Thursday, November 21, 2024
Homeمخزن معلوماتصالحین کے نقش قدم کا اتباع

صالحین کے نقش قدم کا اتباع

از قلم: طارق انور مصباحی صالحین کے نقش قدم کا اتباع

صالحین کے نقش قدم کا اتباع

باسمہ تعالیٰ وبحمدہ والصلوٰۃ والسلام علیٰ رسولہ الاعلیٰ وآلہ

آ پ دوسروں کی شخصیات میں منہمک ہوجائیں،اور اپنی شخصیت سے غافل ہوجائیں تو اپنی شخصی تربیت اور ذاتی اصلاح کبھی نہیں کر سکیں گے۔

ہم آج صالحین کی سیرت وحیات پرخوب لکھتے پڑھتے ہیں اور ان کی تعریف وتوصیف میں رطب اللسان رہتے ہیں،لیکن ان سب کے باوجود ان صالحین کے نقش قدم سے کوسوں دورہیں۔ ہماری عملی زندگی میں ان کے اوصاف وکردار کا عکس ڈھونڈنے سے بھی نہیں ملتا۔

اس کی وجہ یہی ہے کہ ہم اپنی شخصی اصلاح وذاتی تربیت کے تصورسے غافل ہوچکے ہیں،حالاں کہ صالحین کی حیات وخدمات کوپڑھنے اور ان کے اوصاف وکردار سے آشنائی کا مقصد ان کے نقش قدم کا اتباع اور ان کی صفات فاضلہ وعادات صالحہ کو اپنا کر خودکوبھی ایک اچھا اورمثالی انسان بنانا تھا۔

اب ہم صالحین کی سیرت وسوانح اوران کے حیات ناموں کا مطالعہ محض علم ومعرفت کی نیت سے کرتے ہیں۔ ان کی خوبیوں کواپنا نے اوراپنی شخصی تربیت واصلاح کا کوئی تصور ہمارے قلب وذہن میں نہیں ہوتا،پس ”جیسی نیت،ویسی برکت“کا ظہور ہوتا ہے۔

اس طرح کسی ولی کامل پر پی ایچ ڈی کرکے بھی آپ کی شخصیت جہاں تھی،وہیں منجمدوساکن رہے گی۔ اپنے آپ کو کسی غوث وقطب کے زندگی نامہ کا انسائیکلوپیڈیا بنا نا الگ بات ہے اورکسی کے اوصاف حسنہ کو اپنانا الگ بات ہے۔علم الگ ہے اور عمل الگ۔

عہد ماضی میں خانقاہوں میں حضرات اولیاے کرام علیہم الرحمۃ والرضوان سلوک ومعرفت کے طلب گاروں کو اپنی زندگی کی حکایات وواقعات نہیں سناتے تھے،بلکہ انہیں اورادووظائف اورنوافل ومستحبات میں مشغول رکھتے، اور ان کی نگرانی فرماتے،یہاں تک کہ مرید بھی باکمال ہوجاتا۔

فرض وواجب عبادات واحکام اور مؤکدہ سنتیں تمام مسلمانوں کو ادا کرنا ہی ہے۔ فرائض وواجبات اور مؤکدہ سنتوں کے بعد بہت سے امور مستحبات ونوافل میں سے ہیں۔ان مستحبات ونوافل کے بھی بڑے فضائل ہیں اور ہماری روحانی ترقی اورصفائے باطن میں ان نوافل ومستحبات کا بڑاعمدہ کردارہوتا ہے۔

اللہ ورسول(عزوجل وصلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم) نے ہمیں صالحین کے نقش قدم پرچلنے کا حکم فرمایا تو کسی صالح کی سیرت ومعمولات پر عمل سے قبل ان کی سیرت ومعمولات سے آشنائی ضروری ہے،پس آپ صالحین کی سیرت کا مطالعہ کریں، پھر غور کریں کہ ان کی کون سی عادت حسنہ وعبادت نافلہ پرآپ عمل کرسکتے ہیں۔ آپ اسے اختیار کر لیں،پھر اسی پر قائم رہیں۔اپنی توجہ ان صالحین کی عملی زندگی کی طرف پھیر دیں،جن کے نقش قدم کا اتباع آپ کرنا چاہتے ہیں۔

صالحین کی عملی زندگی کا مطالعہ عمل واتباع کے عزم وارادہ کے ساتھ کرنا چاہئے۔نیت درست رکھیں۔

