تحریر: طارق انور مصباحی شعور بیدار ہوا ماحول بدل گیا
شعور بیدار ہوا ماحول بدل گیا
مبسملا وحامدا::ومصلیا ومسلما
آج سے دس بارہ سال قبل علماے اہل سنت وجماعت کی جانب سے تعمیر مدارس کی خبریں ضرور موصول ہوتی تھیں , لیکن سماجی و رفاہی خدمات اور عصری تعلیم گاہوں کے قیام کی خبر سننے کو ہم ترس جاتے تھے۔
رضا اکیڈمی کچھ رفاہی وسماجی خدمات انجام دیتی تھی اور خانقاہ برکاتیہ نے علی گڑھ میں ایک عظیم الشان عصری تعلیم گاہ قائم کی تھی۔
اب یہ دیکھ کر خوشی ہوتی ہے کہ بہت سے علمائے اہل سنت وجماعت سماجی ورفاہی خدمات کی طرف بھی مضبوط قدم بڑھا چکے ہیں۔ہمارے علما عصری دانش کدوں کی تعمیر بھی فرما رہے ہیں۔متعدد علمائے کرام قوم کے اندر صالح سیاسی شعور بھی بیدار کر رہے ہیں۔
جامعہ اشرفیہ مبارکپور نے درسی کتابوں کی طباعت واشاعت بھی کی اور درسی کتابوں کے حواشی بھی لکھوائے۔بہت سے علما نے درسی کتابوں کی اردو شروحات بھی لکھیں۔
دعوت اسلامی(ہند) نے تبلیغ اسلام وسنت کے ساتھ تعمراتی کاموں کی طرف بھی توجہ دی اور ان کی منصوبہ بند پیش رفت جاری ہے۔
ماہنامہ پیغام شریعت(دہلی)کے اجرا سے قبل ہی ہمارا یہ منصوبہ تھا کہ قومی وملی خدمات انجام دینے والوں کی حوصلہ افزائی کی جائے۔
گرچہ ہم اس موضوع پر زیادہ معلومات قوم کو فراہم نہ کر سکے۔تاہم آج بھی ہمارا وہ عزم اپنی جگہ مستحکم ہے۔اگر قلم کاران اس موضوع پر دو تین صفحات پر مشتمل مضامین بھیجیں تو ان شاء اللہ تعالی اس کی اشاعت کی جائے گی۔طویل مضامین کی گنجائش کم ہوتی ہے۔
تعمیر مدارس ومساجد کے ساتھ اہل سنت وجماعت کی دیگر خدمات کو بھی اجاگر کیا جائے۔قوم مسلم کو معلوم ہونا چاہئے کہ اہل سنت وجماعت کی جانب سے بھی مختلف قسم کی قومی وملی خدمات انجام دی جا رہی ہیں۔
ایک جانب علمائے اہل سنت وجماعت کی یہ بے مثال خدمات ہیں جن کو دیکھ کر فرحت وشادمانی محسوس ہوتی ہے تو دوسری جانب سر ابھارتے ہوئے فتنوں کو دیکھ کر رنج والم بھی ہوتا ہے۔
حالیہ دس بارہ سال کے اندر اہل سنت وجماعت کے اندر تصوف کے نام پر ایک فتنہ برپا ہوا ہے۔
دل فریب اسلوب کے ساتھ گمراہ متصوفین نے قوم کو صلح کلیت کی طرف دھکیلنا شروع کر دیا ہے۔وہ جعلی تصوف کے عریاں لباس میں قوم کے سامنے آتے ہیں اور اہل ندوہ کی طرح اتحاد بین المسالک کا سبق پڑھاتے ہیں۔
ضرورت ہے کہ محررین ومقررین اور مبصرین ومفکرین اس جانب بھی متوجہ رہیں اور قومی وملی خدمات کے ساتھ فتنہ گروں کی سرکوبی بھی کرتے رہیں۔
تحریر: طارق انور مصباحی
مدیر :ماہانمہ پیغام شریعت دہلی
اعزازی مدیر: افکار رضا
آواپنی اصلاح کریں
قسط چہارم پڑھنے کے لیے کلک کریں
ONLINE SHOPPING
گھر بیٹھے خریداری کرنے کا سنہرا موقع