ایک روشن دماغ تھا نہ رہا
ایک روشن دماغ تھا نہ رہا
بروز سہ شنبہ (١٥ دسمبر ٢٠٢٠ء مطابق ٢٩ ربیع الآخر ١٤٤٢ھ،شب ٩ بجے
عظیم روحانی مرکز خانقاہ برکاتیہ کے گل سرسبد، فکر و دانش کے آفتاب، خانقاہی روایتوں کے آمین، عالی مرتبت والا جناب سید محمد افضل برکاتی مارہروی اس دنیا سے رخصت ہو کر جملہ احباب اہل سنت کو عموماً اور خانوادہ برکاتیہ کو خصوصاً داغ مفارقت دے گئے جن کے جانے کا غم ہم سب خواجہ تاشان برکاتیت کو ہے۔
میں اور ارکان دارالعلوم قادریہ چریاکوٹ (مئو،یوپی) و ذمہ داران المجمع الاسلامی مبارک پور، اعظم گڑھ سوگوار وغم زدہ ہیں۔
امین ملت، شرف ملت اور رفیق ملت دامت برکاتہم القدسیہ اورنگ نشینان خانقاہ صاحب البرکات کی خدمات بابرکات میں ہم سب کلمات تعزیت وتسلی پیش کرتے ہیں اور دعاے صبر کرتے ہیں
مولیٰ عزوجل مرحوم کو کروٹ کروٹ جنت نشین کرے اور جملہ پسماندگان کو صبر و اجر سے نوازے۔
حضرت سید محمد افضل مرحوم حکومت کے ایک بہت ہی اہم عہدے(اے ڈی جی پی، بھوپال) پر فائز ہوتے ہوئے بھی علما نواز تھے، تکبرو غرور کا ان کے اندر شائبہ تک نہ تھا۔
جامعۃ البرکات کی تجویز وتنظیم سے لے کر اس کی تعمیر وترقی میں بھر پور حصہ دار تھے اور اپنی عالی دماغی و فکری بالیدگی سے اس کو بام عروج پر پہنچانے میں ہمہ تن اور ہمہ وقت مصروف تھے۔
کئی ماہ سے بیمار تھے، دعائیں ہوئیں، دوائیں ہوئیں، لیکن مرضی مولیٰ از ہمہ اولیٰ کے تحت ”كُلُّ نَفس ذَاىِٕقَةُ ٱلمَوتِ“ کا مزہ چکھ کر واصل بحق ہوگئے۔
بڑی مرنجا مرنج طبیعت کے مالک تھے، بڑی باوقار اور پربہار گفتگو کرتے، چھوٹوں سے بھی پیار محبت سے ملتے، علما کی خوب قدر کرتے اور تواضع سے ملتے۔
ایک بار” فکر و تدبیر کانفرنس “ مارہرہ شریف میں ملاقات ہوئی تو میں نے سلام و مصافحہ کے بعد بطور تعارف اپنا نام لیا تو فوراً فرمایا: ارے آپ کو کون نہیں جانتا پھر خیریت پوچھی۔ آپ کے جانے سے خانقاہ برکاتیہ میں جو خلا پیدا ہوا ہے اللہ ہی اسے پُر فرمائے، افراد خانوادے میں آپ کا مثیل وجانشین بنائے۔ آمين بجاه سيد المرسلين عليه وآله الصلاة والتسليم
سوگوار وغم زدہ
محمد عبد المبین نعمانی قادری برکاتی مصباحی
چریاکوٹ، ضلع مئو (یوپی)۔
ONLINE SHOPPING
آہ ! سید افضل میاں برکاتی علیہ الرحمہ
گھر بیٹھے خریداری کرنے کا سنہرا موقع