(انما الاعمال بالنیات-وانما لکل امرئ ما نوی (صحیح بخاری:حدیث اول ترجمہ:حضوراقدس سیدعرب وعجم مالک رقاب امم تاج دار حرم صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: عمل کی بنیاد نیتوں پر ہے،اور ہر ایک کے لیے وہی ہے جو اس نے نیت کی۔

 توضیح :دربار الٰہی سے بندہ کووہی ملتا ہے جو اس کی نیت میں ہوتا ہے۔آج صالحین کی سیرت وسوانح پڑھنے کا مقصد محض علم ومعرفت ہے توعلم آتا ہے،اورعمل غائب رہتا ہے۔ ”جیسی نیت:ویسی برکت“۔

عہد حاضرمیں تصحیح نیت کی ضرورت ہے۔صالحین کا ذکر ان کے نقش قدم پر عمل کی نیت سے کیا جائے اور قوم کے سامنے ان کے فضائل وکمالات کے ساتھ ان کی عملی زندگی پیش کی جائے اور عمل کی ترغیب دی جائے۔

اللہ تعالیٰ سے جوبندہ دین ودنیا دونوں طلب کرتا ہے،اللہ تعالیٰ اسے دونوں جہاں کی نعمتیں عطا فرماتا ہے اور جوبندہ صرف دنیا طلب کرتا ہے تو آخرت میں اس کا کوئی حصہ نہیں ہوتا:”جیسی نیت:ویسی برکت“۔

ارشاد الٰہی ہے: فَمِنَ النَّاسِ مَن یَّقُولُ  رَبَّنَآ اٰتِنَا فِی الدُّنیَا وَمَا لَہٗ فِی الاٰخِرَۃِ مِن خَلَاقٍ::وَمِنہُم مَن یَّقُولُ رَبَّنَآ اٰتِنَا فِی الدُّنیَا حَسَنَۃً وَّفِی الاٰخِرَۃِ حَسَنَۃً وَّقِنَا عَذَابَ النَّارِ (سورہ بقرہ:آیت 200,2001)۔

ترجمہ:اورکوئی آدمی یوں کہتا ہے کہ اے رب ہمارے ہمیں دنیا میں دے اور آخرت میں اس کا کچھ حصہ نہیں،اور کوئی یوں کہتا ہے کہ اے رب ہمارے ہمیں دنیا میں بھلائی دے اور ہمیں آخرت میں بھلائی دے، اور ہمیں عذاب دوزخ سے بچا۔(کنز الایمان)۔

توضیح :منقوشہ بالا آیات مقدسہ سے ہمیں یہ سبق ملتا ہے کہ صالحین کی سیرت وسوانح کا مطالعہ یا سماعت علم وعمل دونوں کی نیت سے ہونا چاہئے،تاکہ دونوں ہمیں مل سکے۔اگر ہم نے محض علم وآشنائی کا قصد کیا ہے تو علم آجاے گا،لیکن عمل کی طرف ہمارا قلب وذ ہن راغب نہ ہوسکے گا:”جیسی نیت:ویسی برکت“۔ آج بھی جو اتباع وعمل کی نیت رکھتے ہیں،وہ صالحین کے نقش قدم پرعمل پیرا ہوتے ہیں اور فیض پاتے ہیں

تحریر: طارق انور مصباحی

مدیر: ماہناہ پیغام شریعت دہلی

اعزازی مدیر: افکار رضا

www.afkareraza.com

ONLINE SHOPPING

گھر بیٹھے خریداری کرنے کا سنہرا موقع

  1. HAVELLS   
  2. AMAZON
  3. TATACliq
  4. FirstCry
  5. BangGood.com
  6. Flipkart
  7. Bigbasket
  8. AliExpress
  9. TTBazaar

 

afkareraza
afkarerazahttp://afkareraza.com/
جہاں میں پیغام امام احمد رضا عام کرنا ہے
RELATED ARTICLES

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here

Most Popular

Recent Comments

قاری نور محمد رضوی سابو ڈانگی ضلع کشن گنج بہار on تاج الشریعہ ارباب علم و دانش کی نظر میں
محمد صلاح الدین خان مصباحی on احسن الکلام فی اصلاح العوام
حافظ محمد سلیم جمالی on فضائل نماز
محمد اشتیاق القادری on قرآن مجید کے عددی معجزے
ابو ضیا غلام رسول مہر سعدی کٹیہاری on فقہی اختلاف کے حدود و آداب
Md Faizan Reza Khan on صداے دل
SYED IQBAL AHMAD HASNI BARKATI on حضرت امام حسین کا بچپن