Friday, November 22, 2024
Homeحدیث شریفتکبر و غرور کی گمراہیاں

تکبر و غرور کی گمراہیاں

تحریر: محمد ہاشم قادری مصباحی،جمشید پور تکبر و غرور کی گمراہیاں

تکبر و غرور کی گمراہیاں

تکبر و غرور کی گمراہیاں اور تباہ کاریاں انسانی زندگی کے آغاز حضرت آدم علیہ السلام کے زمانے سے ہی موجود رہی ہیں۔

دنیا میں صرف مذہب اسلام ہی واحد مذہب ہے جو اس گناہِ عظیم سے بچنے کا راستہ بتاتا ہے،اور وہ راستہ ، اللہ کی فرماں برداری کا راستہ ہے ،آج کل دنیا میں جو فسادات جاری ہو رہے ہیں تکبر اور بے جا احساس برتری اس کی خاص وجہ ہے

اور اسلامی تعلیمات کی طرف واپسی و عمل ہی اس کا واحد علاج ہے ۔ تکبر میں مبتلا شخص اللہ تعالیٰ کی عطا کردہ نعمت و انعام کو اپنا ذاتی کمال و وصف (خوبی) سمجھنے لگتا ہے۔

قرآن کریم میں ابلیس کا قصہ بار بار ذکر ہوا ہے ،اسے اللہ تعالیٰ نے آگ سے پیدا کیا ،ظاہر ہے اس میں اس کا کوئی ذاتی کمال نہ تھا ،لیکن اس نے اسی کو وجہہ افتخار (گھمنڈ) بنا لیا جس سے مغلوب ہو کر اللہ کے حکم سے سرتابی (سرکشی ،نا فرمانی) کر بیٹھا اور بندگی کے حق کو ادا نہ کر سکا، گھمنڈی لوگ اپنی خواہشات کو اپنا آلہ بنالیتے ہیں ،اللہ کا حکم جہاں اپنی مرضی کا ہوتا ہے اسے مان لیتے ہیں اور اس کی پیروی کرتے ہیں ۔

لیکن جہاں ان کی مرضی کے خلاف ہوتا ہے وہاں اپنے لوگ یا تو محض اپنی خواہشات کے بندے بن جا تے ہیں، اللہ کے حکم کے خلاف کرتے ہیں، آخرت سے غفلت تکبر و غرور و گھمنڈ پیدا ہونے کی ایک خاص وجہہ ہے۔

اللہ تعالیٰ تکبر کرنے والوں کو پسند نہیں فرماتا

ارشادِ باری تعالیٰ ہے وَلَا تُصَعِّرْ خَدَّکَ لِلنَّاسِ وَلَا تَمْشِ فِیْ الْاَرْضِ مَرَحًا ۔ اِنَّ للّٰہَ لَا یُحِبُّ کَلَّ مُخْتَالٍ فَخُوْرٍ(القرآن،سورہ،لقمن،31:آیت 18) “کنز الایمان” بے شک اللہ کو کوئی تکبر کرنے والا پسند نہیں اور کسی سے بات کرنے میں اپنا چہرہ کج نہ کر (گال نہ پھلا گردن نہ ٹیڑھی کر)اور زمین مین اتراتا نہ چل بے شک اللہ کو کوئی تکبر کرنے والا پسند نہیں ،تکبر کی چال خراب ہے ،اندرونی عظمت پر اکڑنا فخر ہے ،غرور ہے

جیسے (1) علم (2) حسن (3) خوش آوازی (4) حسب و نسب (5) وعظ کہنا بیرونی عظمت پر اکڑنا اختال ہے (حد غرور) جیسے مال جائداد لشکر نوکر چاکر وغیرہ ،نہ ذاتی کمال پر اترانا ،نہ بیرونی فضائل پر اترانا کیوں کہ یہ چیزیں تیری اپنی نہیں ہیں رب کی جانب سے ہیں

جب چاہے لے لے ، اس لیے تکبر نہ کر اور لوگوں کو حقیر نہ سمجھ جب لوگ تجھ سے ہم کلام ہوں تو تو ان سے منھ نہ پھیر لے، یا گال پھلا کر یا گردن گھما کر بات نہ کر، صَعِّر ایک بیماری ہے جو اونٹ کے گردن میں ہوتی ہے جس سے اس کی گردن مڑ جاتی ہے

یہاں بطور تکبر و غرور منھ پھیر لینے کے معنیٰ میں استعمال ہوا ہے جو لوگ عظمت و بڑائی منھ بسورنے اور تیوری چڑھائے رکھنے میں سمجھتے ہیں وہ تکبر و غرور میں بھرے ہوئے رہتے ہیں ،اور قرآن پاک میں اس کو ایک بیماری بتایا گیا ہے جیسا اس آیت میں ظاہر ہو رہا ہے (تفسیر ابن کثیر و تفسیر خزائن العرفان)۔

