Friday, November 22, 2024
Homeاحکام شریعتسحری کھانے میں برکت ہے

سحری کھانے میں برکت ہے

از۔ مفتی محمداسرار احمد فیضی سحری کھانے میں برکت ہے

سحری کھانے میں برکت ہے

حضور اکرم نور مجسم ﷺ نے فرمایا کہ سحری کھاؤ کیوں کہ سحری کھانے میں برکت ہے۔ (بخاری ومسلم)حضرت عرباض بن ساریہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ حضور اکرم ﷺ نے مجھے رمضان میں سحری کھانے کے لیے بلایا اور فرمایا کہ بابرکت کھانے کے لیےآؤ۔ (ابو داؤد، نسائی)۔

فائدہ : سحر رات کے آخری حصے کو کہتے ہیں، سَحور سین کے زبر کے ساتھ اسم ہے یعنی طعام سحر کے معنی میں اور سُحور سین کے پیش کے ساتھ مصدر ہے یعنی سحر کے وقت کھانا۔برکت سے مراد یہ ہے کہ سحری کھانا چوں کہ سنت نبوی پر عمل کرنا ہے

اس لیے اس کی وجہ سے نہ صرف یہ کہ بڑا اجر ملتا ہے بلکہ روزہ رکھنے کی قوت بھی آتی ہے، ایک روایت میں ہے کہ سحری کھاؤ، چاہے وہ ایک گھونٹ پانی ہی کی شکل میں کیوں نہ ہو، البتہ یہ حکم واجب نہیں ہے بلکہ مستحب ہے۔

سحری مسلمانوں کا امتیاز

حضور اکرم ﷺ نے فرمایا کہ ہمارے روزے اور اہل کتاب (یعنی یہود و نصاری) کے روزے کے درمیان فرق سحری کھانا ہے۔ (مسلم)۔

فائدہ : اہل کتاب کے یہاں رات میں سو رہنے کے بعد کھانا حرام تھا، اسی طرح مسلمانوں کے یہاں بھی ابتدا اسلام میں یہی حکم تھا مگر بعد میں مباح ہو گیا

لہٰذا سحری کھانے سے اہل کتاب کی مخالفت لازم آتی ہے جو اس عظیم نعمت کی شکر گزاری کا ایک ذریعہ ہے۔

بہترین سحری کیاہے حضور اکرم ﷺ نے فرمایا کہ مومن کے لیےسحری کا بہترین کھانا کھجور ہے۔ (ابوداؤد)۔

علامہ عَینی رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ نے سترہ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم سے سحری کی فضیلت کی احادیث نقل کی ہیں، اور اِس کے مستحب ہونے پر اِجماع نقل کیا ہے،بہت سے لوگ کاہِلی کی وجہ سے اِس فضیلت سے محروم رہ جاتے ہیں، اور بعض لوگ تراویح پڑھ کر کھانا کھاکر سوجاتے ہیں اور وہ اِس کے ثواب سے محروم رہتے ہیں، اِس لیے کہ لغت میں ’’سَحَر‘‘ اُس کھانے کو کہتے ہیں جو صبح کے قریب کھایاجائے۔(قامُوس) ۔

بعض نے کہاہے کہ آدھی رات سے اُس کا وقت شروع ہوجاتاہے، صاحبِ کَشَّاف نے اخیر کے چھٹے حصے کو بتلایا ہے، یعنی تمام رات کو چھ حصَّوں پر تقسیم کرکے اخیر کا حصَّہ مثلاً اگر غروبِ آفتاب سے طلوعِ صبحِ صادق تک بارہ گھنٹے ہوں تو اخیر کے دوگھنٹے سَحر کا وقت ہے، اور اِن میں بھی تاخیر اَولیٰ ہے، بشرط کہ اِتنی تاخیر نہ ہو کہ روزے میں شک ہونے لگے ۔

ایک جگہ ارشاد ہے کہ تین چیزوں میں برکت ہے، جماعت میں، اور ثَرِید میں، اور سحری کھانے میں

حضور اکرم ﷺ جب کسی صحابی کو اپنے ساتھ سحر کھلانے کے لیے بُلاتے تو ارشاد فرماتے کہ آؤ! برکت کا کھانا کھالو

ایک حدیث میں ارشاد ہے کہ سحری کھاکر روزے پر قوَّت حاصل کرو، اور دوپہر کو سو کر اخیر شب کے اُٹھنے پر مدد چاہا کرو

حضرت عبداللہ بن حارث رضی اللہ عنہ ایک صحابی سے نقل کرتے ہیں کہ میں حضور اکرم ﷺ کی خدمت میں ایسے وَقت حاضر ہوا کہ آپ ﷺ سحری نوش فرما رہے تھے، آپ ﷺ نے فرمایا کہ یہ ایک برکت کی چیز ہے جو اللہ نے تم کو عطافرمائی ہے، اِس کو مت چھوڑنا۔(ملخصاً)۔

سحری کے اہم مسائل 

اگر کوئی شخص رات ہی کو اس اندیشہ سے روزے کی نیت کر کے سوجائے کہ سحری کے وقت اس کی آنکھ نہیں کھلے گی تو اس کا روزہ ہوجائے گا۔

