از قلم : محمد ذیشان مصباحی عالم اسلام کو اسلامی نیا سال مبارک
عالم اسلام کو اسلامی نیا سال مبارک
جیسے ہی محرم الحرام کا چاند نظر آتا ہے، حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی یاد تازہ ہو جاتی ہے، گھر گھر ذکر امام حسین اور شہیدان کربلا رضی اللہ تعالیٰ عنہم کی محفلیں سج جاتی ہیں، اور محبت اہل بیت رکھنے والے لوگوں کی آنکھیں نم اور دل پژمردہ ہو جاتے ہیں، اور اہل بیت پر یزیدیوں کی ظلم و بربریت کی داستانیں سن کر آنکھیں اشکبار ہو جاتی ہیں، اور کلیجہ منہ کو آتا ہے۔
لیکن ہم اہل سنت وجماعت جہاں اہل بیت کرام رضی اللہ تعالیٰ عنہم سے محبت کرتے ہیں، وہیں صحابہ کرام رضوان اللہ تعالیٰ علیہم اجمعین سے بھی عقیدت رکھتے ہیں، ہمارا طرز عمل عقیدت و محبت کے سلسلہ میں نہ تو روافض کی طرح ہے،
جو محبت اہل بیت کا تو دم بھرتے ہیں مگر صحابہ کرام رضوان اللہ تعالیٰ علیہم اجمعین کی شان میں گستاخیاں کرتے ہیں، اور نہ ہی خوارج کی طرح ہے، جو صحابہ کرام رضوان اللہ تعالیٰ علیہم اجمعین – سے تو عقیدت کا اظہار کرتے ہیں مگر اہل بیت کرام رضی اللہ تعالیٰ عنہم – کی شان میں گستاخیاں کرتے ہیں۔
اس لیے کہ جہاں ہمارے پیارے آقا ﷺ نے اہل بیت کرام – رضی اللہ تعالیٰ عنہم – کے بارے میں فرمایا : “ أَلَا إِنَّ مَثَلَ أَهْلَ بَيْتِىْ فِيْكُمْ مَثَلُ سَفِيْنَةِ نُوْحٍ، مَنْ رَكِبَهَا نَجَا وَ مَنْ تَخَلَّفَ عَنْهَا هَلَكَ ” یعنی آگاہ ہو جاؤ میرے اہل بیت تم لوگوں کے لیے نوح ( علیہ السلام) کی کشتی کے مانند ہیں، جو شخص کشتی میں سوار ہوا اس نے نجات پائی اور جو کشتی میں سوار ہونے سے پیچھے رہ گیا وہ ہلاک ہوا۔
وہیں صحابہ کرام رضوان اللہ تعالیٰ علیہم اجمعین – کے بارے میں فرمایا : ” أَصْحَابِىْ كَالنُّجُوْمِ فَبِاَيِّهِمْ اِقْتَدَيْتُمْ اِهْتَدَيْتُمْ ” يعنی میرے صحابہ ستاروں کی مانند ہیں تو ان میں سے تم جس کی اقتدا کرو گے ہدایت پاؤ گے۔
حضرت علامہ امام فخر الدین رازی علیہ الرحمۃ و الرضوان فرماتے ہیں : بحمد اللہ تعالیٰ، ہم اہل سنت وجماعت محبت اہل بیت کی کشتی میں سوار ہیں اور ہدایت کے چمکتے ہوئے ستارے صحابہ کرام – رضوان اللہ تعالیٰ علیہم اجمعین سے ہدایت پاتے ہیں۔
لہذا ہم لوگ قیامت کی ہولناکیوں سے اور جہنم کے عذاب سے محفوظ رہیں گے۔ امام اہلسنت،اعلی حضرت علیہ الرحمۃ والرضوان فرماتے ہیں
اہل سنت کا ہے بیڑا پار ، اصحاب حضور
نجم ہیں، اور ناؤ ہے عترت رسول اللہ کی
اس لیے ضروری ہے کہ ہم لوگ محرم الحرام کی محفلوں میں جیسے اہل بیت کرام رضی اللہ تعالیٰ عنہم – کا ذکر کرتے ہیں، اسی طرح صحابہ کرام رضوان اللہ تعالیٰ علیہم اجمعین کا بھی ذکر خیر کریں تاکہ ہماری اور روافض و خوارج کی محافل میں فرق رہے۔
اللہ تبارک وتعالی ہم سب کو اہل بیت کرام رضی اللہ تعالیٰ عنہم – سے سچی محبت و عقیدت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین
۔✍️ : محمد ذیشان مصباحی، مرادآباد
خطبات محرم کو خریدنے کے لیے کلک کریں
ONLINE SHOPPING
گھر بیٹھے خریداری کرنے کا سنہرا موقع