تکبر و غرور گھمنڈ نہ کرنا ایمان کی علامت ہے
قرآن کریم ارشاد فرما رہا ہے جو لوگ تکبر نہیں کرتے انہیں کو قرآن کی باتیں سمجھ میں آتی ہیں ارشاد با ری تعالیٰ ہے ترجمہ: پس ہماری آیتوں پر تو وہ لوگ ایمان لاتے ہیں کہ جب ان کو وہ آیتیں سنائی جاتی ہیں تو وہ سجدہ میں گر پڑتے ہیں اور اپنے رب کی تسبیح و تحمید(تعریف ، حمد و ثنا) کرنے لگتے ہیں اور وہ لوگ تکبر نہیں کرتے۔ (القرآن،سورہ،سجدہ32:آیت 15) کنز الایمان

تکبر کیا ہے اس کی وضاحت مسلم شریف کی ایک حدیث سے بخوبی ہوتی ہے
ترجمہ :۔ حضرت عبد اللہ بن مسعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت رسول اللہ ﷺ نے فرمایا وہ شخص جس کے دل میں ذرہ برابر بھی تکبر ہوگا جنت میں نہیں جا سکے گا،اس پر ایک شخص نے پوچھا آدمی چاہتا ہے اس کے کپڑے اور جوتے اچھے ہوں ،آپ ﷺ نے فرمایا یہ تکبر نہیں اللہ تعالیٰ صاحبِ جمال و کمال ہے اور جمال و کمال کو پسند فرماتا ہے بلکہ تکبر کے معنٰی ہیں اللہ کے حق کو ادا نہ کرنا اس کے حکم سے سرتابی (خلاف ورزی ) کرنا اور خدا کے بندوں کو حقیر جاننا ۔

کائنات کی ہر چیز اللہ رب العزت کی فرماں بردار ہے عظیم کہکشاؤں ،ستاروں اور سیاروں سے لے کر ایک چھوٹے سے چھوٹے ذرے اور اس کے ذرات تک سبھی اللہ واحد کے بتائے ہوئے راستے پر اس کی دی ہوئی ہدایت کے مطابق چل رہے ہیں ارشاد باری تعالیٰ ہے- یُدَبِّرُ الْاَمْرَ مِنَ السَّمَآءِ اِلَی الْاَرْضِ ،وہ آسمان سے لے کر زمین تک ہر امر کی تدبیر کرتا ہے ،انسان کے بدن کا ذرہ ذرہ (ہر خلیہ اور ( بھی براہ راست اسی رب کریم کی ہدایت کے مطابق کام کر رہا ہے (القرآن،سورہ،سجدہ32:آیت 5)کنز الایمان

آسمان و زمین کا سب پہلا اور سب سے بڑا گناہ تکبر اور اس کی گمراہی ابلیس نسلی برتری میں مبتلا تھا اسی احساس کی وجہہ کر وہ قصداً اپنے رب العزت کی نا فرمانی کر بیٹھا اور ضلالت کے گڑھے میں گرتا چلا گیا

اللہ کے حکم کی نافرمانی کرتے ہوئے جب ابلیس نے حضرت آدم علیہ السلام کو سجدہ نہیں کیا تو حق تعالیٰ نے فرمایا قَالَ مَا مَنَعَکَ اَلَّا تَسْجُدَ اِذْ اَمَرْتُکَ تو سجدہ نہیں کرتا تجھے اس سے کس نے روکا کہ میں حکم دے چکا ہوں ،کہنے لگا میں آدم سے بہتر ہوں تو نے مجھے آگ سے پیدا کیا حق تعالیٰ نے کہا تو یہاں سے نکل جا تجھ کو کوئی حق نہیں پہونچتا کہ تو تکبر کرے تو نکل جا بے شک تو ذلیلوں میں شمار ہو نے لگا -(القرآن،سورہ اعراف7,آیت،12,13) کنز الایمان

اس پھٹکار کے بعد بھی ابلیس نے نسلی تعصب ترک نہیں کیا تکبر کی گمراہیوں میں وہ اور اس کے چیلے پڑے ہو ئے ہیں ،مذہب اسلام اور سرور کائنا تﷺ کے بتائے ہوئے راستے پر چل کر عمل پیرا ہو کر ہی تکبر سے بچنے کا واحد راستہ ہے واحد علاج ہے ۔
تکبر کے اسباب

