از قلم:محمد شعیب رضا قادری مرد مومن مرد حق شاہ تراب الحق
مرد مومن مرد حق شاہ تراب الحق
عالم اسلام کو آلِ رسول علامہ سید شاہ تراب الحق قادری رضوی صاحب علیہ الرحمہ کا چوتھا عرس شریف مبارک ہو۔ شاہ صاحب اپنے آپ میں ایک تحریک تھے، ایک انجمن تھے۔ شاہ صاحب سے میری وابستگی اس طرح ہوئی کہ انٹرنیٹ پر اعلیٰ حضرت ڈاٹ نیٹ نامی ویب سائٹ پر آپ کے دینی سوالات و جوابات سنتا تھا
اور یوں محسوس ہوتا کہ ہو نہ ہو یہ کوئی معمولی ہستی نہیں ہے۔ فقیر کے غریب خانہ میں بریلی شریف سے خلیفہ سرکار مفتی اعظم ہند علامہ قاری انوار الحق مصطفوی صاحب تشریف لائے ہوئے تھے اور میری اُن سے پاکستان کے علما کو لے کر گفتگو ہو رہی تھی
میں نے حضرت سے پوچھا کہ سید شاہ تراب الحق قادری صاحب کیسے ہیں؟ حضرت نے بڑے ہی ادب سے جواب دیا کہ “وہ تو بڑے متقی و پرہیزگار عالم دین ہیں”۔ حضرت کے یہ جملے سنے اور دل میں شاہ صاحب کی محبت اور زیادہ بیٹھ گئی۔
پھر وہ دن آیا کہ حضرت کی بارگاہ میں طالب بیعت کے لیے آپ کے آفیشل میل اکاؤنٹ پر میل بھیجا اور پھر کچھ دنوں بعد حضرت کے آفیشل اکاؤنٹ سے میل کا جواب آیا کہ “حضرت شاہ صاحب نے آپ کو طالب بیعت کر لیا ہے اور حضرت شاہ صاحب کی صحت کے لیے خصوصی دعا فرمائیں۔” ۔
دل خوشی کے مارے جھوم اٹھا کہ شاہ صاحب جیسی عظیم شخصیت نے مجھ خاکسار کو اپنے دامن میں لے لیا۔ دل میں یہ خواہش تھی کہ جب شاہ صاحب عمرہ کے لیے حرمین شریفین سفر کریں گے تو میں بھی انہی ایام میں سفر عمرہ کے لیے نکل جاؤں۔
لیکن جو رب العالمین کو منظور ہو وہی ہوتا ہے، 4 محرم الحرام شریف ۱۴۳۸ ہجری کو آپ کے وصال شریف کی خبر سنی اور دل اُداس ہو گیا اور میری خواہشں صرف ایک خواب بن کے رہ گئی۔ شاہ صاحب قبلہ، مرشدی سرکار تاج الشریعہ علیہ الرحمہ، حضور محدثِ کبیر دام ظلہ سے بےحد محبت فرمایا کرتے تھے
اور آپ نے حضور تاج الشریعہ علیہ الرحمہ کو حضور صلی اللہ علیہ وسلم کا نعلین شریف بطور تحفہ بھی عنایت فرمایا تھا۔ شاہ صاحب بڑے پرہیزگار و ولی صفت بزرگ تھے۔ فقیر رضوی چند مہینے پہلے کچھ پریشان چل رہا تھا اور بہت فکر میں رہتا تھا، اُنہیں دنوں ایک رات کو آنکھ لگ گئی اور خواب میں دیکھا کہ میں ایک اونچی بلڈنگ پر کھڑا ہوں
اچانک زلزلہ آ گیا اور بلڈنگ گر گئی اور میں بھی بلڈنگ کے ساتھ نیچے جا رہا ہوں لیکن نیچے گرا نہیں اور نہ ہی کوئی کھروچ آئی، جب سر اٹھا کر دیکھا تو سامنے شاہ تراب الحق صاحب کھڑے ہے اور میرے لیے ہاتھ اٹھا کر دعا کر رہے تھے۔
جب صبح اٹھا تو فکر و غم سب دور ہو گئے اور پریشانی بھی جاتی رہی۔ اللّٰہ والے کبھی اپنے چاہنے والوں کو تنہا نہیں چھوڑتے۔ اللّٰہ تعالیٰ شاہ صاحب کی بےحساب مغفرت فرمائے اور آپ کے مزید درجات بلند فرمائے۔
آمین
طالب دعا
محمد شعیب رضا قادری (مکرانہ)۔
ONLINE SHOPPING
گھر بیٹھے خریداری کرنے کا سنہرا موقع