Friday, November 22, 2024
Homeنعتنعت مصطفی

نعت مصطفی

حسان الھند امام احمد رضا خاں قادری بریلوی رضی اللُّہ تعالیٰ عنہ کے مبارک دیوان حدائق بخشش سے یہ خوبصورت نعت مصطفی صلی اللّہ علیہ وسلم ہیں

کس کے جلوے کی جھلک ہے یہ اجالا کیا ہے

ہر طرف دیدئہ حیرت زدہ تکتا کیا ہے

مانگ من مانتی منھ مانگی مُرادیں لے گا

نہ یہاں نا ہے نہ منگتا سے یہ کہنا کیا ہے

ہند کڑوی لگے ناصح سے ترش ہواے نفس

زہر عِصیاں میں سِتمگر تجھے میٹھا کیا ہے

ہم ہیں ان کے وہ ہیں تیرے تو ہوئے ہم تیرے

اس سے بڑھ کر تِری سمت اور وسیلہ کیا ہے

ان کی امت میں بنایا انھیں رحمت بھیجا

یوں نہ فرماکہ ترا رحم میں دعوی کیا ہے

صدقہ پیارے کی حیا کا کہ نہ لے مجھ سے حساب

بخش بے پوچھے لجائے کو لجانا کیا ہے

زاہد اُن کا میں گنہگار وہ میرے شافع

اتنی نِسبت مجھے کیا کم ہے تو سمجھا کیا ہے

بے بسی ہو مجھے پرسش اعمال کے وقت

دوستو! کیا کہوں اُس وقت تمنّا کیا ہے

کاش فریاد مری سُن کے یہ فرمائیں حضور

ہاں کوئی دیکھو یہ کیا شور ہے غوغا کیا ہے

کون آفت زدہ ہے کِس پہ بلا ٹوٹی ہے

کِس مصیبت میں گرفتار ہے صدمہ کیا ہے

کِس سے کہتا ہے کہ للّہ خبر لیجئے مِری

کیوں ہے بیتاب یہ بے چینی کا رونا کیا ہے

اس کی بے چینی سے ہے خاطِرِ اقدس پہ ملال

بے کسی کیسی ہے پوچھو کوئی گزرا کیا ہے

یوں ملائک کریں معروض کہ اِک مجرم ہے

اس سے پرسش ہے بتا تو نے کیا کیا ہے

سامنا قہر کا ہے دفترِ اعمال ہیں پیش

ڈر رہا ہے کہ خدا حکم سناتا کیا ہے

آپ سے کرتا ہے فریاد کہ یا شاہِ رُسل

بندہ بے کس ہے شہا رحم میں وقفہ کیا ہے

اب کوئی دَم میں گرفتار بلا ہوتا ہے

آپ آ جائیں تو کیا خوف ہے کھٹکا کیا ہے

سن کے یہ عرض مِری بحرِ کرم جوش میں آئے

یوں ملائک کو ہو ارشاد ٹھہرنا کیا ہے

کس کو تم موردِ آفات کِیا چاہتے ہو

ہم بھی تو آکے ذرا دیکھیں تماشا کیا ہے

ان کی آواز پہ کر اٹّھوں میں بے ساختہ شور

اور تڑپ کر یہ کہوں اب مجھے پَروا کیا ہے

لو وہ آیا مِرا حامی مِرا غم خوار امم

آگئی جاں تنِ بے جاں میں یہ آنا کیا ہے

پھر مجھے دامنِ اقدس میں چھپالیں سرور

اور فرمائیں ہٹو اس پہ تقاضا کیا ہے

بندہ آزاد شدہ ہے یہ ہمارے در کا

کیسا لیتے ہو حساب اس پہ تمھارا کیا ہے

چھوڑ کر مجھ کو فرشتے کہیں محکوم ہیں ہم

حکم والا کی نہ تعمیل ہو زہرہ کیا ہے

یہ سماں دیکھ کے محشر میں اٹھے شور کہ واہ

چشمِ بد دور ہو کیا شان ہے رتبہ کیا ہے

صدقے اس رحم کے اس سایئہ دامن پہ نثار

اپنے بندے کو مصیبت سے بچایا کیا ہے

اے رضا جانِ عنادِل تِرے نغموں کے نثار

بلبلِ باغِ مدینہ تِرا کہنا کیا ہے

علامہ حسن رضا خاں بریلوی کا کلام پڑھیں

دوسرے ویب سائٹ میں نعت پاک پڑھیں

afkareraza
afkarerazahttp://afkareraza.com/
جہاں میں پیغام امام احمد رضا عام کرنا ہے
RELATED ARTICLES

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here

Most Popular

Recent Comments

قاری نور محمد رضوی سابو ڈانگی ضلع کشن گنج بہار on تاج الشریعہ ارباب علم و دانش کی نظر میں
محمد صلاح الدین خان مصباحی on احسن الکلام فی اصلاح العوام
حافظ محمد سلیم جمالی on فضائل نماز
محمد اشتیاق القادری on قرآن مجید کے عددی معجزے
ابو ضیا غلام رسول مہر سعدی کٹیہاری on فقہی اختلاف کے حدود و آداب
Md Faizan Reza Khan on صداے دل
SYED IQBAL AHMAD HASNI BARKATI on حضرت امام حسین کا بچپن