تکبر و غرور کی گمراہیاں


علما اور مفسرین فرماتے ہیں تکبر کے بہت اسباب ہیں

۔(1) تکبر کا پہلا سبب علم ہے :۔ بہت کم ہی علما ہیں جو تکبر سے خالی ہیں حضور پر نور ﷺ کا ارشاد گرامی ہے ہر چیز کے لیے کوئی نہ کوئی آفت ہے علم کی آفت تکبر ہے آ فتۃ العلم الخیلاء ،تکبر علم کی آفت ہے ،صوفیاے کرام فرماتے ہیں جس علم سے تکبر پیدا ہو وہ علم جہل سے بھی بد تر ہے

کیوں کہ حقیقی علم وہ ہے جتنا بڑھے گا خوف الٰہی اتنا ہی بڑھے گا کیوں کہ ارشاد ربانی ہے ، سورہ فاطر،35 ، آیت نمبر 27 ،اِنَّمَا یَخْشَی اللّٰہَ مِنْ عِبَادِہِ الْعُلَمآءُ – ترجمہ: اللہ سے اس کے بندوں میں وہی ڈرتے ہیں جو علم والے ہیں-(القرآن،سورہ،فاطر35: آیت27) “کنز الایمان”
بندوں سے مراد ساری مخلوق و انسان ہیں اس معلوم ہوا کہ علماء دین بہت مرتبہ والے ہیں کہ رب نے اپنی خشیت و خوف ان میں منحصر فرمایا جسے بھی خوف خدا نصیب ہو گا وہ سچے عالموں کے ذریعہ مگر مراد علم والوں سے وہ ہیں جو دین کا علم رکھتے ہیں جن کے عقائد و اعمال درست ہوں تفسیر نور العرفان، میں ہے ،ص 698

۔(2) تکبر کا دوسرا سبب زہد و تقویٰ عبادت و پرہیزگاری میں پایا جاتا ہے :۔قرآن بیان فرماتا ہے
ترجمہ : جو لوگ میری عبادت پر تکبر کرتے ہیں وہ بہت ذلیل ہو کر جہنم میں داخل ہوں گے (القرآن،سورہ مومن،40:آیت29)۔

۔(3) تکبر کا تیسرا سبب خاندان و نسب پر فخر کرنا

تکبر کی یہ بیماری بہت عام ہے چنانچہ حضرت ابو ذر غفاری رضی اللہ تعالیٰ عنہ ٗ فرماتے ہیں کسی آدمی سے میرا جھگڑا ہوا میں نے اے ابن سودا اسے کالی عورت کے بیٹے کہہ کر پکارا۔

حضور ﷺ نے یہ سن کر فرمایا کہ اے ابو ذر یہ مت بھولو کسی گوری کے بیٹے کو کالی کے بیٹے پر فضیلت نہیں ہے یہ سننا تھا کہ مجھ پر خوف طاری ہوا ،اسی وقت میں اس آدمی کے پاس پہنچا اور کہا ۔اٹھو اور اپنا پیر میرے منھ پر رکھو تاکہ میرے قول کا بدلہ ہو جائے ۔(سبحان اللہ سبحان اللہ یہ تھا صحابی کا عمل ،ہم سب کو اپنا محاسبہ کرنا چاہئیے )۔

۔(4) تکبر کا چوتھا سبب ہے خوبصورتی اور حسن و جمال:۔حسن و جمال سے غرور گھمنڈ پیدا ہوتا ہے ،اس مرض میں خوبصورت مرد بھی گرفتار رہتے ہیں ،مگر عورتیں سب سے زیادہ اس مرض میں گرفتار رہتی ہیں ،کم صورتی پر طنز کرنا اور جسم کی نا ہمواری پر مذاق اڑانا عام بات ہے ۔
۔(5) تکبر کا پانچواں سبب مال و زر ہے :۔ دولتمند لوگ غریبوں کو حقارت کی نظر سے دیکھتے ہیں اپنی بڑائی اور گھمنڈ میں مست رہتے ہیں۔

غرور کرنے والوں کو اللہ تعالیٰ ہدایت نہیں دیتا

جو لوگ غرور تکبر کی روش اپنائے رہتے ہیں بطور سزا ایسے لوگوں کو کتاب الٰہی قرآن پاک کے سمجھنے کی توفیق سے محروم کر دیتا ہے۔تفسیر ضیاء القرآن جلد 2 صفحہ 8 میں ہے