اگر صبحِ صادق ہوجانے کے بعد کھایا پیا تو روزہ نہ ہوگا، خواہ اذان ہوچکی ہو یا نہ ہوئی ہو، اور اذانیں عموماً صبحِ صادق کے بعد ہوتی ہیں، اس لئے اذان کے وقت کھانے پینے والوں کا روزہ نہیں ہوگا، عموماً مسجدوں میں اوقات کے نقشے لگے ہوتے ہیں، ابتدائے فجر کا وقت دیکھ کر اس سے چار پانچ منٹ پہلے سحری کھانا بند کردیا جائے۔

سحری ختم ہونے کا وقت متعین ہے، سائرن اور اذان اس کے لیے ایک علامت ہے، ہر فرد گھڑی میں وقت دیکھ لے، اگر سائرن وقت پر بجا ہے تو وقت ختم ہوگیا، اب کچھ کھاپی نہیں سکتے

البتہ اگر کسی علاقے میں سائرن وقت کے ختم ہونے سے پانچ منٹ پہلے بجایا جاتا ہو اور سب کو معلوم بھی ہو تو اس وقت ایک منٹ میں اگر پانی پی لیا تو روزہ میں فرق نہ پڑے گا تاہم احتیاط کا تقاضا یہ ہے کہ سائرن بجنے سے پہلے پانی پی لیا جائے۔

اُصول یہ ہے کہ روزہ رکھنے اور اِفطار کرنے میں اس جگہ کا اعتبار ہے جہاں آدمی روزہ رکھتے اور اِفطار کرتے وقت موجود ہو، پس جو شخص عرب ممالک سے روزہ رکھ کر ہندوستان آئے تو اس کو ہندوستان کے وقت کے مطابق اِفطار کرنا ہوگا، اور جو شخص ہندوستان سے روزہ رکھ کر مثلاً سعودی عرب گیا ہو، اس کو وہاں کے غروب کے بعد روزہ اِفطار کرنا ہوگا، اس کے لیے ہندوستان کے غروب کا اعتبار نہیں۔

اگر کسی علاقے میں اذان کی آواز نہ آتی ہو اور وہ ریڈیو کی اذان پر سحری بند کرتے ہوں اور افطار کرتے ہوں تو درست ہے بشرط کہ ریڈیو پر صحیح وقت پر اطلاع اور اذان دی جاتی ہو، البتہ احتیاط کا تقاضہ یہ ہے کہ نقشہ اوقات بھی دیکھ لیےجائیں اور گھڑی بھی درست وقت پر رکھی جائے۔

عام طور پر لوگ روزہ کی نیت ان الفاظ سے کرتے ہیں نویتُ ان اصوم غدا للہ تعالی من شہرِ رمضانَ ھذایہ الفاظ سنت نبوی سے ثابت ہے واضح رہے کہ نیت دل کے ارادے کو کہتے ہیں، اگر کوئی شخص دل سے ارادہ کرلے کہ کل رمضان کا روزہ رکھوں گا تو بھی درست ہوجائے گا، زبان سے تلفظ کرلینا بہتر ہے، نیز زبان سے تلفظ کرتے وقت انہیں الفاظ سے نیت کرنا ضروری نہیں

یہ الفاظ عام آدمیوں کی سہولت کے لیے ہے کہ وہ عربی میں نیت کرلیں۔

والسنة أن یتلفظ بھا فیقول: نویت أصوم غدا أو ھذا الیوم إن نوی نہاراً للہ عز وجل من فرض رمضان أي سنة المشائخ لا النبي (صلی اللہ علیہ وسلم)

از۔ مفتی محمداسرار احمد فیضی

ان مضامین کو بھی پڑھیں

رمضان المبارک اور ذکر و اذکار 

شور ہے اوج فلک پر آمد رمضان المبارک کا 

رمضان میں کیا کریں 

ماہَ رمضان المبارک کیسے گزاریں 

استقبال ماہِ رمضان المبارک

برکتوں و فضیلتوں کا مہینہ رمضان المبارک 

 اللہ تعالیٰ کی انسان پر رمضان کے بہانے انعامات کی بارش

 ہمارے لیے آئیڈیل کون 

 ناموس رسالت ﷺ کا تحفظ لازم ہے

 

afkareraza
afkarerazahttp://afkareraza.com/
جہاں میں پیغام امام احمد رضا عام کرنا ہے
RELATED ARTICLES

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here

Most Popular

Recent Comments

قاری نور محمد رضوی سابو ڈانگی ضلع کشن گنج بہار on تاج الشریعہ ارباب علم و دانش کی نظر میں
محمد صلاح الدین خان مصباحی on احسن الکلام فی اصلاح العوام
حافظ محمد سلیم جمالی on فضائل نماز
محمد اشتیاق القادری on قرآن مجید کے عددی معجزے
ابو ضیا غلام رسول مہر سعدی کٹیہاری on فقہی اختلاف کے حدود و آداب
Md Faizan Reza Khan on صداے دل
SYED IQBAL AHMAD HASNI BARKATI on حضرت امام حسین کا بچپن