی ہے جس کے نتیجے میں انسان خودشناسی اور خدا شناسی سے ہمکنار ہو ورنہ وہ ایک اچھا ڈاکٹر، انجینئر، وکیل، سائنس دان یا کچھ بھی بن جائے لیکن معاشرے کا اچھا انسان نہیں بن پائے گا اور نہ اس کو آنے والی دنیا میں کامیابی ملے گی۔ ڈاکٹر اقبال اپنے نوجوانوں کو شاہین پرندے سے تعبیر کرتے ہیں جو عیش و آرام کے بجائے پہاڑوں کی چوٹیوں پر زندگی گزارتا ہے جو مردہ شکار نہیں کھاتا اپنا شکار کرکے کھاتا ہے جو ایک باغیرت اور بہادر پرندہ ہے۔
نہیں تیرا نشیمن قیصر سلطانی کے گنبد پر
تو شاہین ہے بسیرا کر پہاڑوں کی چٹانوں پر
قابلیت بہت اہم چیز ہے لیکن صرف قابلیت کافی نہیں ہے شرافت اور حسن اخلاق بھی ضروری ہے قابلیت کے ذریعے تعلیم کا معیار بلند ہو گا اور شرافت واخلاق کی وجہ سے تعلیم ثمر بار ہو گی اور طالب علم بھی سرخرو ہو گا کیونکہ استاد کی مثال ایک ایسے درخت کی طرح ہے جو معاشرے کو بہتر آکسیجن فراہم کرتا ہے اور مسموم مادے کو خود جذب کر لیتا ہے انہیں قربانیوں کے پیش نظر اساتذہ کا احترام بھی ضروری قرار دیا گیا ہے بلکہ انہیں روحانی باپ گردانا گیا ہے جو جسمانی باپ سے بڑھ کر ہوتا ہے۔
تاریخ گواہ ہے کہ جس قوم نے بھی استاد کی قدر کی وہ دنیا بھر میں سرفراز ہوئی امریکہ، برطانیہ، جاپان، فرانس، ملائیشیا، اٹلی سمیت تمام ترقی یافتہ ممالک میں جو عزت اور مرتبہ اساتذہ کو حاصل ہے وہ ان ممالک کے صدور اور وزرائے اعظم کو بھی نہیں دیا جاتا کیوں کہ یہ لوگ جانتے ہیں کہ استاد ایسا مینارِ نور ہے جو اندھیرے میں ہمیں راہ دکھلاتا ہے۔ ایک ایسی سیڑھی ہے جو ہمیں معراج کی بلندیوں پر پہنچا دیتی ہے۔
ایک ایسا انمول تحفہ ہے جس کے بغیر انسان ادھورا ہے اساتذہ کی عظمت کے باب میں اس سے بڑھ کر اور کیا ہوگا کہ اللہ تعالیٰ نے قرآن پاک میں حضور رحمت عالم صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم کو معلم کی حیثیت سے متعارف کرایا ہے اور خود نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے بھی ارشاد فرمایا کہ:بُعِثتُ معلماً(الحديث) یعنی ’’مجھے معلم بنا کر بھیجا گیا ہے‘‘امیر المومنین حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ سے پوچھا گیا کہ اتنی بڑی اسلامی مملکت کے خلیفہ ہونے کے باوجود آپ کے دل میں کوئی حسرت ہے تو آپ نے ارشاد فرمایا کہ ’’کاش میں ایک معلم ہوتا‘‘ ۔
حدیث مبارکہ ہے آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم فرماتے ہیں کہ:اللہ تعالیٰ اور اس کے فرشتے آسمان و زمین کی تمام مخلوقات، بلوں میں رہنے والی چیونٹیاں، پانی میں رہنے والی مچھلیاں اس شخص کے لیے دعائے خیر کرتی ہیں جو لوگوں کو بھلائی سیکھاتا ہے(ترمذی) دوسری جگہ ارشاد ہوتا ہے:بہترین صدقہ یہ ہے کہ انسان علم سیکھے اور اپنے بھائی کو سکھائے(ابن ماجه)۔
تحریر: محمد ہاشم اعظمی مصباحی
نوادہ مبارک پور اعظم گڈھ یو پی
9839171719
اس کو بھی پڑھیں: ہندوستان میں شرح خواندگی: چند حقائق
ONLINE SHOPPING
گھر بیٹھے خریداری کرنے کا سنہرا موقع