ارشاد باری تعالیٰ ملاحظہ فرمائیں غرور گھمنڈ کرنے والے اپنی آخرت کے بارے میں فکر کریں؟ سَاَصْرِفُ عَنْ آیٰتِیَ الَّذِیْنَ یَتَکَبَّرُوْنَ فِیْ الْاَرْضِ بِغَیْرِ الْحَقِّ-(القرآن،سورہ اعراف،7:آیت 14کنز الایمان۔

اور اپنی آیات سے میں انہیں پھیر دوں گا جو زمین پر ناحق اپنی بڑائی چاہتے ہیں (تفسیر کتاب الرعایہ ،تفسیر ابن کثیر ) ۔

حضرت عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہ فرماتے ہیں کہ رب فرماتا ہے کہ اپنی آیتوں سے ان لوگوں کو پھیر دوں گا جو زمین میں فضول بے جا اور ناحق بات پر تکبر
کرتے ہیں اور اترائے جاتے ہیں۔

تفسیر میں ہے متکبرین کے قلوب (دل) سے فہم قرآن اٹھا لیا جائے گا ،اور عالم ملکوت اور ان کے قلوب کے درمیان حجاب (پردہ) پیدا کر دیا جاتا ہے ،غرور کی وجہہ کر ان کو آیات الٰہی میں غور و فکر سے پھیر دیا جاتا ہے ۔

اللہ پاک تکبر کرنے والوں کے دل پر مہر لگا دیتا ہے :۔ ارشاد ربانی ہے کَبُرَ مَقْتًا عِنْدَ اللّٰہِ وَعِنْدَ الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا ،کس قدر سخت بیزاری کی بات ہے اللہ کے نزدیک اور ایمان والوں کے نزدیک ،اللہ تعالیٰ تکبر کرنے والوںکے دل پر مہر لگا دیتا ہے کنز الایمان

گھمنڈ کرنے والے غور کریں اللہ کی جانب سے کتنا سخت عذاب ہے رب العزت کا حکم ہے ، کَذٰلِکَ یَطْبَعُ اللّٰہُ عَلیٰ کُلِّ قَلْبِ مُتَکَبِّرٍ جَبَّارٍ ترجمہ: اللہ یوں ہی مہر کر دیتا متکبر سرکش کے سارے دل پر( القرآن،سورہ مومن،40:آیت35)”کنز الایمان”(استغفر اللہ ، استغفر اللہ ،)اللہ بچائے تکبر و غرور سے ،اٰمین

،تکبر ہی نے ابلیس کے دل میں حسد کی آگ بھڑ کائی اور حکم خدا کا انکار کر دیا اور تمام عبادات اس کی برباد کر دی گئیں۔”تفسیر نور العرفان، جلد اول ،ص 2 میں ہے” اس نادان ابلیس کو یہ سمجھ نہ آئی کہ آدم علیہ السلام کے سر پر نور محمدی ﷺ کی کرنیں ہیں ، آج بھی بعض لوگ ظاہری شریعت حضور کی دیکھتے ہیں ،حقیقت محمدی کے نور کے نہیں دیکھتے ۔

دلِ بینا بھی کر خدا سے طلب
آنکھ کا نور دل کا نور نہیں


ابلیس سے نافرمانی غرور کی وجہ سے ہوئی تو وہ اس پر اکڑ گیا اور ابدی شقاوت کا شکار ہو گیا ،حکم الٰہی ہو انکل جا یہاں سے ،ہماری بارگاہِ رحمت میں صرف ان کیلئے جگہ ہے جو ہمارے حکم کو مانے اکڑی اکڑی
گردن والوں کے لیے یہاں جگہ نہیں ،حدیث پاک میں ہے،حضرت ابن مسعود فرماتے ہیں کہ حضور ﷺ نے فرمایا ،جس کے دل میں رائے کے دانہ جتنا غرور ہو گا اس پر جنت کے دروازے بند ہوں گے

صاغر اس ذلیل اور حقیر کو کہتے ہیں جو اپنی ذلت اور پستی پر خوش ہوتا ہے شیطان کس مقامِ عزت پر فائز تھا اور جب حکم الٰہی کی سرتابی کی تو ذلت و رسوائی کی پستیوں میں پھینک دیا گیا۔
(تفسیر ضیاء القرآن جلد 2ص14)

تکبر کرنے والوں کو عبرتناک سزا کا اعلان خداوندی ،فَا دْخُلُوْٓا اَبْوَابَ جَہَنَّمَ خٰلِدِیْنَ فِیْھَا فَلَبِئسَ مَثْوَ ی الْمُتَکَبِّرِیْنَ -ترجمہ: اب جہنم کے دروازوں میں داخل ہو جاؤ کہ ہمیشہ اس میں رہو تو کیا ہی برا ٹھکانہ ہے مغروروں کا-(القرآن،سورہ نحل,16:آیت 29)”کنز الایمان”۔

