سیرت حضرت امیر معاویہ رضی اللہ عنہ ✍️ محمد سلمان رضا امجدی رکن : تحریک فروغ اسلام دہلی شعبہ نشرواشاعت
سیرت حضرت امیر معاویہ رضی اللہ عنہ
آپ کا نام معاویہ، کنیت ابو عبد الرحمن، والد کا نام صخر، (ابو سفیان) والدہ کا نام ہندہ بنت عتبہ ہے، والد اور والدہ دونوں طرف سے پانچویں پشت میں حضورﷺ سے مل جاتے ہیں۔ آپ رضی اللہ عنہ کا تعلق قبیلہ بنو امیہ سے تھا ـ
بنوہاشم کے بعد عرب میں سب سے زیادہ مقام ومرتبہ بنوامیہ کا تھا۔
امیر معاویہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ نسبی لحاظ سے حضور ﷺ کے اہل قرابت میں سے ہیں۔ آپ کا حضور ﷺ سے دوہرا رشتہ ہے ایک نسبی اور دوسرا سسرالی
کیوں کہ ام المومنین حضرت ام حبیبہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا حضور ﷺ کی زوجہ اور امیر معاویہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی حقیقی بہن ہیں، اس لحاظ سے آپ حضور ﷺ کے سسرالی رشتہ دار بھی ہیں ۔
آپ کی ولادت کی صریح روایت دیکھنے میں نہیں آئی مگر حساب سے پتہ چلتا ہے کی آپ کی ولادت حضور ﷺ کے ظہور نبوت سے آٹھ سال قبل مکہ میں ہوئی ۔
قبول اسلام
صحیح یہ ہے کہ آپ خاص صلح حدیبیہ کے دن اسلام لائے مگر مکہ والوں کے خوف سے اپنا ایمان چھپائے رہے. پھر فتح مکہ کے دن اپنا ایمان ظاہر کیا
فضائل
امیر معاویہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ مجتہدین صحابہ میں سے ہیں اور عالم خصوصا مجتہد صحابی بڑے اشرف و اعلیٰ مانے جاتے ہیں۔
صحابہ کے جس قدر فضائل قرآن کریم میں وارد ہوئے ان سب میں امیر معاویہ داخل ہیں۔ اللہ تعالیٰ صحابہ سے جنت کا وعدہ فرما چکا ہے، ان کے لیے تقوی و طہارت لازم فرمادی، وہ سب سچے ہیں، اللہ ان سے راضی اور وہ اللہ سے راضی ہو چکے ہیں، وہ بڑے کام یاب ہیں، ان سے جلنے والے بغض رکھنے گستاخ صحابہ ہیں۔
آپ کی شان میں بہت سی احادیث وارد ہیں حضور ﷺ نے فرمایا: اللھم علم معاویۃ الکتاب والحساب وقہ العذاب
اے اللہ معاویہ کو کتاب (قرآن) اور حساب کا علم عطا فرما اور انہیں عذاب سے بچا۔ (مسند احمد)۔
ترمذی شریف کی حدیث ہے حضور ﷺ نے فرمایا: اللهُمَّ اجْعَلْهُ هَادِيًا مَهْدِيًّا۔ وَاهْدِ بِهِ الناس اے اللہ معاویہ کو ہدایت یافتہ اور ہدایت دینے والا بنا اور معاویہ کے ذریعے لوگوں کو ہدایت دے۔
محب طبری نے اپنی سیر میں ایک بہت طویل حدیث نقل فرمائی ہے جس میں خلفاے راشدین اور عشرہ مبشرہ کے فضائل مروی ہیں اس کے آخر میں یہ بھی ہے
وصاحب سری معاویہ ابن ابی سفیان فمن اصابھم فقد فجار و من بغضہم فقد ہلک (امیر معاویہ پر ایک نظر)۔
