ناقل :- قطب الحسن نظامی فرمان رب أکبر درشانِ صدیق أکبر
فرمان رب أکبر درشانِ صدیق أکبر
کتاب :- زادا لأحباب
مصنف:- علامہ شیخ ملک احمد فاروقی گجراتی
مترجم:- مفتی محمد جابر خاں مصباحی
فرمان الہی ہے:
اِلَّا تَنصُرُوہُ فَقَد نَصَرَہُ اللّٰہُ اِذأَخرَجَہُ الَّذِینَ کَفَرُوا ثَانِیَ اثنَینِ إِذھُمَا فِی الغَارِ إِذیَقُولُ لِصَاحِبِہِ لَاتَحزَن اِنَّ اللّٰہَ مَعَنَا فأنَزَلَ اللّٰہُ سَکِینَتَہُ عَلَیہِ … ألأیة [پ ١٠ التوبہ ٤٠]
اگر تم محبوب کی مدد نہ کرو تو بے شک اللہ نے ان کی مدد فرمائی جب کافروں کی شرارت سے انہیں باہر تشریف لے جانا ہوا صرف دوجان سے جب وہ دونوں غار میں تھے جب اپنے یار سے فرماتے تھے غم نہ کھا بیشک اللہ ہمارے ساتھ ہے تواللہ نے اس پر اپنا سکینہ اتارا۔
بے شک اللہ تعالی نے اس آیت کریمہ میں آپ رضی اللہ تعالی عنہ کا ذکر چھ بار فرمایا، تین بار نبی کریم ﷺ کے ساتھ اتصالا ذکر فرمایا ١ ثانیثنین ٢ ھما فی الغار ٣ لصاحبہ اور دو بار اپنے ساتھ اور رسول اکرم ﷺ کے ساتھ اتصالا ذکر فرمایا ٤+٥ اور وہ اللہ تعالی کے اس ارشاد میں ہے : لاتحزن ان اللہ معنا
اور ٦ بار” علیہ“ میں انفرادی ذکر فرمایا ” علیہ “ میں ضمیر کا مرجع سیدنا ابو بکر صدیق رضی اللہ تعالی عنہ ہیں۔
ثانی اثنین إذھما فی الغار کی جھلکیاں آپ کی حیات طیبہ میں علماے کرام بیان فرماتے ہیں:
سیدناابو بکر صدیق رضی اللہ تعالی عنہ تمام دینی مقام و مرتبہ کے اعتبار سے حضور أکرم ﷺ کے ثانی ہیں ۔
حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ تعالی عنہ پر اسلام پیش کرنے میں پہل کرنے والے رسول اکرم ﷺ ہیں۔ تو آپ ایمان لے آئے ۔ گویا سیدنا صدیق اکبر ایمان کے اعتبار سے رسول اللہ ﷺ کے ثانی ہوئے۔
حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ کے سبقت اسلام کی برکت سے آپ کے بعد تمام صحابہ آپ کے ہاتھ پر اسلام لاۓ تو اس لحاظ سے اسلام کی دعوت و تبلیغ پیش کرنے میں آپ رسول اللہﷺ کے ثانی ہوے۔
حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ بلافصل رسول اللہ ﷺ کی داہنی جانب نشست فرماتے ۔ تو نشست و جلوس کے اعتبار سے آپ کے ثانی اور جب رسول گرامی وقار ﷺ مرض وفات میں مبتلا ہوۓ تو امامت میں حق جانشینی ادا کیا اس طرح ثانی کے شرف سے مشرف ہوۓ۔
اور جب رسول اللہ ﷺ نے وصال فرمایا تو آپ حضور کے خلیفہ و جانشین متعین ہوۓ اس طرح خلیفہ ہونے میں آپ ثانی ہوئے ۔
ایسے ہی جب آپ انتقال فرماگیے تو حضورﷺ کے پہلوۓ مبارک میں مدفون ہوۓ ۔ اس طرح سے قیامت تک کے لیے آپ اللہ تعالی کے فرمان ثانی ثنین کے لقب سے ملقب اور اس کی برکت سے مشرف ہوگیے ۔
از :- قطب الحسن نظامی
ان مضامین کو بھی پڑھیں