تفسیر نور العرفان میں ہے

۔(1) انسان کا تکبر جھوٹا ہے اسی لئے جرم ہے

۔(2) جو غرور نبی و رسول کے مقابلے میں ہو وہ جرم ہے

۔(3)اللہ تعالیٰ کی کبریائی برحق ہے لہٰذا اس کیلئے تکبر صفاتِ کریمہ میں سے ہے

۔(4) مسلمان بھائیوں سے تکبر و غرور حرام ہے

۔(5) اللہ و رسول کے سامنے تکبر کفر ہے

۔(6) بڑائی حق بھی ہوتی ہے اور نا حق بھی ،جہاد میں کفار کے مقابل اپنی شان بتانا اور دکھانا حق والی بڑائی ہے جو کہ عبادت ہے ،ثواب ہے

۔(7) مسلمانوں کے مقابل شیخی مارنا اور ناحق بڑائی مارنا حرام ہے

۔(8) اولیا اللہ اور انبیاے کرام کے مقابل بڑائی کفر ہے اور شیطان کا طریقہ ہے ،یہاں یہی بڑائی مراد ہے ،معلوم ہوا غرور وہ آگ ہے جو دل و دماغ کی تمام قابلیتوں کو جلا کر برباد کر دیتی ہے ،اللہ کی پناہ تکبر نے ہی ابلیس کے دل میں حسد کی آگ بھڑکائی اور اس کی تمام عبادات برباد کر کے رکھ دی ۔

تکبر کی مذمت قرآن میں

 ترجمہ:اور زمین میں تکبر اور خود نمائی سے نہ چل ،بے شک تو ہرگز زمین نہ چیر ڈالے گا اور ہرگز بلندی میں پہاڑوں کے برابر نہ ہوگا ( القرآن،سورہ،بنی اسرائیل،17:آیت 37)” کنز الایمان ۔

اللہ تعالیٰ نے انسان کو سوچنے سمجھنے کی صلاحیت اسی لئے دی ہے کہ وہ شکر گزار اورفرماں بردار بندہ بن کر زندگی گزارے ۔جو انسان ان صلاحیتوں کا صحیح استعمال نہ کرے اسے محض کسی خاص خاندان میں پیدا ہونے کی وجہ اشرف (بڑا) نہیں کہا جا سکتا تقویٰ انسان کی بڑائی کا واحد معیار ہے ۔

اللہ تعالیٰ ہم تمام مسلمانوں کو بڑائی ،گھمنڈ ،خود نمائی ،غرور ،تکبر جیسی موذی گناہِ عظیم سے بچنے کی توفیق رفیق عطا فرمائے اٰمین ثم اٰمین

نوٹ:۔ تمام قارئین سے اپیل کرتا ہوں مضمون کو پڑھ کر دوسرے مومن بھائی کو ضرور پڑھنے کے لیےترغیب دیں ،دین پھیلانے کا ثواب ملے گا

تحریر:محمد ہاشم قادری مصباحی
خطیب و امام مسجد ہاجرہ رضویہ
اسلام نگر، کپالی،پوسٹ:پارڈیہہ،مانگو، جمشیدپور
(جھارکھنڈ)پن 831020

رابطہ :09279996221

اس مضمون کو بھی پڑھیں تکبر و گھمنڈ کی نحوست احادیث کی روشنی ہے

ONLINE SHOPPING

گھر بیٹھے خریداری کرنے کا سنہرا موقع

  1. HAVELLS   
  2. AMAZON
  3. TATACliq
  4. FirstCry
  5. BangGood.com
  6. Flipkart
  7. Bigbasket
  8. AliExpress
  9. TTBazaar
afkareraza
afkarerazahttp://afkareraza.com/
جہاں میں پیغام امام احمد رضا عام کرنا ہے
RELATED ARTICLES

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here

Most Popular

Recent Comments

قاری نور محمد رضوی سابو ڈانگی ضلع کشن گنج بہار on تاج الشریعہ ارباب علم و دانش کی نظر میں
محمد صلاح الدین خان مصباحی on احسن الکلام فی اصلاح العوام
حافظ محمد سلیم جمالی on فضائل نماز
محمد اشتیاق القادری on قرآن مجید کے عددی معجزے
ابو ضیا غلام رسول مہر سعدی کٹیہاری on فقہی اختلاف کے حدود و آداب
Md Faizan Reza Khan on صداے دل
SYED IQBAL AHMAD HASNI BARKATI on حضرت امام حسین کا بچپن