یعنی میرے اصحاب اسرار میں سے معاویہ ابن ابی سفیان ہیں جس نے ان تمام سے محبت کی وہ نجات پاگیا اور جس نے ان سے بغض رکھا ہلاک ہو گیا
اور ابن ابی شیبہ “مصنف” میں و طبرانی “معجم کبیر” میں عبدالملک بن عمیر سے روایت کرتے ہیں حضرت معاویہ نے کہا مجھ سے حضور ﷺ نے فرمایا
یا معاویۃ! اذا ملکتَ فاحسن۔ اے معاویہ جب تم بادشاہ ہوجاؤ تو لوگوں کے ساتھ بھلائی سے پیش آنا (تاریخ الخلفا)۔
اکابرین امت نے حضرت امیر معاویہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی تعریف و توصیف فرمائی ہے۔ حضرت عبد اللہ ابن عباس نے انہیں مجتہد و فقیہ صحابی فرمایا ہے۔
امام قسطلانی نے شرح بخاری میں فرمایا: “معاویہ بڑے مناقب اور بڑے خوبی والے ہیں”، شرح مسلم میں ہے کہ امیر معاویہ اعدل فضلا اور بہترین صحابہ میں سے ہیں، امام یافعی نے فرمایا کہ معاویہ حلیم، کریم، عاقل کامل، بہت سلیم رائے والے تھے۔ امام بخاری نے اپنی تاریخ میں عبد اللہ ابن عباس سے روایت کی ہے آپ نے فرمایا میں نے معاویہ سے بہتر کوئی حکومت کے لائق نہ دیکھا ۔
عبد اللہ ابن مبارک سے کسی نے پوچھا اےابو عبد الرحمٰن! معاویہ اور عمر ابن عبد العزیز میں کون افضل ہیں؟ تو آپ نے فرمایا کہ معاویہ کے گھوڑے کی ناک کا غبار جو حضور ﷺ کے ساتھ جہاد کے موقع پر واقع ہوا وہ عمر بن عبد العزیز سے ہزار گنا زیادہ اچھا ہے اور کیوں نہ ہو کہ معاویہ نے حضور ﷺ کے پیچھے نماز پڑھی ہے۔
امیر معاویہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ نہایت دیانت دار، سیاست داں اور قابل حکمران صحابی تھے۔دنیا جانتی ہے کہ عمر فاروق رضی اللہ تعالیٰ عنہ گورنر کی تقرری میں کس قدر محتاط تھے اگر کسی کے اندر ذرا سی کوتاہی دیکھتے معزول کر دیتے
فاروق اعظم رضی اللہ عنہ نے اپنے عہد میں آپ کی فہم و فراست کو مد نظر رکھتے ہوئے آپ کو دمشق کا گورنر بنادیا ۔حضرت عثمان رضی اللہ عنہ نے آ پ کے حسن انتظام ،تدبر اور سیاست کو دیکھتے ہوئے پورے ملک شام کا حاکم مقر کردیا ۔
اس طرح آپ نے بحثیت حاکم بیس سال حکومت کی، اور پھر بعد میں ۲۰ سال تقریبا منصب خلافت پر قائم رہے، اس مدت میں آپ نے اسلام کی شان و شوکت کے ایسے روشن باب رقم کیے جن کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا،افریقہ اور قسطنطنیہ تک اسلام کے جھنڈے لہرا دیے۔
وفات
۔60 ہجری مقام دمشق میں آپ کی وفات ہوئی ۔ آپ کی عمر 78 سال تھی ۔
اللہ حاسدین امیر معاویہ رضی اللہ تعالٰی عنہ سے زمین کو پاک فرمائے آمین یا رب العالمین بجاہ النبی الکریم صلی اللہ تعالیٰ علیہ والہ و سلم
تحریر: محمد سلمان رضا امجدی
رکن: تحریک فروغ اسلام دہلی شعبہ نشرواشاعت
ONLINE SHOPPING
گھر بیٹھے خریداری کرنے کا سنہرا موقع